Inquilab Logo

اس سال ۷۵؍فیصد نصاب اوراضافی وقت کی سہولت ختم

Updated: June 22, 2022, 10:08 AM IST | saadat khan | Mumbai

کورونا وباءپر قابو پانےاور روایتی طور پر اسکول شروع ہونے کے ساتھ ہی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے نئے تعلیمی سال میں طلبہ کیلئے ۱۰۰؍فیصد نصاب پڑھنالازمی قرار دیا جبکہ امتحانات کے دوران پرچہ حل کرنے کےلئے انہیں ۳؍گھنٹے کا ہی وقت دیا جائےگا،تعلیمی تنظیموں نے فیصلے کا خیر مقدم کیا

In the new academic year, students will be given only 2 hours to solve 3 marks. (File photo)
نئے تعلیمی سال میں طلبہ کو ۱۰۰؍مارکس کا پرچہ حل کرنے کےلئے ۳؍گھنٹوں کا ہی وقت دیا جائےگا۔(فائل فوٹو)

کووڈ ۱۹؍ کی وجہ سے مہاراشٹر اسٹیٹ بور ڈ آف سکینڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن پونے نے۲؍سال تک دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحان۷۵؍فیصد نصاب کی بنیادپر منعقد کیاتھا۔  اب کورونا کی وباءپر قابو پا لیا گیا ہے اور روایتی طور پر اسکول شروع ہونے کے ساتھ ہی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے تعلیمی سال ۲۳۔۲۰۲۲ءکیلئے ۷۵؍فیصد نصاب اور امتحان میں پیپر حل کرنےکیلئے اضافی وقت دیئے جانے کی سہولت ختم کرنےکا اعلان کیاہے ۔اب طلبہ کو ۱۰۰؍مارکس کا پیپر ۳؍گھنٹے میں حل کرنا ہوگا۔
  واضح رہےکہ کورونا کی وجہ سے تقریباً ۲؍  سال تک اسکول روایتی طورپر شروع نہیں ہوسکے تھے ۔ متعدد اضلاع میں اسکول مکمل طورپر بند تھے۔ اسکول بندہونےسےطلبہ کوآن لائن تعلیم دیئے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ مگر کئی اضلاع میں انٹرنیٹ، نیٹ ورک اور آن لائن پڑھائی کیلئے دیگر وسائل کے نہ ہونےسے طلبہ کو پڑھائی کرنےمیں دشواری ہورہی تھی۔ اس وجہ سے اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ ( ایس سی ای آر ٹی ) نے اوّل تابارہویں جماعت کے نصاب کو ۲۵؍فیصدکم کر کے طلبہ کو ۷۵؍ فیصد نصاب کی پڑھائی کرنےکی سہولت فراہم کی تھی۔ اس سہولت سے طلبہ کو فائدہ پہنچا تھا۔ طلبہ نے ۷۵؍فیصد نصاب مکمل کرکے امتحان کی تیاری کی تھی جس سے ان کے نمبرات میں اضافہ ہواتھا۔  اب نئے تعلیمی سال، ۲۳۔۲۰۲۲ء جس کا آغاز ۱۳؍جون سے ہوا ہے،سے دسویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ کو مذکورہ سہولیات فراہم نہیں کی جائیں گی۔ انہیں ۱۰۰؍ فیصد نصاب کےمطابق اپنے امتحان کی تیاری کرنی ہوگی۔
  اسٹیٹ بورڈ کے صدر شرد گوساوی نے بتایاکہ ’’کووڈ کے دوران ہونےوالی آن لائن پڑھائی سے طلبہ کی لکھنے کی عادت چھوٹ گئی تھی۔ اس کی وجہ سے طلبہ کا تعلیمی نقصان نہ ہو اس لئے اسٹیٹ بورڈ نے طلبہ کو دسویں اور بارہویں کے امتحان کےدوران سوالیہ پرچہ حل کرنےکیلئے ۱۵؍ تا ۳۰؍ منٹ کا اضافی وقت بھی دیاتھالیکن اب یہ سہولت نہیں دی جائے گی۔ طلبہ اس بات کوذہن نشین کرلیں۔اب طلبہ کو ۱۰۰؍فیصد نصاب کی پڑھائی کے ساتھ۱۰۰؍مارکس کے پیپر کو ۳؍ گھنٹے میں حل کرنا ہوگا۔لہٰذا طلبہ بو رڈ امتحان کی تیاری اسی فارمولے کے مطابق کریں۔‘‘
 مہاراشٹر شکشک سینا کےصدر کے پی نائیک نے اس تعلق سے کہاکہ ’’ کورونا کے کیسز جس طرح کم زیادہ ہورہےہیں انہیں دیکھتے ہوئے بورڈ کی طرف سے اس طرح کا اعلان کیا جانا قبل ازوقت ہےلیکن ساتھ ہی ہم اس فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ بورڈ امتحان کیلئے ۷۵؍فیصد نصاب اور پیپر کے حل کیلئے اضافی وقت کی سہولت ختم کیاجانا صحیح فیصلہ ہے۔ آئندہ سال ہونےوالے بور ڈ امتحان میں طلبہ کو ۱۰۰؍مارکس کا پیپر۳؍گھنٹے میں حل کرنا ہوگا۔ اس پابندی سےطلبہ کی صلاحیت  میں اضافہ ہوگا  اور طلبہ میں احساس ذمہ داری کا پیدا ہونا ضروری ہے۔ پڑھائی میں کسی طرح کی رعایت نہیں دی جانی چاہئے ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK