• Fri, 06 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

حج روانگی کیلئے’سیلف بکنگ ونڈو‘ سے ۸۰؍ہزارعازمین ِ حج نےخود بکنگ کرائی

Updated: February 06, 2026, 12:02 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

بہت سے عازمین اس سہولت سے لاعلم رہے ۔حج کمیٹی کےمطابق اِن عازمین کوپریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ رہ جانے والے۲۲؍ہزار۵۰۰؍عازمین کا شیڈو ل جلد ہی جاری کیا جائے گا

The Hajj Committee of India will soon release the official schedule of available flights.Photo:INN
حج کمیٹی آف انڈیا دستیاب پروازوں کاجلد ہی باضابطہ شیڈول جاری کرے گی۔ تصویر:آئی این این

پہلی مرتبہ حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعے ۴؍دنوں (۲۹؍جنوری تا یکم فروری )کے لئے ایسا طریقہ متعارف کرایا گیا تھا جس کے ذریعے حج پر روانگی کےلئے عازمین ازخود روانگی کی تاریخوں کے لئے اپنی پسند کے مطابق ہوائی جہازوں کی بکنگ کرا سکیں۔ اس کے ذریعے حج کمیٹی آف انڈیا کے مطابق ۸۰؍ ہزار عازمین نے بکنگ کروائی ہے جبکہ مجموعی کوٹہ ایک لاکھ ۲۲؍ہزار۵۰۰؍سیٹوں میںسے ۴۲۵۰۰؍عازمین بکنگ کرانے سے رہ گئے ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا ان کواپنی طرف سے روانگی کا شیڈول جاری کرے گی ۔ اس عمل کا بہت سے عازمین کو علم ہی نہیںتھا اس لئے وہ اس سے استفادہ نہیں کر سکےمگران کوپریشان ہونے کی ضرورت نہیںہے۔ جلد ہی مرکزی حج کمیٹی کے ذریعے ان کو روانگی کا شیڈول جاری کیا جائے گا۔
 اس طریقۂ کار کا مقصد حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او شہنواز سی نے نمائندۂ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بتایاکہ عازمین اپنی سہولت کےحساب سے گنجائش اورپسند کے مطابق روانگی کی تاریخ کاازخود تعین کرتے ہوئے حج کمیٹی کی ویب سائٹ پربکنگ کرلیں۔اس سے وہ تاریخوں کی تبدیلی ، غیر ضروری خط وکتابت اور حج کمیٹی آف انڈیا کے چکر لگانے سے بچ جائیں گے۔
حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ اس نظم کا مقصد حج انتظامات میں سہولت، شفافیت ، آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانااور عازمین کو اپنی پروازیں براہ راست بک کروانے کی سہولت فراہم کرانا تھا۔اس کے لئے خواہشمند عازمین حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ اور حج سہولت ایپ پر لاگ اِن کے ذریعے استفادہ کرسکتے تھے۔ یہ سہولت مکمل طور پر اختیاری تھی لازمی نہیںمگروہ عازمین جو اس سہولت سے استفادہ نہیں کرسکے یا محدود’ سیلف بکنگ ونڈو ‘ سے محروم رہ گئے ہیں، انہیں پریشان یا مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، حج کمیٹی آف انڈیا دستیاب پروازوں میں انہیں سیٹیں الاٹ کرے گی،جلد ہی باضابطہ شیڈول جاری کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے:جوہو:فلمساز روہت شیٹی کی رہائش گاہ پر فائرنگ معاملے میں ایک اور ملزم گرفتار

کرلامیںمقیم محمداکبر خان نےانقلاب سےبات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ حج کمیٹی کی جانب سے شایدپہلی مرتبہ ایسا نظم کیا گیاتھا مگر ان کوعلم نہ ہوسکا ۔وہ اپنےرشتہ داروں کے ایک ساتھ روانگی کے لئے حج کمیٹی آف انڈیا کوپہلے ہی سفارشی خط لکھ کر درخواست کرچکےہیں کہ ۲؍ الگ الگ گروپ اور الگ الگ تاریخوں میں روانگی کےبجائے ان سب سے کی تاریخ ایک کردی جائےاور رہائش بھی ایک ہی عمارت میں کردی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اگر معلوم ہوگیا ہوتا تو وہ اپنی پسند اورسہولت کے اعتبار سے تاریخ کا تعین کرکے حج کمیٹی کی ویب سائٹ پر بکنگ کرلیتے۔‘‘ انہوں نےیہ بھی کہاکہ’’ یہ اچھا طریقہ ہے کہ عازمین حج خود سے ہی تاریخ کا تعین کریں اوراپنی سہولت کے حساب سے حج کے لئے روانہ ہوں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:آر سی بی چیمپئن: دہلی کیپیٹلز کو شکست دے کر ڈبلیو پی ایل کا تاج سر پر سجا لیا

اس سے یہ اندازہ ہورہا ہے کہ محض اکبر خان اوران کے رشتہ دار ہی نہیں بہت سے عازمین لاعلم رہے ، خاطرخواہ تشہیر نہیں کی گئی ، اسی سبب ۲۲؍ہزار ۵۰۰؍ عازمین استفادہ کرنے سے رہ گئے ۔حج کمیٹی آف انڈیا کےایک افسر کے مطابق ۸۰؍ ہزارعازمین کے بکنگ کرانے سے یہ اندازہ ہوا کہ عازمین نےاس سسٹم کو پسندکیا ہے، اس لئےآئندہ سال مزید اہتمام کےساتھ عازمین کواس طریقۂ کار سے استفادہ کا موقع دیا جائے گا اوراس کی خاطرخواہ تشہیر بھی کی جائے گی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK