Inquilab Logo Happiest Places to Work

دہلی فساد میں ماخوذ کئے گئے ۹؍ مسلم نوجوان بری، طاہر حسین کا بھائی شاہ عالم شامل

Updated: April 04, 2026, 12:01 PM IST | New Delhi

پولیس کیلئے شرمندگی کا باعث، سرزنش کا سامنا کرنا پڑا،  سیشن جج نے گواہوں کی ’دروغ گوئی ‘ اور شکایت کنندہ کے بیان سے اختلاف کا حوالہ دیا۔

Tahir Hussain`s brother Shah Alam has also been acquitted. Photo: INN
طاہر حسین کے بھائی شاہ عالم بھی بری ہوئے ہیں۔ تصویر: آئی این این

تاخیر سے ملنے والی خبر کے مطابق دہلی فساد کے ایک کیس میں  ماخوذ کئے گئے ۹؍ مسلمانوں  کو کڑکڑ ڈوماکورٹ نے پیر کو گواہوں کے بیانات میں  موجود ’’جھوٹ ‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بری کردیا۔ دہلی پولیس کیلئے شرمندگی کا باعث بننے والے اس فیصلے میں سیشن کورٹ نے جانچ کرنےوالے افسران کی سرزنش بھی کی ہے۔ بری کئے گئے افراد میں   عام آدمی پارٹی کے کونسلر طاہر حسین کے بھائی شاہ عالم بھی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ راشد سیفی، محمد شاداب، حبیب، عرفان، سہیل، سلیم، ارشاد اور اظہر کو الزامات اور مقدمہ سے نجات ملی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: مردم شماری سے قبل ہی پارلیمانی حد بندی پر تشویش

یہ مقدمہ فسادات کے دوران ایک انووا کرسٹا گاڑی پر حملہ، ایک پولیس اہلکار کی موٹر سائیکل کو نذر آتش کئے جانے، ریہڑی والوں کے ٹھیلوں کی لوٹ مار اور توڑ پھوڑ، ایک ای رکشہ کی چوری اور ایک دکان کو نذر آتش کئے جانےسے متعلق تھا۔ کڑکڑڈوما کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج پروین سنگھ نے ۲۸؍صفحات پر مشتمل اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ’’ واقعہ وزیرآباد روڈ اور یمنا وہار کے قریب پیش آیا لیکن گواہوں یعنی زخمی اور شکایت کنندہ کے مطابق یہ واقعہ اس مقام پر نہیں بلکہ چاند باغ پلیا کے آگے پیش آیا، جو اس جگہ کے قریب بھی نہیں ہے۔ ‘‘ جج نے چاند باغ میں ایک دکان کو آگ لگانے کے واقعے پر بھی پولیس کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ جج نے کہا کہ جس شخص کی دکان جلائی گئی، اس نے بتایا کہ واقعہ۲۵؍ فروری۲۰ء کو پیش آیا، جبکہ پولیس گواہوں کے مطابق یہ واقعہ ایک دن پہلے ہوا تھا۔ 
عدالت نے کہا کہ جائے واقعہ کے تعلق سے گواہوں   کے بیانات میں  ’دروغ‘ ہے، اس لئے ان پر اعتبار کر کے ملزمین کومجرم قرار دینا ٹھیک نہیں  ہوگا۔ جج نے کہا کہ ’’ملزمین کو مجرم قرار دینے کیلئے میں ان گواہوں  کے بیانات کو غیر محفوظ پاتا ہوں۔ اس لئے میں سمجھتا ہوں کہ ملزمین کو شبہ کا فائدہ ملنا چاہئے۔ اس لئے انہیں  ان تمام الزامات سےبری کیا جاتا ہے جو ان پرعائد کئے گئے ہیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK