• Sun, 26 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شہریوں کی مخالفت کے سبب ڈمپنگ گراؤنڈ منتقل کرنے کا فیصلہ

Updated: October 06, 2025, 12:35 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) کا سوچک ناکہ پر قائم کردہ کچرا ٹِپنگ سینٹر( عارضی طور پر گیلا اور سوکھا کچرا جمع کرنے کا مرکز)شدید تنازع کا باعث بن گیا ہے۔

The dumping ground at Souchak Naka will soon be shifted to another location. Photo: INN
سوچک ناکہ پرواقع ڈمپنگ گراؤنڈ کو جلد دوسری جگہ منتقل کیا جائے گا۔ تصویر: آئی این این

کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) کا سوچک ناکہ پر قائم کردہ کچرا ٹِپنگ سینٹر( عارضی طور پر گیلا اور سوکھا کچرا جمع کرنے کا مرکز)شدید تنازع کا باعث بن گیا ہے۔ ​یہاں کچرے کو پانی کی ٹنکی سے بالکل متصل ڈمپ کیا جا رہا ہےجس سے پورے علاقے میں بدبو اور پانی آلودہ ہونے کا سنگین خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ ​مقامی شہریوں کے شدید احتجاج کے بعد متعلقہ کمپنی نے ۱۵؍ دن کے اندر کچرا ہٹا کر سینٹر کو بند کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ 
 کے ڈی ایم سی کی جانب سے شہر کے ۷؍ وارڈوں میں کچرا جمع کرنے اور ٹھکانے لگانے کا ٹھیکہ سمیت ایلکو پلاسٹک کمپنی کو دینے کے بعد معاملہ تنازع کا شکار ہوگیا ہے۔ شہریوں کا الزام ہے کہ کمپنی معاہدے کی شرائط پر عمل نہیں کر رہی اور درجہ بندی یعنی گیلا و خشک کچرا الگ الگ جمع کرنے کے بجائے ایک ہی گاڑی میں اٹھایا جا رہا ہے۔ یہ کچرا کلیان مشرق کے ہوم بابا ٹیکری علاقے میں لاکر پھینکا جا رہا ہے جس کے باعث مقامی رہائشی شدید بدبو اور ماحولیاتی آلودگی سے دوچار ہیں۔ 
  شہریوں کا کہنا ہے کہ کچرے کے ڈھیر سے اٹھنے والا تعفن ان کی زندگی کو اجیرن بنا چکا ہے اور علاقے میں بیماریوں کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ گزشتہ روز اسی کچرے کے ڈھیر میں پھینکے گئے مٹھائی کے ڈبے سے گلاب جامن کھانے کے بعد ایک کمسن بچی کی حالت بگڑ گئی تھی جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس واقعے نے عوامی غم و غصے میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ 
 سماجی کارکن منوج واگھمارے نے انکشاف کیا کہ جب اس مقام پر ٹپنگ سینٹر قائم کیا جا رہا تھا تو کمپنی نے یقین دہانی کرائی تھی کہ یہاں کچرا زیادہ دیر تک جمع نہیں ہوگا لیکن اب صورت حال اس کے برعکس ہے اور علاقے میں کچرے کا پہاڑ کھڑا ہوچکا ہے۔ مقامی شخص اصغر علی شیخ نے الزام لگایا کہ کمپنی ٹپنگ سینٹر کے نام پر دراصل ڈمپنگ گراؤنڈ قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہےجس سے عوام کی صحت اور ماحول دونوں خطرے میں ہیں۔ شہریوں نے کے ڈی ایم سی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فی الفور کارروائی کرے اور علاقے کو صاف و صحت مند ماحول فراہم کرے۔ 
  عوامی احتجاج کے بعد کمپنی کے ذمہ داران نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ہوم بابا ٹیکری ٹپنگ سینٹر کو ۱۵ دن کے اندر بند کردیا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK