Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ: اقوام متحدہ کے مطابق چوہوں اور کیڑوں کے سبب جلد کے انفیکشن میں اضافہ

Updated: May 21, 2026, 4:17 PM IST | Gaza

اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا کے مطابق غزہ پٹی میں چوہوں اور کیڑوں کے سبب جلد کے انفیکشن میں اضافہ ہوا ہے۔ ادارے کے مطابق ۲۰۲۶ء کے ابتدائی ۵؍ مہینوں میں جلد کی بیماریوں کے ایک لاکھ ۲۵؍ ہزار معاملات سامنے آئے ہیں۔ ادارے نے مزید کہا ہے کہ اس کے طبی کارکنان روزانہ ۴؍ سو مریضوں کا علاج کر رہے ہیں اور اگر مزید طبی سامان فراہم کئے جائیں تو مریضوں کو بہتر سہولیات دی جا سکتی ہیں۔

Photo: X
تصویر: ایکس

غزہ پٹی میں انسانی بحران مزید سنگین ہو گیا ہے، جہاں اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہ گزین ایجنسی انروا (UNRWA) نے بتایا ہے کہ اس سال یعنی ۲۰۲۶ء کے ابتدائی ۵؍ مہینوں کے دوران چوہوں اور کیڑوں سے پھیلنے والے جلدی امراض کے ایک لاکھ ۲۵؍ ہزار سے زائد معاملات رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایجنسی کے مطابق اسرائیلی حملوں اور ناکہ بندی کے باعث غزہ میں بیماریوں اور چوہوں کی افزائش میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایران پر دوبارہ حملہ ہوا تو جنگ خطے سے باہر تک پھیل جائے گی: پاسداران انقلاب

انروا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ غزہ میں جلد کی بیماریوں کے پھیلاؤ کے ساتھ ساتھ وبائی امراض کا خطرہ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ ادارے کے مطابق اس کے سینکڑوں طبی کارکن روزانہ تقریباً ۴؍ سو مریضوں کا علاج کر رہے ہیں، تاہم اگر مناسب مقدار میں ادویات اور طبی سامان فراہم کیا جائے تو مزید متاثرین کو طبی سہولیات دی جا سکتی ہیں۔ ایجنسی نے غزہ میں بڑے پیمانے پر انسانی امداد اور طبی رسد کی فوری اجازت دینے کا مطالبہ بھی کیا۔

یہ بھی پڑھئے: ایران نے مناب اسکول کے تعلق سے امریکہ کے دعوے کو جھوٹ قرار دیا

دوسری جانب غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اکتوبر ۲۰۲۵ء میں اعلان کردہ جنگ بندی کے بعد سے اب تک کم از کم ۸؍ سو ۷۰؍ فلسطینی شہید اور۲؍ ہزار ۶۰۲؍ زخمی ہو چکے ہیں۔ وزارت کا کہنا ہے کہ اکتوبر ۲۰۲۳ء سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک ۷۲؍ ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق جبکہ ایک لاکھ ۷۲؍ ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ غزہ میں تقریباً چوبیس لاکھ فلسطینی شدید انسانی بحران کا شکار ہیں، جن میں پندرہ لاکھ بے گھر افراد بھی شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK