Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران پر دوبارہ حملہ ہوا تو جنگ خطے سے باہر تک پھیل جائے گی: پاسداران انقلاب

Updated: May 21, 2026, 11:13 AM IST | Agency | Tehran

ایرانی پاسدارانِ انقلاب گارڈز (آئی آر جی سی) نے امریکہ اور اسرائیل کی ممکنہ عسکری کارروائیوں کے خلاف سخت ترین وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران پر دوبارہ کسی بھی قسم کا حملہ ہوا تو یہ جاری جنگ صرف مشرقِ وسطیٰ تک محدود نہیں رہے گی بلکہ خطے سے باہر دور تک پھیل جائے گی۔

Iran.Photo:INN
ایران۔ تصویر:آئی این این
ایرانی پاسدارانِ انقلاب گارڈز (آئی آر جی سی) نے امریکہ اور اسرائیل کی ممکنہ عسکری کارروائیوں کے خلاف سخت ترین وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران پر دوبارہ کسی بھی قسم کا حملہ ہوا تو یہ جاری جنگ صرف مشرقِ وسطیٰ تک محدود نہیں رہے گی بلکہ خطے سے باہر دور تک پھیل جائے گی۔ ایرانی عسکری قیادت کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں عارضی جنگ بندی کے باوجود شدید تناؤ کا ماحول ہے اور ایران نے اپنی دفاعی پوزیشن کو مزید مضبوط کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 
دوسری جانب چین میں مامور ایرانی سفیر عبدالرضا رحمانی فضلی نے تہران اور امریکہ کے مابین جاری سفارتی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے تعلقات انتہائی پیچیدہ اور حساس ہیں ۔ اس کے باوجود چین نے اسلام آباد (پاکستان) کی جانب سے شروع کئے گئے ثالثی کے عمل میں ایک انتہائی اہم اور کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ بیجنگ عام طور پر تبھی کسی بین الاقوامی ثالثی عمل کا حصہ بننا پسند کرتا ہے جب اسے پس پردہ کسی مثبت اور پائیدار نتیجے کی قوی امید ہو۔ایرانی سفیر عبدالرضا رحمانی فضلی نے مزید واضح کیا کہ موجودہ نازک سفارتی و ثالثی عمل دراصل ایران، پاکستان اور چین کے مابین بہترین  تعاون اور مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سہ فریقی تعاون کے ذریعے خطے کو کسی بڑی تباہی سے بچانے اور پائیدار امن کے قیام کے لئے مثبت پیش رفت ممکن ہوسکے گی لیکن تہران کسی بھی جارحیت کی صورت میں اپنے دفاع کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔
ایران پر ممکنہ کارروائی کیلئے اسرائیل کی وسیع تیاریاں
اسرائیل نے ایران کے ساتھ ممکنہ نئی جنگ کے خدشات کے پیش نظر اپنی عسکری تیاریوں میں تیزی لانے کا اشارہ دیا ہے۔ اسرائیلی ٹی وی رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم نیتن یاہو نے ایک اہم سیکوریٹی اجلاس طلب کیا جس میں فوج، فضائیہ اور دفاعی اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایران کے خلاف ممکنہ امریکی کارروائی اور اس کے تناظر میں اسرائیل کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیتن یاہو نے بدھ کواپنی عدالتی پیشی بھی منسوخ کر دی جبکہ اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے خطے کی کشیدہ صورتحال کے سبب اپنا دورۂ نیویارک ملتوی کر دیا ہے۔ 
 
 
اسرائیلی پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے بل کو ابتدائی منظوری 
اسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کے بل کو ابتدائی منظوری دے دی گئی۔ میڈیا  رپورٹس کے مطابق پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کا بل نیتن یاہو کی حکمراں اتحادی جماعت کی جانب سے پیش کیا گیا تھا۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بل کی ابتدائی منظوری کے بعد قبل از وقت انتخابات کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ ابھی اس بل کو مزید ۳؍مراحل کی پارلیمانی منظوری سے گزرنا ہو گا۔
 
 
اقوام متحدہ :عباس عراقچی نیویارک اجلاس کیلئے مدعو
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کو اگلے ہفتے نیویارک میں ہونے والے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس کی تصدیق کی۔ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق یہ دعوت عباس عراقچی کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے دی گئی ہے۔اس ماہ سلامتی کونسل کی صدارت چین کے پاس ہے۔ بین الاقوامی امن اور سلامتی کے موضوع پر یہ اجلاس منعقد ہوگا۔ عباس عراقچی اس اجلاس میں شرکت کریں گے یا نہیں، یہ طے نہیں ہوا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK