Inquilab Logo

ریکارڈ پولنگ کے دوران اِکا دُکا جگہوں پر تشدد کی معمولی وارداتیں

Updated: April 07, 2021, 12:43 PM IST | Agency | New Delhi

شام ۵؍ بجے تک مغربی بنگال میں۸۰؍ فیصد ، آسام میں ۷۹؍ فیصد، کیرالا میں ۶۰؍ فیصد، تمل ناڈو میں ۶۳ء۶؍ فیصد اور پڈوچیری میں ۶۸ء۴۷؍ فیصد پولنگ ہوئی۔ مغربی بنگال میں ایک دو جگہوں پر تشدد کی معمولی وارداتوں کے علاوہ تمام ریاستوں میں پولنگ پُر امن رہی۔ زیادہ ووٹنگ سے امیدواروں کی نیند حرام

Along with the third phase of polling, the fourth phase of the election campaign is also underway. Picture:PTI
تیسرے مرحلے کی پولنگ کے ساتھ ہی چوتھے مرحلے کی انتخابی مہم بھی چل رہی ہے۔تصویر: پی ٹی آئی

چار ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ایک علاقے میں ہونے والی پولنگ اکا دکا وارداتوں کے علاوہ پُر امن رہی۔اس دوران تقریباً تمام جگہوں پر ریکارڈ پولنگ ہوئی۔  ان میں مغربی بنگال میں جہاں تیسرے مرحلے کیلئے پولنگ ہوئی، وہیں آسام کیلئے تیسرے اور آخری مرحلے کی  ووٹنگ تھی۔  دوسری طرف تمل ناڈو، کیرالا  اور پڈوچیری میں ایک ہی مرحلے میں انتخابات کا عمل مکمل ہوگیا ہے تاہم ابھی تک کہیں سے بھی حتمی اعداد وشمار سامنے نہیں آسکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق منگل کو ہونے والی ووٹنگ کے دوران شام ۵؍بجے تک مغربی بنگال میں۸۰؍فیصد، آسام میں ۷۹؍ فیصد، کیرالا میں۶۰؍ فیصد، تمل ناڈو میں۶۳ء۶۰؍ فیصد اور پڈوچیری میں۶۸ء۴۷؍ فیصد عوام نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق بنگال میں تیسرے مرحلے کی پولنگ میں شام ۵؍ بجے۸۰؍ فیصد سے زائد رائےدہندگان نے ووٹ کیا۔ یہاں کی۳۱؍ سیٹوں پر ۲۰۵؍ امیدوار  انتخابی میدان میں ہیں جن کی قسمت کا فیصلہ۷ء۸؍کروڑ ووٹر کریں گے۔ آسام میں تیسرے اور آخری مرحلے میں۴۰؍ اسمبلی سیٹوں کیلئے شام ۵؍ بجے تک۷۹؍ فیصد رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ یہاں کل ۷۹؍ لاکھ ۱۹؍ ہزار۶۴۱؍ ووٹر ۳۳۷؍ امیدواروں کی انتخابی قسمت کا فیصلہ کریں  گے۔ تمل ناڈو میں ۵؍ بجے تک۶۳ء۶۰؍ فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔ یہاں ایک ہی مرحلے میں۳۹۹۸؍امیدواروں کی انتخابی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ کیرالا کی کل۱۴۰؍ اسمبلی حلقوں پر ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ کروائی گئی ہے۔ یہاں ۵؍ بجے تک۶۰؍ فیصد ووٹنگ ہوئی جبکہ پڈوچیری میںاسی وقت تک۶۸ء۴۷؍ فیصد رائے دہندگان نے ووٹ ڈالے۔ مغربی بنگال کے اکا دکا جگہوں کے علاوہ زیادہ تر جگہوں پر ووٹنگ پر امن ڈھنگ سے ہونے کی خبریں ہیں۔ زیادہ پولنگ سے امیدواروں کی نیند حرام ہے۔ کہیں حکمراں محاذ تو کہیں باہری افراد کے تئیں غصہ سمجھا جارہا ہے۔  
وزیراعظم نے اپنی جیت کی پیش گوئی کردی

 وزیر اعظم نریندر مودی نےمنگل کو کوچ بہار میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنگال میں کہیں پر بھی ترنمو ل کانگریس نظر نہیں آرہی ہے۔اسی کے ساتھ انہوں نے اپنی جیت کی پیش گوئی بھی کردی۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ بنگال میں بی جے پی جیت رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے ہیلی کاپٹر سے دیکھا ہے کہ بڑی تعداد میں لوگ آرہے ہیں،اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ۲؍مئی کے بعد بنگال میں ترنمول کانگریس کا وجود ختم ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ پہلے دو مرحلے کی پولنگ میں یہ واضح ہوگیا ہے کہ دیدی رخصت ہورہی  ہیں۔ بنگال میںا یسی لہر کبھی  پہلے نہیں دیکھی گئی ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بی جے پی ہی شیاما پرساد مکھرجی کے خوابوں کے بنگال کی تعبیر کرےگی ۔انہوں نے کہا کہ مکھرجی کے نظریات اور فکر نے ہمیں عوام کیلئے جدو جہد کرنے اور ان کی زندگی بہتر بنانے کیلئےحوصلہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیدی آج کل پوچھ رہی ہیں کہ کیا بی جے پی خدا ہے جو جانتی ہے کہ وہ جیت رہی ہے لیکن میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ جنتا جناردن ہی خدا کی شکل ہے اور اس کے چہرے کو دیکھ کر ، آپ کو معلوم ہوگا کہ ہوا کا رخ کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ آپ کی زبان ، آپ کا غصہ اور آپ کی آواز کو سن کر ایک بچہ بھی بتا سکتا ہے کہ دیدی کا پتہ صاف ہورہا ہے اور وہ  الیکشن ہار رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیدی! آپ میدان چھوڑ چکی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK