Updated: January 05, 2026, 3:56 PM IST
|
Agency
| Varanasi
والی بال چمپئن شپ کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ملک عالمی میزبان کے طور پر ابھر رہا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی۔ تصویر: آئی این این
وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے وارانسی میں جاری ۷۲؍ویں نیشنل والی بال چمپئن شپ کا افتتاح کرتے ہوئے ملک کے کھیلوں کے مستقبل کے حوالے سے اہم اعلانات کئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہندوستان اب کھیلوں کی دنیا میں صرف ایک شرکت کنندہ نہیں بلکہ ایک عالمی میزبان کے طور پر ابھر رہا ہے۔وزیر اعظم نے اعلان کیا ہے کہ ہندوستان ۲۰۳۶ء کے اولمپک کھیلوں کی میزبانی کیلئے اپنی دعویداری کو پوری مضبوطی کے ساتھ پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کا ایک ایسا نیا نظام تیار کیا جا رہا ہے جہاں نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ عالمی معیار کے اسپورٹس کلچر سے جوڑا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان میں اس وقت کھیلوں کے انفرااسٹرکچر پر غیر معمولی کام ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ’’ہم صرف جدید گراؤنڈ اور اسٹیڈیم ہی نہیں بنا رہے، بلکہ اپنے کھلاڑیوں کو وہ تجربہ اور ماحول فراہم کر رہے ہیں جو انہیں بین الاقوامی سطح پر فتوحات دلوانے میں مددگار ثابت ہو سکے۔‘‘ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ ۱۰؍ برسوں میں ہندوستان کے مختلف شہروں میں ہاکی اور فٹبال جیسے بڑے بین الاقوامی ایونٹس کامیابی سے منعقد ہوئے ہیں۔ ہندوستان ۲۰۳۰ء کے دولت مشترکہ (کامن ویلتھ) کھیلوں کی میزبانی کے لئے پُرعزم ہے۔ ہندوستان دنیا کے سب سے بڑے کھیل اولمپکس کو اپنے ملک لانے کیلئے پوری قوت سے تیاری کر رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کھیلو انڈیا مہم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام نے گراس روٹ لیول سے ٹیلنٹ کو تلاش کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ حال ہی میں منعقد ہونے والےسنسد کھیل مہوتسو میں تقریباً ایک کروڑ نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا جو ملک میں کھیلوں کے بڑھتے ہوئے جنون کی عکاسی کرتا ہے۔
حکومت کی حکمتِ عملی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب اسکول کی سطح سے ہی بچوں کو اس طرح تربیت دی جائے گی کہ انہیں بچپن سے ہی اولمپک کی سطح کا تجربہ حاصل ہو سکے۔ ان کوششوں کا مقصد ہندوستان کو عالمی کھیلوں کے نقشے پر ایک سپر پاور کے طور پر ابھارنا ہے۔