Inquilab Logo

ٹیلی کوم کمپنیوں کے نئے ٹیرف پلان سے صارفین میں بے چینی

Updated: December 05, 2019, 3:07 PM IST | Agency | New Delhi

ائیرٹیل اور ووڈا آئیڈیا کے نئے ٹیرف پلانس نافذ ، ائیرٹیل نے اپنے منصوبوں میں۲۰؍ سے ۳۰؍ روپے تک اضافہ کیا

ٹیلی کوم کمپنیوں کے نئے ٹریف پلان
ٹیلی کوم کمپنیوں کے نئے ٹریف پلان

 نئی دہلی : ملک میں موبائل سروس فراہم  کرنے والی کمپنیوں بھارتی ایئر ٹیل، ووڈا آئیڈیا اور ریلائنس جیو نے پری پیڈ گاہکوں کے لئے تین سال بعد ٹیرف میں اضافہ کیا ہے۔ووڈا اور ایئرٹیل کا  یہ نظر ثانی شدہ پلان منگل سے نافذ ہوگیا ہے جس سے صارفین کی بے چینی بڑھ گئی ہے۔کئی صارفین نے پہلے ان کمپنیوں کو اپنی سروس بہتر بنانے کامشورہ بھی دے ڈالا۔ کمپنی نے یہ اعلان ایڈجسٹیڈ گراس ریوینو ( اے جی آر) کے تعلق سے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد کیا ہے۔واضح رہےکہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں ٹیلی کام کمپنیوں کومحکمہ ٹیلی کمیونی کیشنز کو۹۲؍ ہزار۴۶۲؍ کروڑ روپے ادا کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس میں لائسنس فیس  اوراسپیکٹرم کے استعمال اورمحکمہ ٹیلی کمیونی کیشنز کے ذریعے ٹیلی کام کمپنیوں کو دی جانے والی مختلف سہولتوں کے چارجز شامل ہیں۔ 
ائیرٹیل کے نئے پلان کی فہرست
 ایئرٹیل نے۱۶۹؍ روپے، اور۱۹۹؍ روپےکے پلان کو ضم کر کے ۲۴۸؍ روپے کا ایک پلان بنایا ہے جس میں پرانے دونوں پلان کی ہی طرح اَن لمیٹڈ کالنگ،۱۰۰؍ ایس ایم ایس ہر دن اور ہر دن۵ء۱ جی بی ڈیٹا ملے گا۔ ائیرٹیل نے اپنے پلان میں ۲۰۔۳۰؍ روپے تک کا اضافہ کیا ہے۔ نظرثانی کے بعد کمپنی کا۱۲۹؍ روپے والا ٹیرف پلان  اب ۱۴۸؍ روپے کا ملے گا۔ اس میں صارفین کو۲۸؍ دنوں کی ان لمیٹڈ کالنگ،۳۰۰؍ ایس ایم ایس اور۲؍ جی بی ڈیٹا ملے گا۔
ووڈافون پلان کی بڑھی ہوئی قیمت
 ووڈافون نے نئے ریچارج پلان کو کئی زمروں میں پیش کیا ہے۔ اس میں کومبو واؤچرس، اَن لمیٹڈ پیک(۲۸؍د ن کی  ویلیڈیٹی)، ان لمیٹڈ پیک(۸۴؍ دن کی ویلیڈیٹی)، اَن لمیٹڈ سالانہ پیک(۳۶۵؍دنوں کی ویلیڈیٹی) اور فرسٹ ریچارج زمرہ موجود ہے۔اطلاعات کے مطابق، کمپنی  کے ۴۹؍ روپے کے پلان میں۳۸؍ روپے کا ٹاک ٹائم ملے گا۔ اس پلان کی ویلیڈیٹی۲۸؍ دنوں کی ہے۔صارفین کو اس میں۱۰۰؍ ایم بی ڈیٹا دیا جائے گا۔وہیں۷۹؍ روپے کے پلان میں ۶۴؍ روپے کا ٹاک ٹائم ملے گا۔ اس پلان کی  مدت بھی  ۲۸؍ دنوں کی رکھی گئی ہے۔ صارفین کو اس میں۲۰۰؍ ایم بی ڈیٹا دیا جائے گا۔مارکیٹ کے تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ ٹیرف میں اضافہ کے باوجود ریلائنس جیو کے پلان دوسرے کے مقابلے میں۲۰؍ فیصد تک سستے رہ سکتے ہیں۔
 واضح رہےکہ ووڈا آئیڈیا اور ایئر ٹیل کی قیمتیں منگل سے بڑھ گئی  ہیں جبکہ جیو کا ٹیرف ۶؍ دسمبر سے بڑھ جائے گا۔تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ ٹیرف قیمتیں ٹیلی کمیونی کیشن کمپنیوں کی مالی حالت کے لئے  اہم ثابت ہو سکتی ہیں۔ ووڈا آئیڈیا اور  ایئر ٹیل کو رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں  زبردست نقصان ہوا تھا۔
ریلائنس جیو کے پلان کا تجزیہ 
 بینک آف امریکہ میرل لنچ کا خیال ہے کہ ریلائنس جیو کے نئے آل اِن ون پلانس میں قیمتیں بڑھانے کے باوجود دونوں دیگر کمپنیوں کے مقابلے میں۱۵؍ سے۲۰؍ فیصد تک سستے رہ سکتے ہیں۔میرل لنچ کا خیال ہے کہ جیو  نے۴۰؍ فیصد تک ٹیرف بڑھانے کا اعلان کیا ہے لیکن امید ہے کہ وہ اس کے مقبول پلانوں میں۲۵؍ سے۳۰؍ فیصد تک کا ہی اضافہ ہی کرے گا ۔ریلائنس جیو نے ٹیرف میں اضافہ کا اعلان کرتے وقت اپنے گاہکوں کو۳۰۰؍فیصد زیادہ منافع دینے کا وعدہ کیا تھا ۔میرل لنچ کا خیال ہے کہ یہ فائدہ ڈیٹا کی شکل میں دیا جا سکتا ہے۔گلوبل بروکریز فرم کریڈٹ سوئس کا بھی خیال ہے کہ جیو کے آل اِن وَن ٹیرف پلان بھارتی ایئر ٹیل اور ووڈا  آئیڈیا کے نئے پلانوں کے مقابلے میں۲۰؍ فیصد تک سستے رہ سکتے ہیں۔کریڈٹ سوئس نے ان لمیٹڈ كالنگ پلانوں کے ختم ہو جانے کو ان دونوں کمپنیوں کی مالی حالت کے لئے اچھا بتایا ہے۔
 ریلائنس جیو  نےٹیرف کا اضافہ مؤثر ہونے سے پہلے `بیس پرائس پلان  متعارف کیا ہے جس کی میعاد۳۳۶؍دن  ہوگی۔اس خصوصی آفر کے تحت جیو۴۴۴؍ روپے کے ۸۴؍ دن کی ویلیڈٹی والے پلان پر گاہکوں کو۴۴۴؍ روپے کے چار ری چارج کی سہولت دے رہا ہے۔اس کے تحت ایک ریچارج کی ویلیڈیٹی ۸۴؍ دن کی ہے اس طرح چار ری چارج پر۳۳۶؍ دنوں تک گاہکوں کو نئے مہنگے پلان سے رعایت رہے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK