پیٹرول پمپ کے ملازم کی مدد سے گاڑی میں پیٹرول بھرے بغیر ایندھن کے پیسے لیتا تھا اور اس طرح تقریباً۱۲؍ لاکھ کا گھپلا کیا
EPAPER
Updated: October 05, 2025, 8:18 AM IST | Mumbai
پیٹرول پمپ کے ملازم کی مدد سے گاڑی میں پیٹرول بھرے بغیر ایندھن کے پیسے لیتا تھا اور اس طرح تقریباً۱۲؍ لاکھ کا گھپلا کیا
گلوکار اور اداکار فرحان اختر کی والدہ ہنی ایرانی نے اپنی منیجر کے ذریعہ اپنے ایک ڈرائیور اور پیٹرول پمپ کے ایک ملازم کے خلاف باندرہ پولیس اسٹیشن میں دھوکہ دہی کی شکایت درج کروائی ہے ۔ ڈرائیور پر الزام ہے کہ وہ گاڑی میں پیٹرول بھروائے بغیر ایندھن کا بل جمع کرکے پیسے وصول کیا کرتا تھا اور اس طرح اس نے تقریباً ۱۲؍ لاکھ روپے کا گھپلا کیا ہے۔ ہنی نوشیر ایرانی کی منیجر دیا بنٹی بھاٹیا نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ ۲۸؍ ستمبر کو وہ ہنی ایرانی کی گاڑیوں کے اکائونٹ کی تفصیلات کی چانچ کر رہی تھیں تبھی ان کی نظر ’اے اسٹار ماروتی‘ گاڑی کی تفصیل پر پڑی۔ اس کے تعلق سے لکھا تھا کہ اس میں ۶۲؍ لیٹر پیٹرول بھروایا گیا ہے جبکہ اس گاڑی کی پیٹرول کی ٹنکی میں محض ۳۵؍ لیٹر پیٹرول بھرنے کی گنجائش ہے ۔ اس پر انہوں نےاس گاڑی کے ڈرائیور نریش سنگھ کو بلا کر اس سے بازپرس کی تو اس نے کہا کہ وہ گاڑی میں پیٹرول بھروانے کے علاوہ الگ سے ڈبے میں بھی پیٹرول بھر کر رکھتا ہے جس کی وجہ سے زیادہ پیٹرول کا بل موجود ہے۔
اس کی بات سن کر دِیا کو شبہ ہوا تو انہوں نے اس سے مزید پوچھ گچھ کی جب پر اس نے بتایا کہ اس کے پاس ایچ پی پیٹرول پمپ کا پیٹرول بھروانے کا کارڈ موجود ہے جسے استعمال کرکے وہ پیٹرول بھرواتا ہے۔ اس کارڈ کی ’ہسٹری‘ دیکھنے پر دِیا کو پتہ چلا کہ نریش پیٹرول کے ۳؍ کارڈ استعمال کرتا ہے۔ مزید یہ کہ ان میں سے ایک کارڈ کو ایک ایسی کار کا پیٹرول خریدنے کیلئے استعمال کیا جارہا تھا جسے ۷؍ برس قبل فروخت کیا جاچکا ہے۔
یہ سب دیکھنے کے بعد دِیا نے یکم اکتوبر کی صبح نریش کی ہنی ایرانی اور فرحان اختر کے ساتھ میٹنگ کروائی ۔ اس میٹنگ میں نریش نے اعتراف کیا کہ وہ پیٹرول خریدنے کے نام پر گھپلا کررہا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق اس کی تفصیل اس نے انہیں یہ بتائی کہ باندرہ تالاب کے بازو میں واقع پیٹرول پمپ میں اس کا دوست امر بہادر سنگھ (۵۲) ملازمت کرتا ہے ۔ اس دوست کی مدد سے نریش اس پیٹرول پمپ پر جاکر متذکرہ کارڈ ’سوائپ‘ کرتا تھا اور پیٹرول نہیں لیتا تھا، اس کے بدلے امر سنگھ اسے پیٹرول کے برابر رقم دیا کرتا تھا۔ نریش امر کو اس کے عوض ایک ہزار سے ۱۵۰۰؍ روپے تک کمیشن دیتاتھا۔ اس کے بعد نریش متذکرہ پیٹرول کا بل ہنی ایرانی کی اکائونٹینٹ کو دے دیا کرتا تھا اور وہاںسے بھی پیسے لیتا تھا۔اس اعتراف کے بعد جب اکائونٹ کی مزید جانچ کی گئی تو پتہ چلا کہ نریش اپنے مالکان کے ساتھ اب تک تقریباً ۱۲؍ لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کرچکا تھا۔ان سب باتوں کے پیش نظر نریش اور امر سنگھ کے خلاف باندرہ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کروائی گئی ہے۔ پولیس نے ان دونوں کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا کی متعلقہ دفعات کے تحت دھوکہ دہی اور اعتماد کی مجرمانہ خلاف ورزی کرنے کا کیس درج کرلیا ہے۔