Inquilab Logo

طلبہ کے آدھار کارڈ کے معاملے میں ہیڈماسٹروں کو میمو دیا گیا

Updated: May 11, 2023, 9:39 AM IST | saadat khan | Mumbai

گوونڈی اور چمبور کےاسکولوںکے طلبہ کے آدھارکارڈ کا کام ادھورا رہ جانے پر متعلقہ اسکولوں کے ہیڈماسٹروںکو ۲؍دنوںمیں کام مکمل کرنےکی ہدایت، تعلیمی تنظیموں کا چھٹی میں میموجاری کرنے پر اعتراض

Aadhaar card
آدھار کارڈ

 طلبہ کے آدھار کارڈ کی معلومات فراہم نہ کرنےوالے اسکولوں کےہیڈماسٹروںکو بی ایم سی  ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نےمیمودیاہے۔جس سے ان اسکولوں کے ہیڈ ماسٹروںاورانچارج ٹیچروں میں بے چینی پائی جارہی ہے۔آدھار کارڈکےادھورے کام کو ۲؍ دن میںپورا کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ کام پورانہ ہونےکی صورت میں ہیڈماسٹراور انچارج ٹیچروںکواس کا ذمہ دار قرار دیا جائے گا۔ تعلیمی تنظیموںکے مطابق محکمہ تعلیم کو گرمی کی چھٹی میں میمونہیں دینا چاہئےتھا۔
 اس ضمن میں گوونڈ ی ایم ایسٹ وارڈ کے اربن ریسورس سینٹر(یوآر سی) نمبر ۸؍ نے ۳؍مئی کو گوونڈی اور چمبور کے تقریباً ۱۵؍ اسکولوںکے ہیڈ  ماسٹروںاور انچارج ٹیچر وںکو طلبہ کے آدھارکارڈ کا کام پورا نہ کرنےکی بنا پر میمو جاری کیاہےجس میںکہاگیاہےکہ مذکورہ کام کیلئے متعدد مرتبہ تحریری اور وہاٹس ایپ کے ذریعے دی جانےوالی ہدایات کےباوجود یہ کام مکمل کیوںنہیں ہوسکاہے۔ اس کام کے مکمل نہ ہونے پر ایجوکیشن آفیسر  نے ناراضگی کا اظہارکیاہے۔مذکورہ علاقوں کےمتعدد اسکولوں نے یہ کام ابھی تک مکمل نہیں کیاہے ۔ اس لئے ان اسکولوںکو ۲؍دنوںمیں یہ کام کرنے کی ہدایت دی جاتی ہے۔ اس کام کیلئے کئی مرتبہ موقع دیئے جانے کےباوجود کام کےادھورا ہونے کی وجہ  یوآرسی نمبر ۸؍میں بتانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کام میں ہونےوالی  تاخیر کیلئے ہیڈ ماسٹروں اور انچارج ٹیچروںکو ذمہ دار قرار دیاجائے گا۔
  مذکورہ میمو کے تعلق سے مہانگر پالیکا شکشک سبھا کے جوائنٹ سیکریٹری عابد شیخ نے انقلاب کو بتایاکہ ’’ ایم ایسٹ وارڈ کے یوآرسی نمبر ۸؍ نے ۳؍اپریل کو علاقے کے تقریباً ۱۵؍اسکولوںکے ہیڈماسٹراور انچارج ٹیچر وںکے ناموں کامیمو جاری کیاہے۔جس میں ان سے کہاگیاہےکہ وہ ۲؍ دنوں میں طلبہ کے آدھارکارڈ کا کام مکمل کریں۔ساتھ ہی یہ بھی کہاگیاہےکہ طلبہ کے آدھارکارڈ کا کام ابھی تک مکمل کیوں نہیں ہوسکا ہے۔ اس کا تحریری جواب دیں ۔ہماری سمجھ میں نہیں آرہاہےکہ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کو کیا ہوگیا ہے۔ ۲؍مئی سے اسکولوںمیں گرمی کی چھٹی دی گئی ہے۔ بیشتر ہیڈماسٹر اور اساتذہ  آبائی وطن گئے ہیں۔ یہ معلوم ہونے کےباوجود اس طرح کا فرمان جاری کرنے کا کیا مقصد ہے؟ چھٹی میں طلبہ اوران کےوالدین بھی جگہ پر نہیں ہیں۔ ایسی صورت میں طلبہ کے آدھار کارڈ کا کام مکمل کیسے کیاجاسکتاہے ۔ لیکن ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کچھ سمجھنے کو تیار نہیں ہے۔ اس طرح کا فرمان جاری کرکے ہیڈماسٹروںاور اساتذہ کو ذہنی کوفت پہنچانےکی کوشش کی جار ہی ہے۔ جس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں اور ہیڈ ماسٹروں کومطلع کرتےہیں کہ وہ میمو سے خوفزدہ نہ ہوں۔ ہم ان کے ساتھ ہیں ۔ ان کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔‘‘اس بارےمیں ایک ایجوکیشن سپرنٹنڈنٹ سے بات چیت کی گئی تو انہوںنے کہاکہ ’’چھٹی میں میمو جاری نہیں کرناچاہئے تھا۔میں نے اپنے علاقے کے اسکولوںکے ہیڈماسٹروںکو چھٹی شروع ہونے سے قبل میمو دیاتھا۔طلبہ کا آدھار کارڈ اپ ڈیٹ کرنے کی کئی بار ہدایت دی گئی ہے لیکن ابھی تک یہ کام پورا نہیں ہوسکاہے۔‘‘ ایجوکیشن آفیسر راجیش کنکال اور راجوتڑوی سے بھی موبائل پر رابطہ کرنےکی کوشش کی گئی لیکن ان افسران نے فون ریسیونہیں کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK