Inquilab Logo

عراق کے سامرا شہر میں فوج کی کارروائی میں داعش کے ۴؍ کمانڈر ہلاک

Updated: September 13, 2020, 4:08 AM IST | Agency | Baghdad

ہفتے بھر میں مختلف مقامات پر فوج کی کئی کارروائیاں۔ ایک روز قبل تنظیم کا ایک اہم کمانڈر گرفتار، بڑے پیمانے پر ہتھیار اور بارود ضبط

Iraqi Forces
عراقی فوجیں ان دنوں بڑے پیمانے پر کارروائی کر رہی ہیں

عراق میں سرکاری فوج کے میڈیا سیل کے مطابق سامراء ڈسٹرکٹ میں داعش  کے ۴؍کمانڈروں کو موت کی نیند سلا دیا گیا۔ جمعہ کو ایک  بیان میں بتایا گیا کہ عراقی فوج کی مشترکہ فورس گھات لگا کر دہشت گرد تنظیم داعش  کے ۴؍اہم کمانڈروں کو ہلاک کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ سامرا ڈسٹرکٹ کے علاقے الفرحاتیہ میں مارے جانے والے ان افراد میں سے دو نے باردی بیلٹ باندھی ہوئی تھی۔اس سے قبل جمعرات کو عراقی فورس نے صلاح الدین صوبے کے شہر الشرقاط میں ایک خفیہ آپریشن کے دوران داعش  کے ایک کمانڈر کوگرفتار کر لیا تھا۔
 اطلاع  کے مطابق فوج کے سربراہ کے ترجمان نے بتایا کہ انسداد دہشت گردی دستے  نے جمعرات کو علی الصباح الشرقاط میں ایک خفیہ آپریشن کیا۔ آپریشن کے نتیجے میں دہشت گرد تنظیم داعش کی ٹولیوں کے ایک کمانڈر کو گرفتار کر لیا گیا۔ یہ کارروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی تھی۔ادھر میسان صوبے میں السلام اور العدل کے علاقوں میں عراقی ریپیڈ فورس نے سرچ آپریشن  کے دوران مختلف تعداد اور مقدار میں ہتھیار اور مواد برآمد کر لیا۔
 دوسری جانب مشترکہ آپریشن کی کمان نے دریائے دیالیٰ کے اطراف کے علاقوں کو کلیئر کروانے کیلئے ایک سیکوریٹی آپریشن کے آغاز کا اعلان کیا۔ کمان نے بتایا کہ یہ کارروائی بری فوج کے کمانڈر کی زیر قیادت الحشد الشعبی ملیشیا کے تعاون سے شروع کی گئی۔سیکوریٹی میڈیا سیل کے مطابق المفرق کے علاقے میں دیالی پولیس کے ایک افسر کی گاڑی میں نصب کیا گیا دھماکا خیز مواد پھٹ گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
  مشترکہ آپریشن کمان کے ترجمان میجر جنرل تحسین الخفاجی کے حوالے سے بتایا تھا کہ مشترکہ آپریشن کی کمان نے بغداد اور بصرہ میں سیکوریٹی کارروائیاں کی ہیں۔ان کارروائیوں کا مقصد ہتھیاروں کو ریاست کے ہاتھوں تک محدود کرنا اور ریاست اور قانون کی رِٹ دائر کرنا ہے۔یہ تمام پیش رفت ایسے وقت میں واضح رہے کہ ان دنوں  عراقی فوج اور انسداد دہشت گردی  فورس ملک کے وسطی اور جنوبی صوبوں میں وسیع پیمانے پر عسکری آپریشن انجام دے رہی ہیں۔ 

iraq isis Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK