Inquilab Logo

ایوت محل میں معمولی جھگڑے میں مسلم نوجوان کا قتل

Updated: February 08, 2024, 9:56 AM IST | Ali Imran | yavatmal

ملزم ساگر کی موٹر سائیکل سے شاداب کو دھکا لگا جس پر جھگڑا ہو ا اورشاداب کو جان گنوانی پڑی

Slain Shadab
مقتول شاداب

گاڑی کا دھکا لگنے کی معمولی وجہ پر ہوئے تنازعہ میں دیسی پستول سے فائرنگ کرکے ایک ۲۲؍سالہ نوجوان کو  ہلاک کر دیا گیا۔ یہ سنسنی خیز واقعہ منگل کی رات تقریباً ۱۰؍ بجے ایوت محل کے  قلم چوک علاقے میں پیش آیا۔ فائرنگ کے بعد موقع پاکر ملزم فرار ہونے میں کامیاب تو ہوگیا لیکن مشتعل ہجوم نے ملزم کی موٹر سائیکل کو آگ لگا دی۔ متوفی کی شناخت شاداب خان رفیق خان کے طور پر کی گئی ہے۔ جبکہ  ملزم کا نام منیش ساگر شیندرے ہے۔
  اس واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی ہے۔ اطلاع مطابق منگل کی رات ملزم منیش شیندرے اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ قلم چوک علاقے سے دو پہیہ گاڑی پر جا رہا تھا اسکی گاڑی کا شاداب خان کو دھکا لگ گیا۔ جس کی وجہ سے ملزم اور مقتول کے درمیان جھگڑا ہوا۔ کچھ دیر بعد ملزم منیش گھر گیا اور دیسی پستول لے کر واپس قلم چوک آیا۔ اس کی گرل فرینڈ بھی اسکے ساتھ تھی۔ چوک پر پہنچ کر ملزم نے شاداب خان سے دوبارہ جھگڑا شروع کیا اور  شاداب خان کے سینے پربہت قریب سے گولی داغ دی۔ فائر کی آواز سن کر علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔  لوگ وہاں پہنچے اور شاداب خان کو فوری طور پر سرکاری اسپتال لے جایا گیا لیکن تب تک  اس کی  موت ہوچکی تھی۔ قتل کی خبر پھیلتے ہی قلم چوک پر سیکڑوں افراد جمع ہوگئے اور مشتعل بھیڑ نے ملزم کی موٹر سائیکل کو آگ لگا دی۔ ا جبکہ اسکی ساتھی لڑکی اور ایک نوجوان کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ رات تقریباً ایک بجے وردھا ضلع کے دیولی سے  کلیدی ملزم منیش شیندرے کو پولیس نے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ مقتول کے والد رفیق خان کی شکایت پر پولیس نے اس واردات میں تین لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ کشیدہ حالات کے مد نظر پولیس نے جائے واردات کے اطراف فکس پوائنٹ اور اضافی سیکوریٹی تعینات کر دی  ہے۔ ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر پون بنسوڑ، اپر پولیس سپرنٹنڈنٹ پیوش جگتاپ، سب ڈویژنل پولس افسر سنجے پوجّلوار، لوکل کرائم برانچ افسر آدھار سنگھ سونونے، اودھوت واڑی تھانیدار گیانوبا دیوکتے، سٹی تھانیدار ستیش چاورے موقع پر موجود تھے۔

yavatmal Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK