Inquilab Logo

اب ایوت محل میں بے موسم بارش اور ژالہ باری کا قہر

Updated: March 18, 2024, 11:46 PM IST | Ali Imran | Yavatmal

ضلع بھر میں اتوار کو تیز ہواؤں کے ساتھ ہونیوالی طوفانی بارش سےباغات کو نقصان پہنچا، کھڑی فصلیں بھی متاثر ہوئیں۔

Due to strong winds, unripe fruits broke and fell in the orchards. Photo: INN
تیز ہواؤں کے سبب باغوں میں کچے پھل ٹوٹ کر گرگئے۔ تصویر : آئی این این

ضلع گزشتہ دو دنوں سے بے موسم بارش کی زد میں ہے۔ اتوار کی شام اور آدھی رات کو تیز ہواؤں کے ساتھ ہر طرف موسلا دھار بارش ہوئی ہے۔ جس کی وجہ سے کئی مقامات پر مکانات اور درخت گر گئے ہیں۔
 رپورٹ کے مطابق  ربیع اور موسم گرما کی فصلوں کے ساتھ ساتھ باغات اور سبزیوں کی فصلوں کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔ ضلع میں، ایوت محل، ارنی، بابلگاؤں، قلم، پوسد، مہاگاؤں، عمرکھیڑ اور دیگر تعلقہ میں بجلی گرنے کے ساتھ زبردست بارش ہوئی۔ اس دوران تیز ہوا کے باعث کئی گھروں کی چھتیں اڑ گئیں۔ شدید بارش کے دوران ارنی تعلقہ میں ایک اولڈ ایج ہوم کی چھت اڑ جانے سے بزرگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ کئی اسکولوں کی ٹین کی چھتیں بھی اڑ گئی ہیں۔ بارش کی وجہ سے گندم، چنا، جوار، تل، مونگ پھلی، آم، پپیتا، تربوز، نارنگی، کیلا وغیرہ کے باغات کو نقصان پہنچا ہے۔ ایوت محل شہر میں رات تقریباً ساڑھے گیارہ بجے بجلی گرنے کے ساتھ بارش شروع ہوئی۔ تیز ہوا کے باعث کئی گھروں کے چھپر اڑ گئے۔ کئی مقامات پر درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض مقامات پر بجلی کے کھمبے گر گئے۔ جس کی وجہ سے بیشتر علاقوں میں رات گئے بجلی کی فراہمی متاثر رہی اور بجلی سپلائی صبح تک نہیں ہوسکی۔ خوش قسمتی سے اس بے موسم بارش سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ کاشتکاروں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بے موسم بارش سے ہونے والے نقصان کا پنچنامہ کر کے فوری امداد فراہم کی جائے۔
 خیال رہے کہ سنیچر کوناگپور اور مشرقی ودربھ کے کئی اضلاع میں ژالہ باری اور بارش  ہوئی تھی۔اس دوران چلنے والی   تیز ہواؤں نے شہر کے کئی علاقوں میں سیکڑوں درخت اُکھاڑ دئیے ۔ جبکہ کلمانہ زرعی پیداوار منڈی میں کھلے میں رکھا گیا اناج کا ذخیرہ بھیگنے سے بڑا نقصان ہوا ہے۔  اس کے علاوہ ضلع کے کچھ علاقوں میں ژالہ باری سے فصلوں کو بھاری نقصان پہنچنے سے کسانوں کی پریشانی میں اضافہ ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK