• Thu, 27 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’غزہ میں امن کیلئے مستقل جنگ بندی ناگزیر‘‘

Updated: November 27, 2025, 4:07 PM IST | Agency | Beijing

چینی صدر شی جن پنگ نے غزہ میں فوری اور دیرپا جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور بین الاقوامی برادری سے کہا کہ وہ فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت کے لئے کوششیں تیز کرے۔ مسئلۂ فلسطین کو مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کا مرکزقرار دیا

Chinese President Xi Jinping speaking. Photo: INN
چینی صدر شی جن پنگ خطاب کرتےہوئے۔ تصویر:آئی این این
چین کا کہنا ہے کہ غزہ میں مستقل جنگ بندی نا گزیر  ہے۔چینی سرکاری میڈیا کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے غزہ میں فوری اور دیرپا جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور بین الاقوامی برادری سے کہا کہ وہ فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت کے لئے کوششیں تیز کرے۔ 
خبر  رساں ایجنسی ’ژنہوا‘کے مطابق فلسطینی عوام کے ساتھ بین الاقوامی یکجہتی کے دن کی مناسبت سے منعقدہ اقوام متحدہ کے خصوصی اجلاس کو اپنا تہنیتی پیغام بھیجنے والے شی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کا مرکز ہے جو بین الاقوامی مساوات، انصاف اور علاقائی استحکام کو متاثر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے دائمی رکن کے طور پر  چین فلسطینی عوام کے اپنے جائز قومی حقوق کی بحالی کے منصفانہ مقاصد کی  بھر پور حمایت کرتا ہے۔
شی نے زور دیا کہ غزہ میں بحران کے تدارک کے لئے بین الاقوامی برادری کو مزید فعال اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ مزید کشیدگی   اور تشدد کو دوبارہ سر اٹھانے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے بعد غزہ میں حکومت چلانے اور تعمیرنو کا عمل ’فلسطینیوں کی فلسطین پر حکومت ‘ کے اصول کے تحت ہونا چاہئے۔ فلسطینی عوام کے ارادے کا مکمل احترام کیا جائے اور خطّے کے ممالک کے جائز خدشات کا مناسب خیال رکھا جائے۔طویل المدتی حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، شی نے دو ریاستی حل کو جامع اور پائیدار امن کے حصول کا بنیادی راستہ قرار دیا۔انہوں نے غزہ میں انسانی صورتِ حال کو جلد از جلد بہتر بنانے اور فلسطینی عوام کی تکالیف کم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ فلسطینی مسئلہ عالمی نظام کی کارکردگی کا بھی امتحان ہے۔شی نے ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ فلسطین کی بنیادی وجوہ پر غور کریں، ذمہ داریاں اٹھائیں، موثر اقدامات کریں، تاریخی ناانصافیوں کی اصلاح کریں اور انصاف و مساوات کے اصولوں کو برقرار رکھیں۔
اسی دوران قوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیوغطریس نے واضح کیا ہے کہ فلسطینی عوام کو پوری طرح سے عزت، انصاف اور اپنے مستقبل کا خود تعین کرنے کا حق حاصل ہے، جیسا کہ دنیا کے دیگر عوام کو حاصل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ فلسطینی ریاست کا قیام ایک ایسا حق ہے جس سے کبھی دستبرداری اختیار نہیں کی جا سکتی۔
یہ بیان غطریس نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر ایک پیغام میں دیا جسے ان کے ڈائریکٹر دفتر کے چیف کورتینائی راترائی نے پڑھا۔ انہوں نے غیر قانونی قابض اسرائیل کے زیر قبضہ فلسطینی علاقوں سے فوری انخلاء کا مطالبہ کیااور نشاندہی کی کہ غزہ نے گزشتہ دو سالوں میں قابض اسرائیل کی جارحیت کا سامنا کیا جس کے نتیجے میں۷۰؍ ہزار سے زیادہ افراد شہید ہوئے، سیکڑوں ہزار زخمی ہوئے، بنیادی ڈھانچے کی تقریباً مکمل تباہی ہوئی، بھوک، بیماریاں اور نفسیاتی صدمات  پیدا گئے۔
انہوں نے اکتوبرمیں ہونے والی جنگ بندی کو امید کی کرن قرار دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK