Inquilab Logo

پاورلوم انڈسٹری کیلئے اسٹڈی گروپ بنے گا

Updated: December 14, 2023, 9:23 AM IST | Iqbal Ansari | nagpur

مہاراشٹر اسمبلی میں ٹیکسٹائل وزیر کا اعلان، یہ گروپ پالیسی میں ضروری تبدیلی کا مشورہ بھی دیگا، پاورلوم صنعت کو ۲۴؍ لاکھ ساڑیوں کے ٹھیکے کا اعلان

Abu Asim Azmi and Raees Sheikh talking to the media under the cover of the Assembly.
ابو عاصم اعظمی اور رئیس شیخ اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے۔

پاور لوم صنعت کیلئے یہ بڑی   راحت کی خبر ہوگی کہ حکومت مہاراشٹر نےاس کااعتراف کیا ہے کہ کاشتکاری کے بعد پاورلوم دوسری صنعت ہے جو سب سے زیادہ ملازمت  فراہم کرتی ہے۔  اسی لئے  بھیونڈی،  مالیگاؤں اور اچل کرنجی کے پاور لوم کے مسائل معلوم کرنے اوران کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت کی ٹیکسٹائل پالیسی میں ضروری تبدیلی کا مشورہ دینے کیلئے حکومت نے ایک اسٹڈی گروپ قائم کرنے کا اعلان کیاہے۔
  بدھ کو قانون ساز اسمبلی میں ایم ایل اے رئیس شیخ اور ابو عاصم اعظمی کی توجہ طلب نوٹس کے جواب میں ٹیکسٹائل کے وزیرچندر کانت پاٹل نے یہ اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ     مہاراشٹر میں غریب خواتین میں تقسیم کیلئے  ۲۴؍ لاکھ ۵۸؍ ہزار ساڑیوں کا ٹھیکہ بھی  حکومت پاورلوم صنعت کو ہی دے گی۔ 
 رئیس شیخ نے توجہ دلائی کہ ملک کے۱۲؍  لاکھ ۷۰؍  ہزار پاور لومز میں سے نصف  مہاراشٹر ریاست میں ہیں  جن کا  ریاست میں روزگار پیدا کرنے  میں بڑا تعاون ہے ۔
 سماج وادی پارٹی کے بھیونڈی کے ایم ایل اے رئیس شیخ نے بدھ کو پاور لوم کے کاروباریوں کے مختلف مسائل کوتوجہ طلب نوٹس  کے ذریعہ اٹھایا۔ اس پر جواب دیتے ہوئے چندرکانت پاٹل نے یقین دلایا کہ نئی ٹیکسٹائل پالیسی کے مطابق ریاست میں اگلے ۵؍ برسوں میں ۲۵؍ ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری متوقع ہے اور۵؍ ہزار نئی ملازمتیں پیدا ہونے کی امید ہے۔انہوں نے بتایا  کہ حکومت۲۷؍ہارس پاور سے اوپر والےپاور  لوم مالکان کو۷۵؍پیسے فی یونٹ اور ۲۷ ؍  ہارس پاور سے کم  کے لوم مالکان کوایک روپے فی یونٹ کی اضافی بجلی کی رعایت دینے پر غور کر رہی ہے۔ وزیر ٹیکسٹائل نے رئیس شیخ  کے توجہ دلانے پر  بھیونڈی کا دورہ کرنے  اور وہاں کے پاور لوم مالکان  کے مسائل کو سمجھنے کا بھی یقین دلایا ۔

 

abu azmi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK