Inquilab Logo

بجلی بل معاف کرنے کیلئے عام آدمی پارٹی ، ایم آئی ایم اور ایم این ایس کی مہم

Updated: July 16, 2020, 8:14 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

’آپ‘ نے ممبئی سمیت پورے مہاراشٹر میںشکایت آن لائن درج کرانےکیلئے ’حساب دو‘مہم شروع کی۔ مجلس اتحادالمسلمین نے عوام سے ۲۰؍جولائی کو رات ۸؍بجے پورے مہاراشٹر میں ۵؍منٹ کیلئے لائٹ آف کرکے احتجاج درج کرانے کی اپیل کی ۔مہاراشٹرنونرمان سینا کے وفد نے اڈانی الیکٹرسٹی کمپنی کی منیجرکو میمورنڈم دیا

MNS
ایم این ایس کے کارکن اڈانی کی منیجر کو میمورنڈم دیتے ہوئے۔

 زیادہ بجلی بل بھیجنے اور بل معاف کرنے سے متعلق عام آدمی پارٹی(آپ) نے بدھ کو ممبئی سمیت پورے مہاراشٹر میں آن لائن لائن ’حساب دو‘ مہم شروع کی ہے ۔ دوسری جانب مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) نے شہریوں سے ۲۰؍ جولائی کو رات ۸؍بجے صرف ۵؍منٹ کیلئے لائٹ بند کرکے احتجاج کرنےکی اپیل کی ہے ۔اسی طرح مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کے وفد نے بدھ کو بجلی بل سےمتعلق باندرہ مشرق میں اڈانی کمپنی کی منیجرکو ایک میمورنڈ م دیاہے جس میں زیادہ بجلی بل  بھیجنےکی شکایت کے علاوہ اس سے متعلق دیگر شکایتیں دور کرنےکی اپیل کی گئی ہے ۔واضح رہےکہ لاک ڈائون اور معاشی مندی سےعوام شدید پریشان ہیں۔ بنیادی ضرورتیں پوری کرنے میں بھی انہیں دشواری ہورہی ہے ۔اس لئے مذکورہ سیاسی جماعتوں کی جانب سےبجلی بل معاف کرنے ،اس میں کٹوتی کرنے اور بل کی ادائیگی میں سہولت دینے کی گزشتہ ۲؍مہینے سے مطالبہ کیا جارہا ہے مگر ریاستی حکومت اور مہاراشٹر الیکٹرسٹی ریگولیٹری کونسل ( ایم ای آر سی) کسی طرح کی سہولت نہیں دے رہی ہے۔ اس کے بجائے  اب  بجلی سپلائی کمپنیوں کی جانب سے اوسطاً فزیکل بل روانہ کیاجارہاہےجو کافی زیادہ  ہونے سے صارفین پریشان ہیں۔ جن کاماہانہ بل ایک ہزارر وپے آرہاتھا انہیں ۳؍ہزار روپے کا بل روانہ کیاگیاہےجس سے صارفین میںبجلی سپلائی کمپنیوں کے خلاف ناراضگی پائی جارہی ہے ۔
 عام آدمی پارٹی ممبئی کے سیکریٹری دھننجے کرشنا نے انقلاب کو بتایاکہ ’’ لاک ڈائون سے عام انسان بری طرح پریشان ہے۔ اس کی روزی روٹی کا ذریعہ بندہے ۔ ایسےمیں اس کیلئے ۲؍وقت کی روٹی کا انتظا م کرنا چیلنج بنا ہے ۔ دوسری جانب بجلی سپلائی کرنےوالی کمپنیاں سہولت فراہم کرنے کے بجائے  میٹرریڈنگ کے بغیر من مانا  بل بھیج کرصارفین کی مشکلوںمیں اضافہ کررہی ہیں۔ بجلی کمپنیوں کے خلاف ہم نے ’حساب دو‘ مہم شروع کی ہے جس میں زیادہ  بل بھیجنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی جائے گی تاکہ ایم ای آرسی اور ریاستی حکومت تک صارفین کی شکایت پہنچ سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہلی حکومت جب ۲۰۰؍یونٹ بجلی مفت فراہم کرسکتی ہے تو مہاراشٹر حکومت کیوں نہیں؟
 ایم آئی ایم ممبئی کے صدر فیاض احمد خان بھی گزشتہ ۲؍مہینے سےاپیل کرر ہے ہیں کہ صارفین کی سہولت کیلئے لاک ڈائون کے دوران  اور لاک ڈائون ختم ہونےکےبعد ۲؍مہینے تک کا بجلی بل معاف کیاجائے  لیکن حکومت کی جانب سے مثبت جواب نہ ملنے کی  صورت میں ۲۰؍جولائی کو بطور احتجاج ریاست بھر میں رات ۸؍ بجے  ۵؍منٹ کیلئے لائٹ بند کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
 ایم این ایس کے نمائندے جناردن کامبلے نے بتایاکہ ’’   لاک ڈائون سے لوگ ویسے ہی پریشان ہیں،  کاروبار بندہونے سے آمدنی کاذریعہ نہیں ہے۔ایسے میں اڈانی الیکٹرسٹی سپلائی کمپنی نے ایک ساتھ  بغیر میٹرریڈنگ کا اوسطاً بل بھیج دیاہے  جس سےصارفین میں شدیدبے چینی پائی جارہی ہے ۔جسےمہینے کا ایک ہزار روپےبجلی بل  آتا تھا، اسے ۳؍ہزار روپے کا بل بھیجاگیاہے ۔جس طرح کے حالات ہیں ایسے میں تو سہولت فراہم کی جانی چاہئے ، اس کے بجائے یہ کمپنی صارفین کیلئے زحمت ثابت ہورہی ہے۔ اس لئے بدھ کو ہمارے سینئر لیڈر تشار آپلے کی قیادت میں اڈانی کمپنی کی منیجر کو ایک میمورنڈم دیاگیاہے جس میں میٹرریڈنگ کے حساب سے بل روانہ کرنے اور ہرمہینے کے بل کی تفصیل بل کے عقب میں شائع کرنے بھی درخواست کی گئی ہے ۔ جو صارف زیادہ بل ادا کرچکے ہیں اس کے بارے میں جب منیجر نےیہ کہاکہ اسے بعد میں ایڈجسٹ کردیا جائے گا تو ہم نے کہاکہ ایسا نہیں ہونا چاہئے ، یہ رقم فوری طورپر صارفین کو واپس کی جائے ۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK