Inquilab Logo

عبد الرحمان اسٹریٹ :عمارت میں آگ لگی، لاکھوں کا مال جل کر خاک

Updated: November 10, 2020, 7:40 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

صبح ۵؍بجے چوتھے منزلہ پر آگ لگی تھی،پانچویں منزل سے مکینوں کو بحفاظت باہر نکالا گیا

Abdul Rehman Street Fire
آتشزدگی کی وجہ سے لوگوں میں افرا تفری پھیل گئی تھی۔

 گزشتہ ایک ماہ کے  دوران عبدالرحمن اسٹریٹ میں رہائشی اور تجارتی علاقے میں  دوسری مرتبہ آگ لگنے کا حادثہ پیش آیا۔اچھی بات یہ رہی کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ عبد الرحمٰن اسٹریٹ اور زویری بازار کے درمیان واقع ستار والا چال نامی بلڈنگ کے چوتھے منزلہ پر  پیر کو الصباح اچانک آگ لگ گئی ۔ تجارتی گوڈاون کے طور پر استعمال ہونے والے دونوں کمروں تک آگ کے محدود ہونے اور بر وقت اس پر قابو پا لینے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے ۔
  گراؤنڈ پلس ۵؍ منزلہ عمارت کے چوتھے منزلہ پر اس وقت آگ لگی تھی جب اس میں آباد مکین سو رہے تھے ۔ صبح ساڑھے ۵؍ بجے کے قریب آگ لگنے سے بلڈنگ میں دھواں پھیلنے لگا جس کی بدبو سے  بلڈنگ کے مکینوں کے علاوہ آس پاس کے مکینوں کی بھی آنکھ کھلی تھی ۔ آگ لگنے سے  اطراف کی بلڈنگ میں بھی بے چینی اور افراتفری پھیل گئی ۔ وہیں ۵؍بج کر ۱۰؍منٹ پر آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، پولیس اور مقامی نوجوانوں نے مستعدی اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں منزلہ پر آباد مکینوں کو بہ حفاظت نکال لیا گیا اور پوری عمارت خالی کروالی گئی ۔
  فائر بریگیڈ نے ۷؍گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا ۔ خوش قسمتی سے ۲؍ کمروں میں پلاسٹک کی شیٹ کے سبب کمرے میں رکھے وائر پیکنگ اور پلاسٹک میٹیریل ہونے سے آگ تیزی سے پھیل نہیں سکی البتہ پوری عمارت اور اطراف کے علاقے میں دھواں پھیل گیا تھا ۔ فائر بریگیڈ نے ۱۱؍ بج کر ۳؍منٹ پر آگ پر قابو پایا جا سکا تھا ۔ فائر بریگیڈ افسر کے بقول اب تک آگ لگنے کی صحیح وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے اور نہ ہی نقصان ہونے والے سامان کی لاگت کا ہی اندازہ لگایا جا سکا ہے ۔
  عبدالرحمن اسٹریٹ میں رہنے والے شوکت علی کے مطابق آس پاس کے مکینوں اور خود  عمارت میں رہنے والوں کو آگ لگنے کا پتہ اس وقت چلا جب آگ کی لپٹوں کے بجائے متاثرہ عمارت اور آس پاس کے علاقوں میں تیزی سے دھواں پھیلنے لگا ۔ اسی علاقے کے رہنے والے نوجوان شاکر عطر والا نے بتایا کہ خوش قسمتی کی بات یہ رہی کہ سبھی کو بہ حفاظت نکال لیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، حتیٰ کہ اس حادثہ میں کسی کو معمولی چوٹ تک نہیں آئی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK