Inquilab Logo Happiest Places to Work

ابھیجیت دپکے کی اب دیہی علاقوں کے سرکاری اسکولوں کو بہتر بنانے کی ملک گیر مہم

Updated: August 11, 2026, 11:44 PM IST | Aurangabad

یوم آزادی پرمہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے بانی نے کہا: گزشتہ ۸۰؍برس میں اگر کسی چیز کو سب سے زیادہ نظر انداز کیا گیا ہے تو وہ ہمارے گاؤں کے سرکاری اسکول ہیں

Abhijeet Deepke is going to start his campaign from his village school.
ابھیجیت دپکے اپنی مہم کا آغاز اپنے گاؤں کے اسکول سے کرنے والے ہیں

نیٹ ‘ پیپرلیک معاملے کے خلاف کامیاب احتجاج کے بعد کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے بانی ابھیجیت دپکے نے اب دیہاتوں میں سرکاری اسکولوں کو بہتر بنانے کیلئے ملک گیر مہم کا اعلان کیا ہے۔گزشتہ روز اس تعلق سے انہوں نے    والدین سے بنیادی سہولیات اور سرپنچوں کا سماجی آڈٹ کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ وہ تعلیمی اداروں کو بہتر بنانے کا کام کریں۔یہ مہم۱۵؍ اگست کو شروع کی جائے گی جس میں سی جے پی نے شہریوں، والدین اور گاؤں کے لیڈران سے مل جل کر کام کرنے کی اپیل کی ہے ۔
 ایک ویڈیو پیغام میں ابھیجیت دپکے نے کہا کہ وہ اس مہم کا آغاز   اپنے گاؤں ہنگولی سے کریں گے اور اس گاؤں کے سربراہ سے رابطہ کرکے وہاں کے سرکاری اسکولوں کو بہتر بنانے کی درخواست  کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ’’ اس ۱۵؍ اگست کوہمارا ۸۰؍ واں یوم آزادی ہے لیکن گزشتہ ۸۰؍برس میں اگر کسی چیز کو سب سے زیادہ نظر انداز  کیا گیا ہے  تو وہ ہمارے گاؤں کے سرکاری اسکول ہیں۔‘‘انہوں نے پوچھا کہ ’’ہم نے نئی پارلیمنٹ، نیا پی ایم ہاؤس بنایا ہے، ہم اپنے گاؤں میں نئے اسکول کیوں نہیں بنا سکے؟ کیا ہم کسانوں اور مزدوروں کے بچوں کو اپنے ملک کا مستقبل نہیں سمجھتے؟‘‘  گاؤں کے بچوں کو آج بھی اسکول جانے کیلئے پیدل طویل فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے اور اکثر بنیادی سہولیات جیسے کہ پینے کا پانی اور بیت الخلاء وہاں دستیاب نہیں ہوتے۔‘‘ انہوں نے خاص طور پر لڑکیوں کو درپیش مشکلات کو اجاگر کیا اورکہا کہ ’’مجھے لگتا ہے کہ اس۱۵؍ اگست کو اگر ہمیں کسی چیز پر توجہ دینی چاہئے اور  ایک نئی شروعات کرنی چاہئے تواس کا آغاز ہمیں اپنے سرکاری اسکولوں کو بہتر بنانے سےکرنا چاہئے۔‘‘
’’ہم آپ کو کریڈٹ دیں گے‘‘
 تنظیم نے اسے ایک ’سرپنچ چیلنج‘ قراردیا  ہے جس کے تحت وہ   گاؤں کے ایسے سرپنچوں کو عوام کے سامنے پیش کرے گی  جو اپنے اسکولوں کو بہتر بناتے ہیں اورپہلے اور بعد کی تصاویر اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پرشیئر کرکے اس کا کریڈٹ بھی دے گی۔’دی ہندو‘ کی خبر کے مطابق  ابھیجیت دپکے نے کہاکہ ’’ہم آپ کو کریڈٹ دیں گے تاکہ   آپ   کے اسکولوں میں بہتری کو دیکھ کربہت سے دوسرے سرپنچ بھی اپنے گاؤں میں اسکولوں کو سدھارنا شروع کر دیں ۔‘‘
 ابھیجیت دپکے نے والدین سے درخواست کی ہے کہ اگر سہولیات دستیاب نہیں ہیں تو اس تعلق سے ویڈیو بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ  ’’آپ اپنے بچوں کے اسکولوں میں جائیں اور دیکھیں کہ کیا بنیادی سہولیات دستیاب ہیں؟  دیکھیں کہ کیا بجلی، پانی ہے... کیا آپ کے بچوں کو واش روم کی سہولت ملتی ہے؟ کیا انہیں مڈڈے میل ملتا ہے؟  سی جے پی نے یہ بھی کہا کہ وہ جلد ہی پرنٹ ایبل آڈٹ فارم جاری کرے گی جس کے ذریعے لوگ  اپنے بچوں کے اسکولوں میںدستیاب سہولیات اور جو سہولیات دستیاب نہیں ہیں ، انہیں  ریکارڈ کریں گے۔
’’اصل ہندوستان گاؤں میں رہتاہے‘‘
 اس فارم کو سی جے پی  کے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مہم کی ویڈیوز کے لنک کے ذریعے شیئر کیا جائے گا۔ مکمل   فارم اور ویڈیو والے  ثبوت contact@cockroachjantaparty.org پر ای میل کیا جاسکتا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ اس مہم  سے اس بات کو یقینی بنانا  ہے کہ  دیہات کے اسکولوں میں پڑھنے والے کسانوں اوریومیہ مزدوروں کے بچوں کووہی سہولیات حاصل ہو جو  شہر  کے لوگوں کے بچوں کوحاصل ہے۔ دپکے نے کہا کہ  ’’اگر یہ سہولیات دستیاب نہیں ہیں تو آپ اس کی ویڈیوز بنائیں  کیونکہ آپ کے بچوں کی تعلیم اچھی ہونی چاہئے۔ یہ آپ کا بنیادی حق ہے ۔ آئیے ہم سب گاؤں میں رہنے والے بچوں سے وعدہ کریں کہ ہم ان کے اسکولوں کو بہتر بنائیں گے۔ مل کر ہم یہ کر سکتے ہیں۔‘‘ انہوں نے اپنے ویڈیوپیغام کا اختتام یہ کہتے ہوئے کیا کہ’ ’اصل ہندوستان گاؤں میں رہتا ہے‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK