دماغی نکسل والےمودی کے بیان پر جے رام رمیش نےکہا کہ دیوالی جیسے غیر سیاسی اور سنجیدہ موقع پر بھی وزیر اعظم نے اپنےسیاسی مخالفین کے خلاف نامناسب زبان استعمال کی۔
EPAPER
Updated: November 09, 2026, 12:44 PM IST | Agency | New Delhi
دماغی نکسل والےمودی کے بیان پر جے رام رمیش نےکہا کہ دیوالی جیسے غیر سیاسی اور سنجیدہ موقع پر بھی وزیر اعظم نے اپنےسیاسی مخالفین کے خلاف نامناسب زبان استعمال کی۔
کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ’دماغی نکسل‘ والے بیان اورنوٹ بندی کے۱۰؍ سال مکمل ہونے پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔دماغی نکسل والے بیان کے حوالے سےکانگریس لیڈر نےکہا کہ وزیر اعظم واضح طور پر مایوس، پریشان اور بے چین ہیں اور ان کے ’جھولا اٹھا کر جانے‘ کا وقت تیزی سے قریب آ رہا ہے۔ رمیش نے الزام لگایا کہ دیوالی جیسے غیر سیاسی اور سنجیدہ موقع پر بھی وزیر اعظم نے اپنے مخصوص انداز میں سیاسی مخالفین کے خلاف نامناسب زبان استعمال کی۔
وزیر اعظم کا طرز عمل مناسب نہیں
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اتوار کو ایک پوسٹ میں جے رام رمیش نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے ایک مرتبہ پھر ’دماغی نکسل‘ کی اصطلاح استعمال کی ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ وزیر اعظم نے سیکوریٹی فورسیز کی وردی پہن کر ایک غیر سیاسی تقریب میں سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا جو مناسب نہیں تھا۔ ان کے مطابق قومی سلامتی اور فوجی جوانوں سے متعلق مواقع کو سیاسی بیانات کیلئے استعمال نہیں کیا جانا چاہئے۔جے رام رمیش نے کہا کہ مودی حکومت کا ماضی کا ریکارڈ ظاہر کرتا ہے کہ وزیر اعظم نے مختلف عوامی مطالبات اور احتجاجی تحریکوں کو پہلے شدت پسند نظریات سے جوڑا، لیکن بعد میں انہی معاملات پر اپنا موقف تبدیل کر لیا۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ۲۸؍ اپریل۲۰۲۴ء کو وزیر اعظم نے ذات پر مبنی مردم شماری کا مطالبہ کرنے والوں کو ’شہری نکسل‘ قرار دیا تھا۔ تاہم بعد میں۳۰؍ اپریل۲۰۲۵ء کو حکومت نے اعلان کیا کہ۲۰۲۷ء کی مردم شماری کے تحت ذات پر مبنی مردم شماری بھی کرائی جائے گی۔ کانگریس جنرل سیکریٹری نے زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر۲۰۲۰ء میں وزیر اعظم نے تین متنازع زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کو نکسل نظریات کا حامی قرار دیا تھا۔ لیکن مسلسل احتجاج اور عوامی دباؤ کے بعد۱۹؍ نومبر۲۰۲۱ء کو خود وزیر اعظم کو ان تینوں زرعی قوانین کو واپس لینے کا اعلان کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھئے: ممبئی: قلابہ میں ایس آئی آر کے ذریعے ووٹرٹرن آؤٹ سے زائد نام حذف ہویے: تجزیہ
رمیش نے دعویٰ کیا کہ یہ مثالیں بتاتی ہیں کہ بی جے پی اور حکومت اختلاف رائے کو سننے کے بجائے ابتدا میں مخالفین کے لیے سخت اور توہین آمیز اصطلاحات استعمال کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں جب عوامی دباؤ بڑھتا ہے تو حکومت کو اپنا فیصلہ بدلنا پڑتا ہے۔ کانگریس لیڈر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ وزیر اعظم کی حالیہ زبان ان کی بڑھتی ہوئی سیاسی بے چینی کی علامت ہے۔واضح رہےکہ وزیراعظم مودی نے بسترمیںسی آر پی ایف کے جوانوں کے ساتھ دیوالی منائی اور نکسلیوںکے خطرات سے نمٹنے میںسابقہ کانگریس حکومت پر ناکامی کا الزام لگایا ۔اسی موقع پر انہوں نے دماغی نکسل کی اصطلاح بھی استعمال کی۔
’نوٹ بندی‘ کے بعد ’ووٹ بندی‘
جے رام رمیش نےنوٹ بندی کے ۱۰؍ سال مکمل ہونے پراس فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے معیشت کو تباہ کر دیا اور آج ووٹ بندی (انتخابی عمل کو متاثر کرنے والے ایس آئی آر جیسےاقدامات) سیاسی نظام کو برباد کر رہی ہے۔ انہوں نےمزید کہا کہ یہ دونوں ہی وزیر اعظم نریندر مودی کی دین ہیں۔جے رام رمیش نے ایک میڈیا رپورٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ۲۰۱۶ءمیں کی گئی نوٹ بندی ایک تباہی تھی اور۱۰؍ سال گزرنے کے بعد بھی نتائج کے اعتبار سے یہ مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔ اپنی پوسٹ میں جے رام رمیش نے لکھا’’نوٹ بندی نے معیشت کو تباہ کر دیا۔ ووٹ بندی سیاسی نظام کو برباد کر رہی ہے۔ یہ دونوں ہی وزیر اعظم کی دین ہیں۔‘‘
انہوں نے لکھا کہ’’۲۰۱۶ء میں آج ہی کے دن، وزیر اعظم مودی نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے۵۰۰ ؍ اورایک ہزار روپے کے بڑے کرنسی نوٹ بند کرنےکا اعلان کیا تھا۔کانگریس نے نوٹ بندی کی ہر برسی پر نریندر مودی حکومت کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ اس غیر سنجیدہ فیصلے نے ہندوستانی معیشت کی کمر توڑ دی اور ملک اس ’تاریخی تباہی‘ کیلئے وزیر اعظم کو کبھی معاف نہیں کرے گا۔ اپوزیشن پارٹی نے نوٹ بندی کو ایک بڑی فاش غلطی قرار دیا جو ان تمام اہداف کو حاصل کرنے میں ناکام رہی—جنہیں مودی حکومت نے وقتاً فوقتاً اپنے مقاصد کے طور پر پیش کیا تھا۔