کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دِپکے نے مطالبہ کیا کہ وزراء اور سرکاری افسران کیلئے یہ قانون بنادیا جانا چاہئے، اس قدم سے ہمارے سرکاری اسکول بہتر ہو جائینگے۔
EPAPER
Updated: August 19, 2026, 10:39 AM IST | Agency | Aurangabad
کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دِپکے نے مطالبہ کیا کہ وزراء اور سرکاری افسران کیلئے یہ قانون بنادیا جانا چاہئے، اس قدم سے ہمارے سرکاری اسکول بہتر ہو جائینگے۔
کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھجیت دِپکے نے اسکول ٹھیک کرو مہم تحت یہ مطالبہ کیا ہے کہ وزراء چاہے وہ ریاستی ہوں یا مرکزی ، اعلیٰ افسران اور خاص طور پر محکمۂ تعلیم کے افسران کو اپنے بچوں کا داخلہ سرکاری اسکولوں میں کرانا چا ہئے تاکہ تعلیم کے نظام کی ذمہ داری سنبھالنے والے افراد خود بھی اسی نظام میں براہِ راست شریک ہوں۔دِپکے نے ایکس پر لکھا، ’’اگر وزراء، اعلیٰ افسران، پرنسپل اور اساتذہ اپنے بچوں کا داخلہ سرکاری اسکولوں میں کرادیں تو دیکھئے ہمارے سرکاری اسکول کتنی تیزی سے جادوئی انداز میں بہتر ہوجائیں گے ۔‘‘ بلکہ دپکے نے یہ مشورہ بھی دیا کہ اس تعلق سے قانون بنادیا جانا چاہئے کہ وزراء اور تمام سرکاری افسران کےبچے سرکاری اسکولوں میں ہی پڑھیں گے۔ انہوں نے سوال کیا، ’’آخر یہ سب اپنے بچوں کو پرائیویٹ اسکولوں میں کیوں داخل کراتے ہیں؟ کیا انہیں اپنے ہی کام پر اعتماد نہیں ہے؟‘‘
یہ بھی پڑھئے:ورلڈ بیڈمنٹن چمپئن شپ: آیوش شیٹی نے عالمی نمبر ایک کھلاڑی کو شکست دے دی
ابھجیت دپکے کی اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین کا زبردست ردعمل سامنے آرہا ہے۔ کئی لوگوں نے ان کی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ سیاستدانوں، بیوروکریٹس اور دیگر سرکاری عہدیداروں کے بچوں کو بھی سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنی چاہئے تاکہ ان لوگوں کو بھی معلوم ہو کہ وہاں کا معیار کیا ہے۔ واضح رہے کہ دپکے کا یہ بیان ہنگولی ضلع میں واقع ان کے آبائی گاؤں کے ایک سرکاری اسکول میں مرمت کا کام شروع ہونے کے ایک دن بعد آیا۔ اسکول میں بنیادی سہولیات کی کمی اور کھڑکیوں کے ٹوٹے ہونے کی شکایت کے بعد انتظامیہ نے مرمتی کام شروع کیا ہے۔منگل کو دپکے نے اپنے آبائی ضلع کے ڈھے گاج گاؤں کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایک سرکاری اسکول میں طلبہ کو کلاس رومز کی صفائی کرتے دیکھا، حالانکہ اسکول میں صفائی کے لئے عملہ موجود تھا۔ اس دوران اسکول کے طلبہ نے دپکے سے نوٹ بک، قلم اور جوتوں کی بھی درخواست کی۔ دپکے نے انہیں یہ چیزیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اسکول کے لئے ایک ٹیوب لائٹ اور نیا بلیک بورڈ فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا۔ واضح رہے کہ سرکاری اسکولوں کی بدحالی کو اجاگر کرنے کے لئے شروع کی گئی اسکول ٹھیک کرومہم کو زبردست حمایت مل رہی ہے۔ اس کی وجہ سے کئی جگہوں پر اسکولوں کی حالت بہتر ہو رہی ہے۔