مرکزی وزیر مملکت برائے ریل کے اعلان کے مطابق کم از کم کرایہ ۶۵؍روپے کے بجائے ۳۰؍روپے کیا جائےگا، نیا کرایہ کب سے نافذ ہو گا اس کی وضاحت نہیں کی
EPAPER
Updated: April 30, 2022, 1:29 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
مرکزی وزیر مملکت برائے ریل کے اعلان کے مطابق کم از کم کرایہ ۶۵؍روپے کے بجائے ۳۰؍روپے کیا جائےگا، نیا کرایہ کب سے نافذ ہو گا اس کی وضاحت نہیں کی
ریلوے کے مسافروں کیلئے یہ ایک بڑی راحت کی خبر ہوگی کہ وزارت ریل نے اے سی لوکل ٹرین کے کرایے میں ۴۰؍ تا ۵۰؍فیصد کمی کرنےکااعلان کیاہے۔یہ اعلان مرکزی وزیر مملکت برائے ریل راؤ صاحب دانوے نے جمعہ کو کیا ۔ اس اعلان کے مطابق اے سی لوکل ٹرین کا جوکم از کم کرایہ (۵؍کلو میٹر ) فی الحال ۶۵؍ روپے ہے اسے ۳۰؍ روپے کیا جائے گا جبکہ عام لوکل ٹرینوں میںسیکنڈ کلاس کا کرایہ ۵؍روپے اور فر سٹ کلاس کا کرایہ ۵۰؍ روپے ہے۔ حالانکہ وزیرنے یہ نہیں بتایاکہ یہ کرایہ کب سے نافذ ہو گا۔ ریلوے کے اس فیصلہ کا مسافروں کا خیر مقدم کیا ہے اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔
اس ضمن میں راؤ صاحب دانوے کہاکہ ’’ہمیں مسافروں کی جانب سے کئی دنوں سے یہ درخواست موصول ہو رہی تھی کہ اے سی لوکل ٹرین کے کرایے میں کمی لائی جائے۔ ان ہی درخواستوں پر غور و خوض کرنے کے بعد کرایہ کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ امید ہے کہ اس سے مسافروں کو راحت ملے گی اور زیادہ مسافر اب اے سی لوکل ٹرین سے استفادہ کر سکیں گے ۔‘‘
واضح رہے کہ فی الحال سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے میں ۸۰؍ اے سی لوکل ٹرین چلائی جارہی ہیں۔لیکن اس کا کرایہ کافی زیادہ ہونے کے سبب مسافر اس سے سفر نہیں کر رہے تھے اور پوری پوری ٹرین خالی ہی چلائی جارہی تھی۔ حالانکہ ان دنوں ممبئی اور مضافات علاقوںمیں شدید گرمی ہو رہی ہے اور درجہ ٔ حرارت ۳۶؍ تا ۴۴؍ ڈگری سیلسیئس تک درج جارہا ہے اور محکمہ موسمیات میں اگلے چند دنوں میں مزید گرم ہوائیں چلنے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
مسافروں نے خیر مقدم کیا
اے سی لوکل ٹرین کے کرایہ میں کمی کے اعلان سے متعلق ایک مسافر نے اپنے تاثرات دیتے ہوئےکہاکہ’’ ا بھی اے سی لوکل ٹرین کاکرایہ فرسٹ کلاس سے بھی کئی گنا زیادہ ہونے کے سبب کئی مسافر چاہتے ہوئے بھی اس سے سفر نہیں کر پا رہے تھے اور ٹرین خالی خالی ہی جاتی تھی۔ چونکہ اب شدید گرمی پڑ رہی ہے اور مئی کا مہینے بھی آنے والا ہے ایسے وقت میں اگر اے سی لوکل ٹرین کے کرایے میں کمی لائی جاتی ہے تو زیادہ مسافر اس میں سفر کرنے کو فوقیت دیں گے ۔‘‘ ایک اور مسافرنے بتایاکہ ’’کرایے میں کمی کرنے کےساتھ ساتھ اے سی لوکل ٹرین کی خدمات میں بھی اضافہ کرنا چاہئے تب ہی اے سی کا ٹکٹ اور پاس لینے والے مسافروں کو فائدہ ہوگا۔‘‘
لوکل ٹرین کے ساتھ میٹرو میں سفر کرنے والے ایک مسافر نے بتایاکہ ’’ گھاٹکوپر سے ورسوا میٹروکا کرایہ بھی۳۰؍ روپے ہے اور اگر اے سی لوکل ٹرین کابھی کرایہ کم کیا جاتا ہے تو ممبئی کی لائف لائن کے مسافروں کو بڑی راحت ملے گی اور مسافر یہ کرایہ ادا کر سکیں گے ۔‘‘
لوکل ٹرین کا کرایہ:
لوکل ٹرین کا کم از کم ٹکٹ کا کرایہ درج ذیل ہے:
سکنڈ کلاس:۵؍ روپے
فرسٹ کلاس:۵۰؍ روپے
اے سی لوکل ٹرین : ۶۵؍ روپے
لوکل ٹرین کا کم از کم ماہانہ پاس کا کرایہ درج ذیل ہے
سکنڈر کلاس: ۱۰۵؍ روپے
فرسٹ کلاس: ۳۴۵؍ روپے
اے سی لوکل ٹرین : ۶۵۰؍ روپے