Inquilab Logo Happiest Places to Work

ادھو ٹھاکرے پس وپیش میں، سونیترا پوار نے حمایت کی درخواست کی، کانگریس بھی امیدوار اتارنے کی خواہاں

Updated: April 04, 2026, 11:52 PM IST | Mumbai

بارامتی ضمنی الیکشن نے شیوسینا (ادھو) کےسربراہ ادھو ٹھاکرے کو مخمصے میںڈال دیا ہےکیونکہ ایک طرف مہاوکاس اگھاڑی میں ان کی حلیف کانگریس نے بارامتی سے اپنا امیدوار کھڑا کرنے کا اعلان کیا ہے تو دوسری طرف خود سونیترا ( اجیت پوار کی بیوہ) نے انہیں حمایت حاصل کرنے کیلئے فون کیا ہے۔

All eyes are on Uddhav Thackeray`s decision.
ادھوٹھاکرے کے فیصلے پر سب کی نظریں ہیں

بارامتی ضمنی الیکشن نے شیوسینا (ادھو) کےسربراہ ادھو ٹھاکرے کو مخمصے میںڈال دیا ہےکیونکہ ایک طرف مہاوکاس اگھاڑی میں ان کی حلیف کانگریس نے بارامتی سے اپنا امیدوار کھڑا کرنے کا اعلان کیا ہے تو دوسری طرف خود سونیترا ( اجیت پوار کی بیوہ) نے انہیں حمایت حاصل کرنے کیلئے فون کیا ہے۔  اب دیکھنا یہ ہے کہ ادھو ٹھاکرے کانگریس کا ساتھ دیتے ہیں یا پوار خاندان سے پرانے تعلقات کی بنا پر سونیتر پوار کی حمایت کرتے ہیں۔ 
 یادرہے کہ اجیت پوار کے انتقال کے بعد بارامتی  کی سیٹ خالی ہوئی ہے اسی طرح شیواجی رائو کرڈیلے کے انتقال کے سبب احمد نگر کی راہوری سیٹ پر بھی ضمنی انتخابات ہور ہے ہیں۔ اجیت پوار کی بیوہ سونیترا پوار  نے راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے کر مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالا ہے۔ اب آئین کی رو سے انہیں اسمبلی کی رکنیت حاصل کرنی ہے۔ لہٰذا وہ بارامتی سے اپنے شوہر کی جگہ الیکشن لڑ رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق ادھو ٹھاکرے سے فون پر گفتگو کے دوران انہوں نے شیو سینا کی حمایت کیلئے درخواست کی ہے تاکہ وہ  بلا مقابلہ الیکشن جیت کر ایوان میں پہنچیں۔ ان کے اس فون سے ادھو ٹھاکرے مخمصے میں ہیں کیونکہ ایک روز قبل ہی کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ وہ بارامتی اور راہوری دونوں سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑا کرے گی۔  اس کیلئے دہلی قیادت سے منظوری حاصل کر لی گئی ہے اور دونوں نشستوں پر امیدواروں کے انٹرویو لئے جا رہے ہیں۔  پارٹی نے بارامتی کیلئے ۶؍ اور راہوری کیلئے ۴؍امیدواروں کے آن لائن انٹرویو لئے ہیں۔ مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال نے واضح کیا ہے کہ اگر این سی پی(شرد)  میدان میں نہیں اترتی ہے تو کانگریس خود اپنے امیدوار کھڑا کرے گی۔ کانگریس کو راشٹریہ سماج پکش اور ونچت بہوجن اگھاڑی کی حمایت بھی حاصل  ہے، جس کے باعث مقابلہ مزید سخت ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ 
ادھو ٹھاکرے اس تعلق سے فیصلہ کریں گے 
  اس تعلق شیوسینا (ادھو) کے ترجمان سنجے رائوت کا کہنا ہے کہ ’’ نائب وزیر اعلیٰ سونیترا پوار نے ادھو ٹھاکرے سے فون پر گفتگو کی ہے۔ دونوں کے درمیان بارامتی ضمنی انتخابات کے تعلق سے بات ہوئی۔ کیا بات ہوئی اور کیا فیصلہ کیا جائے گا اس تعلق سے خود پارٹی سربراہ(ادھو) میڈیا کو تفصیل فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا ’’اجیت پوار ، ادھو ٹھاکرے کے معتمد اور قریبی ساتھی تھے۔ لہٰذا مجھے لگتا ہے کہ ادھو ٹھاکرے بلامقابلہ انتخاب کے معاملے پر غور کریں گے۔ ‘‘ رائوت کا کہنا ہے کہ’’ سونیتراپوار کی پارٹی مہا وکاس اگھاڑی میں نہیں ہے وہ بی جے پی کے ساتھ ہے۔ کانگریس اگر الگ راہ اختیار کرتی ہے تو اس پر بھی توجہ دینی چاہئے لیکن اجیت پوار سے ادھو ٹھاکرے کا جذباتی رشتہ تھا اس لئے ادھو ٹھاکرے جو بھی فیصلہ کریں گے اس تعلق سے وہی بتائیں گے۔ 
دیویندر فرنویس کی اپیل  
 اس دوران وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے مہاراشٹر کی تمام پارٹیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بارامتی میں سونیترا پوار کے سامنے کوئی امیدوار کھڑا نہ کرے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ضمنی انتخابات بلامقابلہ ہوں تو مہاراشٹر کی تہذیب کی بقا کیلئے بہتر ہوگا۔ مجھے یاد ہے کہ آر آر پاٹل کی موت کے بعد ان کے بیٹے کے سامنے بی جے پی نے کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا تھا۔ وہ انتخاب بلا مقابلہ ہوا تھا۔ مجھے لگتا ہے تمام پارٹیوں کو بڑا دل کرکے اس بار بھی ایسا ہی کرنا چاہئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK