• Sun, 13 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بلڈروں کو فائدہ پہنچانے کا الزام

Updated: September 13, 2026, 1:09 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

جوگیشوری میں پروجیکٹ متاثرین کی زمین کا ریزرویشن ختم کرنے کی تجویز پر ہنگامہ۔

Ashraf Azmi showing copies of the letter given to the Mayor and Municipal Commissioner of Mumbai at the press conference. Photo: INN
پریس کانفرنس میں اشرف اعظمی ممبئی کی میئر اور میونسپل کمشنر کو دیئے گئے مکتوب کی کاپیاں دکھاتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن( بی ایم سی ) میں کانگریس کے گروپ لیڈر اشرف اعظمی نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں الزام عائد کیا ہے کہ شیو سینا ( شندے) کی لیڈر اور امپرومنٹ کمیٹی کی چیئرپرسن نے بلڈروں کو فائدہ پہنچانے کیلئے جوگیشوری میں بی ایم سی کی قیمتی زمین سے پروجیکٹ متاثرین کیلئے مکانات تعمیر کرنے کے ریزرویشن کو ختم کرنے کی تجویز منظور کر لی ہے۔ کانگریس نے اس کی مخالفت کی تھی اور تعجب خیز طور پر بی جے پی کے اراکین نے بھی اس کی مخالفت کی جو نہیں چاہتے تھے کہ شیو سینا (شندے)  کے حمایتی بلڈر کو یہ زمین ملے۔ اس سلسلے میں اشرف اعظمی نے ممبئی کی میئر اور میونسپل کمشنر کو مکتوب بھی دیا ہے اور بی ایم سی زمین پر مذکورہ ریزرویشن نہ ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ 
اس سلسلے میں اشرف اعظمی نے بتایاکہ ’’جوگیشوری (ایسٹ) میں مہاڈا لے آؤٹ میں ممبئی کے مختلف پروجیکٹ سے متاثرین (پی اے پی) کی بازآبادکاری کیلئے مکانات بنانے کیلئے مختص کی گئی تھی۔ اس زمین پر مہاڈا یا کسی بلڈر کے ذریعے مکانات تعمیر کر کے بی ایم سی کو مفت میں ملتے تھے۔ اس زمین کا ریزرویشن تبدیل کرنے کی تجویز بدھ کو امپرومنٹ کمیٹی میں پیش کی گئی تھی جس کی کانگریس نے مخالفت کی کیونکہ اگر یہ ریزرویشن ہٹا دیاجا تا ہے تو پھر بی ایم سی کو مفت میں مکان نہیں مل سکیں گے اور یہ بلدیہ کیلئے خسارے کا سودا ہوگا۔ ہماری مخالفت کے باوجود امپرومنٹ کمیٹی کی چیئرپرسن (شیو سینا۔ شندے) سندھیا دوشی نے اسے منظور کر دیا جس کیخلاف اقتدار میں شامل بی جے پی کے اراکین بھی ناراض ہوئے اور انہوں نے میٹنگ سے واک آؤٹ کر دیا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’ بی ایم سی کو مختلف پروجیکٹ متاثرین کی باز آبادی کرنے کیلئے ۳۳؍  ہزار ۳۳۲؍ مکانات کی ضرورت ہے جن میں روڈ کی توسیع، نالے چوڑا کرنے اور نالوں کو وسیع کرنے کے پروجیکٹ شامل ہیں۔ ان مکانات کو خریدنے کیلئے بی ایم سی ۲۰؍ ہزار ۱۰۰؍کروڑ روپے خرچ کر رہی ہے۔ بی ایم سی کو ایک مکان پر ۵۰؍ لاکھ سے لے کر ایک کروڑ ۱۱؍ لاکھ روپے تک ادا کرنے پڑیں گے اور دوسری جانب مفت ملنے والے مکان کی جگہ سے یہ ریزرویشن ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔ لہٰذا مَیں نے میئر ریتو تاؤڑے سے مطالبہ کیا ہے کہ اگلے مہینے جب یہ تجویز بی ایم سی کے اجلاس میں پیش کی جائے تو اسے مسترد کیاجائے۔ ‘‘
بی جےپی اور شیو سینا (شندے)میں نورا کشتی
اشرف اعظمی نے الزام عائد کیاکہ بی ایم سی میں بی جے پی اور شیو سینا ( شندے)کے لیڈروں نے نورا کشتی کامقابلہ چل رہا ہے کہ کون بی ایم سی کی زمین زیادہ سے زیادہ اپنے چہیتے بلڈروں کو دیتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK