• Thu, 16 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

لوکل ٹرینوں میں باباؤں اور دیگر غیر قانونی پوسٹر چسپاں کرنےوالوں پر کارروائی

Updated: October 16, 2025, 1:42 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

آرپی ایف نے ایک لاکھ سے زائد پوسٹر ضبط کئے۔ ملزم کی نشاندہی پر میراروڈ میںبابا کے ٹھکانے پرچھاپہ مارا گیا.

The accused was caught showing the posters. The RPF team is also seen. Photo: INN
پکڑا گیا ملزم پوسٹرس دکھاتے ہوئے۔آر پی ایف ٹیم بھی نظر آرہی ہے۔ تصویر: آئی این این
لوکل ٹرینوں میں فائنانس لون، مُدرا لون، تانترک باباؤں کے پوسٹر اور بیٹھی چال پروجیکٹ کے غیر قانونی پوسٹرس لگانے والوں پربوریولی ریلوے پروٹیکشن فورس (آرپی ایف ) کی جانب سے بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی۔
دراصل ٹویٹر اور ’ریل مدد‘ پر مسافروں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کے بعد انسپکٹر جنرل پرنسپل چیف سیکوریٹی کمشنر اجے سدانی کی ہدایت پر سینئر ڈویژنل سیکوریٹی کمشنر سنتوش کمار سنگھ راٹھوڑ (ممبئی سینٹرل) اور بوریولی کے آرپی ایف سینئر انسپکٹر کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم انچارج ریلوے پروٹیکشن اسپیشل فورس (ایس آئی پی ایف) سنتوش سونی اور ان کے ساتھیوںنے مشترکہ طور پر لوکل ٹرینوں میں غیرقانونی طور پر پوسٹرس چسپاں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی۔ 
اس تعلق سے آر پی ایف کےڈویژنل کمشنر کی جانب سے بتایا گیا کہ ۱۴؍اکتوبر کو مخبروں کے ذریعے اطلاع ملنے پر سب انسپکٹر سنتوش کمار سونی نے اپنی ٹیم کے ساتھ اندھیری اسٹیشن پلیٹ فارم نمبر ۲؍ پر کھڑی لوکل ٹرین میں تانترک اور وشیکرن بابا کے پوسٹر چسپاں کرنے والے ایک نوجوان کو گرفتار کیا۔ ملزم کا نام عبدالصمد بن ارشاد خان ہے۔ اس کے پاس سے ۶۰۰؍ پوسٹربھی ضبط کئےگئے۔مزیدپوچھ تاچھ کے بعد عبدالصمد کی نشاندہی پر میرا روڈ میں واقع بابا کے ٹھکانے پر چھاپہ مارکر ایک بابا اور ایک دوسرے شخص کو ۲۲؍ ہزار پوسٹروں کے ساتھ پکڑا گیا۔ ضبط شدہ پوسٹرس کے ساتھ مزید قانونی کارروائی کیلئے انہیںاندھیری ریلوے پروٹیکشن فورس چوکی کے حوالے کر دیا گیا۔انہوں نے یہ بھی بتایاکہ ’’مذکورہ ملزم دیگر آر پی ایف تھانوں میں بھی ۱۰؍سے زائد مقدمات میں مطلوب ہے۔ اسی طرح گزشتہ ایک ماہ میں ۲۹؍ افراد لوکل ٹرینوں میں پوسٹر چسپاں کرتے ہوئے پکڑے گئے، ان سے ۱۰؍ہزار ۴۹؍ پوسٹرس ضبط کئے گئے اور عدالت نے ان پر ۱۳؍ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔‘‘انہوں نےیہ بھی بتایاکہ ’’حال ہی میں غیر قانونی طورپر پوسٹر لگانے والوں کے خلاف مہم چلائی گئی اور۵۳؍افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے اوران سے ۳۷۴۰۰؍ پوسٹرس ضبط کئے گئے۔ انہیں عدالت میں پیش کرنے پر ان پر ۲۶۵۰۰؍ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
اس طرح کی کارروائی میں آرپی ایف ممبئی سینٹرل نے اب تک مجموعی طور پر۸۳؍ افراد کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سےایک لاکھ سے زائد مختلف پوسٹرس اور ہینڈبل ضبط کئے گئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK