Inquilab Logo Happiest Places to Work

سنجے شرساٹ کے محکمے میں بدعنوانی کا الزام ، ایم این ایس کا تفتیش کا مطالبہ

Updated: March 10, 2026, 1:03 PM IST | Agency | Mumbai

ایم این ایس لیڈر اویناش جادھو نے وزیر اعلیٰ کو خط لکھ کر مطلع کیا کہ وزارت برائے سماجی انصاف میںفنڈکی تقسیم میں دھاندلی ہو رہی ہے۔

Social Justice Minister Sanjay Shersat .Photo:INN
وزیر برائے سماجی انصاف سنجے شرساٹ۔ تصویر:آئی این این

  تھانے :( ایجنسی) مہاراشٹر نو نرمان سینا کے لیڈر اویناش جادھو نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کو ایک خط لکھا ہے جس میں محکمہ سماجی انصاف میں بے قاعدگیوں اور انتظامی غلطیوں کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ محکمہ میں فنڈ کی تقسیم، ٹینڈر کے عمل اور وزیر کے دفتر میں کچھ عہدیداروں کے کام کے بارے میں سنگین شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اس معاملے کی فوری تحقیقات کروانے اور مناسب کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ خط میں وزیر برائے سماجی انصاف سنجے شرساٹ کے دفتر میں پرائیویٹ سیکریٹری بھرت کدم پر بھی الزام لگایا گیا ہے۔ اویناش جادھو نے یہ شک بھی ظاہر کیا ہے کہ محکمہ میں او ایس ڈی کے طور پر کام کرنے والے سدھارتھ بھنڈارے بغیر کسی سرکاری حکم کے کام کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:گووندہ کا انکشاف: فلم ’’پارٹنر‘‘ میں سلمان خان کی شخصیت میں تبدیلی میرا خیال تھا

اویناش جادھو نے خط میں لکھا ہے کہ محکمہ سماجی انصاف کے فنڈ کی تقسیم کے عمل میں بدعنوانی کی شکایتیں موصول ہو رہی ہیں ، نیز محکمے میں حالیہ دنوں میں کچھ سنگین بے ضابطگیاں سامنے آ رہی ہیں۔  مختلف اسکیموں میں فنڈ کی تقسیم کے عمل میں کوتاہی ہوئی ہے۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایسی شکایات ہیں کہ طلبہ کے ہاسٹل اور ہاسٹل سے متعلق کام میں آن لائن ٹینڈر کے نام پر ایڈوانس رقم لے کر کام مختص کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ وزارت کے دفتر کے نام پرکچھ کام دیتے ہوئے اراکین اسمبلی، عوامی نمائندوں اور متعلقہ افراد سے کمیشن مانگا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:مغربی ایشیا کی کشیدگی اور یوکرین کے بحران پر ٹرمپ اور پوتن کا تبادلہ خیال

جادھو نے کہا ہے کہ یہ تمام معاملات بہت سنگین ہیں اور اس سلسلے میں منصفانہ اور مکمل تحقیقات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ شبہ بھی ظاہر کیا ہے کہ سدھارتھ بھنڈارے، جو سماجی انصاف کے محکمہ میں او ایس ڈی کے طور پر کام کر رہے ہیں، بغیر کسی سرکاری حکم کے محکمے میں تعینات ہیں۔  ان کی تقرری اور اختیارات کی بھی تحقیقات ہونی چاہئے۔ جادھو نے کہا کہ ان تمام معاملات نے محکمۂ سماجی انصاف میں انتظامیہ اور فنڈ کی تقسیم کے عمل پر سوال اٹھائے ہیں۔ اسلئے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے پورے معاملے کی آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات کروانے کی گزارش ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK