Inquilab Logo

ممبئی ، نوی ممبئی ، تھانے اور پنویل میں بھی پاپولرفرنٹ کیخلاف کارروائی

Updated: September 23, 2022, 9:57 AM IST | Nadeem asran and saeed Ahmed | Mumbai

این آئی اے اور ای ڈی نے سرچ آپریشن کیا۔اے ٹی ایس نے بھی چھاپہ مارا ۔کرلا ، چیتا کیمپ ،ملاڈ، کاندیولی اور دیگرعلاقوں سےکئی ممبران کوحراست میں لے لیاگیا

Police personnel can be seen posted outside the Popular Front of India office in Navi Mumbai. (PTI)
نوی ممبئی میں پاپولرفرنٹ آف ا نڈیا کےدفتر کے باہر پولیس اہلکارکوتعینات دیکھا جاسکتا ہے۔ ( پی ٹی آئی)

 پاپولر فرنٹ آف انڈیا(پی ایف آئی) کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ( ای ڈی ) اور نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی ( این آئی اے)نے ممبئی ، نوی ممبئی ، تھانے ، پنویل ، بھیونڈی اور دیگر جگہوں پرسرچ آپریشن کیا ہے ۔اسی طرح مہاراشٹرکے اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ ( اے ٹی ایس ) نے بھی چھاپہ مار ا ہے ۔ 
’’فی الحال ہم تنہا اس معاملہ کی جانچ کررہے ہیں‘‘
 اے ٹی ایس ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق  پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ممبئی ، نوی ممبئی  اور تھانے کے دفاتر پر چھاپہ مارا گیا۔ کل ۱۲؍ مقامات پر چھاپہ ماراگیا  اور ممبئی کے چیتا کیمپ، نوی ممبئی ،تھانے کے علاوہ ریاست کے الگ الگ  اضلاع کے دفاتر سے  ۲۰؍ افراد کو گرفتار کیاگیا ہے۔ اے ٹی ایس کے چیف ونیت اگروال سے اس کارروائی کی بابت جب یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ آیا یہ کارروائی این آئی اے اور ای ڈی کی کارروائی کا حصہ ہے یایہ کچھ اور معاملہ ہے تو انہوںنےکہا کہ ’’ اس معاملہ میں ہمیں  حاصل ہونے والی اطلاعات کی بنیاد پرہم نے کارروائی کی ہے، فی الحال ہم تنہا اس معاملہ کی جانچ کررہے ہیں ۔ہم نے مذکورہ  تنظیم کے مجرمانہ اور دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے ، دہشت گرد تنظیم کے ممبران سے رابطے میں ہونے ، لوگوں کی ذہن سازی کرنے اور ریاست میں لوگوں کو جنگ پر آمادہ کرنے کی موصولہ اطلاعات کے بعد نہ صرف کارروائی کی ہے بلکہ تنظیم کے کئی ممبران  اور ذمہ داران کو گرفتار بھی کیا ہے ۔ ‘‘
  تفتیشی ایجنسی نے جن علاقوں میں چھاپہ مارا ہے، ان میں کرلا ،چیتا کیمپ  ،ملاڈ، کاندیولی ،بھیونڈی اور پنویل شامل ہیں۔ اے ٹی ایس کے ایک سینئر افسر کےمطابق مذکورہ تنظیم کے ممبران اور ذمہ داران پر لوگوں کی ذہن سازی کرنے اور دو سماج کے درمیان نفرت پھیلانے ، دہشت گردانہ تنظیموں کے ممبران سے رابطے میں ہونے ، جنگ پر آمادہ کرنے اور  دہشت گردانہ سرگرمیوں  میں ملوث ہونے کے علاوہ تعزیرات ہند کی دیگر دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا ہے ۔
  این آئی اے کی ایک ٹیم نے چیتا کیمپ میں پاپولرفرنٹ آف انڈیا کے دفتر میں رہنے والےحیدر حبیب نامی شخص کو بھی حراست میں لیا ہے ۔ این آئی اے سے موصولہ اطلاع کے مطابق حراست میں لئے جانے والے شخص کا تعلق منگلور سے ہے ۔ اطلاع کے مطابق چیتا کیمپ کےڈی سیکٹر میں واقع پاپولر فرنٹ آف انڈیا کےدفتر میںاین آئی اے اوراے ٹی ایس کے اہلکاروں کی ٹیم نے جمعرات کی علی الصباح ۴؍بجے اچانک تلاشی مہم شروع کی اورصبح تقریباً ۱۰؍ بجے تک یہ تلاشی مہم جاری رہی۔اس دوران تفتیشی افسران نے پاپولرفرنٹ کے ۴؍ ذمہ داران کے فون ضبط کئے اور دفتر میں موجود حیدر حبیب نا م کے ایک شخص کواپنی تحویل میں لے لیا۔
’’کوئی قابل اعتراض چیز نہیں ملی‘‘
 تنظیم کے ذمہ داران کے مطابق تفتیشی ایجنسی کے اہلکاروں کودفتر سے کوئی قابل اعتراض چیز نہیں ملی سوائے ایک پھٹے ہوئے بینر کےلیکن خبرلکھےجانے تک ذمہ داران کے فون نہیںلوٹائے گئے تھے۔ایک ذمہ دارنے یہ دعویٰ بھی کیا کہ افسران کی جانب سے اس تعلق سے لکھ کردیا گیا ہے کہ انہیں دفتر سے کوئی ممنوعہ چیزبرآمد نہیںہوئی ہے۔اس کے علاوہ چیتا کیمپ پاپولرفرنٹ کے دفتر سے جس شخص کوتحویل میںلیا گیا ہے وہ مقامی نہیںہے بلکہ کسی اور ریاست سے اس کاتعلق ہے۔وہ ممبئی میںکسی ذاتی مصروفیت کی غرض سے آئے ہوئے تھے اور انہوں نے یہیں قیام کرلیا تھا۔
پنویل میں مزیدگرفتاری کا امکان
 پنویل میں این آئی اے نے گزشتہ رات ڈھائی بجے  بندر روڈ علاقے سے آصف شمیم ادھیکاری کو اس کے مکان سے گرفتار کیا۔آصف کا تعلق پاپولر فرنٹ سے تھا۔ کارروائی کے وقت دو سے ڈھائی سو پولیس اہلکار موجود تھے جن میں اے ٹی ایس، این آئی اے اور مقامی پولیس اہلکار شامل تھے ۔ آصف کو کلمبولی میں اے ٹی ایس ہیڈکوارٹرز  لے جایا گیا ہے۔ اس معاملے میں مزید گرفتاری کا بھی امکان ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK