Inquilab Logo

ایڈیسن کےمیئرنے نیوجرسی کےجشن آزادی کے پریڈ میں بلڈوزر کی نمائش کی مذمت کی

Updated: August 25, 2022, 12:36 PM IST | Agency | New Jersey

امریکی ریاست نیو جرسی کے ایڈیسن کے  میئر سیم جوشی نے ایڈیسن کےجشن آزادی کے پریڈ میں بلڈوزر کی نمائش پر شدید تنقید کی۔

The same bulldoze was used in the parade.Picture:INN
پریڈ میں یہی بلڈوز استعمال کیا گیا۔ تصویر:آئی این این

 امریکی ریاست نیو جرسی کے ایڈیسن کے  میئر سیم جوشی نے ایڈیسن کےجشن آزادی کے پریڈ میں بلڈوزر کی نمائش پر شدید تنقید کی۔ اس سلسلے میں انہوں نے پیر کو  ایک خط جاری کرکے کہا :’’۱۴؍ اگست کو ہندوستانی یوم آزادی کے پریڈ میں  بلڈوز ر کی نمائش تعصب اور تفریق کی علامت ہے۔   ایسے کسی بھی اقدام کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘‘  میئر نے یہ خط  مختلف  ہندنژاد مسلم تنظیموں کے احتجاج کےبعد جاری کیا  ۔ انہوں نے یہ خط  ٹویٹ کیا ۔   ۱۶؍ اگست کو اس کی انڈین امیریکن مسلم کاؤنسل اور مسلم سول رائٹس ادارے `کاؤنسل آن امیریکن اسلامک ریلشنز کی جانب سے شدید مذمت کی گئی تھی۔ انہوں  نے ایڈیسن   انتظامیہ ، ریلی میں شرکت کرنے والے نیو جرسی کے سینیٹر  اور دیگرسے کہا  تھا کہ ان کے نزدیک یہ نفرت آمیز اقدام تھا۔ اس کا مقصد تشدد کا جشن تھا۔   واضح رہےکہ ۱۴؍اگست کو ریاست نیو جرسی کے علاقے ایڈیسن میں ’انڈین بزنس اسوسی ایشن، نیو جرسی کی جانب سے  یوم آزادی پر ایک بڑی ریلی نکالی گئی تھی جس میں مختلف علامتوں کے ذریعہ وطن سے محبت کا اظہار کیا گیا۔  اہم بات یہ ہے کہ اس  ریلی  میں ایک بلڈوزر بھی شامل تھا جس پر  یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور وزیراعظم نریندر مودی کی تصاویر لگا ئی گئی تھیں۔  امریکہ جیسے ملک میں اس بلڈوزر کی موجودگی کی چوطرفہ مذمت کی گئی تھی۔  معروف  صحافی زیبا وارثی نے ہیش ٹیگ ’انڈیا ایٹ ۷۵‘؍ کے ساتھ  اس کا ویڈیو اس تبصرے کے ساتھ ٹویٹ کیا تھا :’’ نیو جرسی میں   یوم آزادی  کے پریڈ میں بلڈوزر کی موجودگی ہندوستانی مسلمانوں کے خلاف تعصب کی علامت ہے۔ اس سال کے اوائل میں  یہی بلڈوزر  ہندوستانی مسلمانوں کے گھروں اور کاروبار کی جگہوں کو مسمار کرنے کیلئے استعمال کئے گئے جو بظاہر مظاہروں کے انتقام کی  ایک شکل تھی۔‘‘  اس ٹویٹ پر انہیں ٹرول بھی کیا گیاتھا۔   اس سلسلے میں نیو جرسی کی رٹگرز یونیورسٹی میں جنوب ایشیائی تاریخ کی اسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر آڈری ٹرشکے کا کہنا تھا :’’بابا کا بلڈوزر ہندو قوم پرستوں کےمسلمانوں پر تشدد کا جشن ہے۔ایک ایسے علاقے میں جہاں جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والوں کی اکثریت ہے، یہ  ہندوستان نژاد مسلمانوں کو ہراساں کرنے  کی کوشش  ہے۔  ان کے مطابق ہندوتوا   کے حامی انتہا پسندی اور تشدد کی حمایت کرتے ہیں اور اب سب کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں کہ یہ فکر امریکی سرزمین  میںبھی پھل پھول رہی ہے۔‘‘ان کے مطابق ہندوستان کی آزادی کے روح رواں مہاتما گاندھی ہندو انتہا پسندی اور مسلمانوں پر تشدد کے خلاف تھے، اس لئے آزادی کے جشن کے نام پر بلڈوزر پریڈ کرنے والوں اور  ہندوستانی مسلمانوں پر تشدد کی حمایت کے جشن کا آزادی سے کوئی تعلق نہیں ہے، نیو جرسی میں نفرت کو جگہ نہیں دی جاسکتی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK