Inquilab Logo

اترپردیش، مدھیہ پردیش اور بہار میں دوسرے مرحلے کیلئے پولنگ آج

Updated: April 26, 2024, 9:11 AM IST | Agency/ Inquilab News Network | New Delhi

تینوں ریاستوں میں۱۹؍ اراکین پارلیمنٹ کے انتخاب کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان صبح ۷؍ بجے سےشام۶؍بجےتک ووٹنگ ہوگی۔

Election workers arrive at a polling booth in Bhagalpur.Photo: PTI
انتخابی عملہ بھاگلپور کے ایک پولنگ بوتھ پر پہنچ رہا ہے۔تصویر : پی ٹی آئی

اترپردیش، مدھیہ پردیش اور بہار کے پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں آج (جمعہ کو ) ووٹ ڈالے جائیں گے۔ تینوں ریاستوں میں۱۹؍ اراکین پارلیمنٹ کے انتخاب کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان صبح  ۷؍ بجے سے شام۶؍بجےتک ووٹنگ ہوگی۔ 
 لوک سبھا الیکشن کے دوسرے مرحلے میں جمعہ کو سخت سیکوریٹی کے درمیان اترپردیش کے ۹؍ اضلاع کی ۸؍پارلیمانی سیٹوں  پر صبح۷؍ سے شام ۶؍بجےتک ووٹنگ ہوگی۔ ریاست کے چیف الیکشن افسر نودیپ رنوا نے جمعرات کو میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ الیکشن کےد وسرے مرحلے میں لوک سبھا  کی  ۸؍  سیٹوں  امروہہ، غازی آباد، میرٹھ، باغپت، علی گڑھ، متھرا، بلندشہر اور گوتم بدھ نگر کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ دوسرے مرحلے میں فلم ادا کارہ اور بی جے پی ایم پی ہیما مالنی اور ارون گوئل سمیت ۹۱؍امیدواروں کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔رنوا نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں۸۱؍مرد اور ۱۰؍خاتون امیدوار انتخابی میدان میں ہیں جن کے قسمت کا فیصلہ ایک کروڑ ۶۷؍لاکھ۷۷؍ ہزار۱۹۸؍ رائے دہندگان کریں گے جس میں۹۰؍لاکھ۲۵؍ہزار۵۱؍ مرد اور ۷۷؍ لاکھ۵۰؍ ہزار۳۵۶؍ خاتون ووٹروں کے علاوہ۷۹۱؍ تیسری جنس کے ووٹر شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ’’بی جے پی کہیں’ ہاف‘ اور کہیں ’صاف ‘ہونے والی ہے‘‘

انتخابات کو پرامن ڈھنگ سے منعقد کرانے کے لئے  بڑی تعداد میں نیم فوجی دستوں  کو مامور کیا گیاہے۔ اسٹرانگ روم کی سیکوریٹی کی ذمہ داری بھی نیم فوجی دستوں کو دی گئی ہے۔ایمرجنسی کی حالت میں میڈیکل  سہولیت اور ایمبولنس اور ہیلی کاپٹر کا نظم کیا گیا ہے۔ اسی دوران لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت آج (جمعہ کو) مدھیہ پردیش کے ۶؍ پارلیمانی حلقوں میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان۱۲؍ہزار ۸۲۸؍ پولنگ اسٹیشنوں پر ایک کروڑ۱۱؍ لاکھ۶۲؍ ہزار سے زیادہ ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں گے۔ ووٹنگ مکمل ہونے کے ساتھ ہی۸۰؍ امیدواروں کی قسمت الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) میں  بند ہوجائے گی۔ ووٹنگ صبح۷؍ بجے سے شام۶؍ بجے تک  ہوگی۔  پہلے مرحلے میں نسبتاً کم ٹرن آؤٹ کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے تمام ووٹرز سے دوسرے مرحلے میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔  آج(جمعہ کو) ۶؍پارلیمانی سیٹوں ٹکم گڑھ، دموہ، ستنا، ریوا، کھجوراہو اور ہوشنگ آباد میں ووٹنگ ہوگی۔ پولنگ کے دن متعلقہ حلقے میں  عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر انوپم راجن نے جمعرات کو بتایا کہ۶؍ پارلیمانی حلقوں میں ووٹروں کی کل تعداد ایک کروڑ ۱۱؍ لاکھ۶۲؍ ہزار سے زیادہ ہے۔ اس میں۵۸؍ لاکھ۳۲؍ ہزار سے زائد مرد،۵۳ ؍لاکھ۲۹؍ ہزار سے زائد خواتین اور۱۵۵؍ تیسری جنس کے ووٹرز شامل ہیں۔ کل۱۲؍ ہزار ۸۲۸؍ پولنگ اسٹیشنز میں سے ایک ہزار۱۳۶؍ پولنگ اسٹیشن خواتین سنبھال رہی ہیں۔ ۳۲؍ پولنگ اسٹیشن کو معذور ملازمین چلائیں گے۔ ووٹنگ کو منصفانہ اور پرامن طریقے سے کرانے کیلئے۵۱؍ ہزار سے زائد ملازمین کو مامور کیا گیا ہے۔
  اسی دوران بہار کے ۵؍ لوک سبھا حلقوںمیں ووٹنگ جمعہ ۲۶؍اپریل کو ہوگی۔ الیکشن کے حوالے سے کمیشن نےتمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ بہار کے ۵؍ پارلیمانی حلقوںمیں کشن گنج، کٹیہار، پورنیہ، بانکا اور بھاگلپور پارلیمانی حلقے شامل ہیں۔ یہاں سے۳؍ خواتین امیدوار سمیت کل ۵۰؍امیدوار میدان میں ہیں۔۵؍ پارلیمانی حلقوں کے کل ۹۳۲۲؍ پولنگ مراکز پر کل۹۳؍ لاکھ ۹۶؍ ہزار ۲۹۸؍ ووٹر  حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ فی بوتھ اوسطاً۱۰۰۸؍ ووٹروں کیلئے ووٹنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں کل ۲۹؍ بوتھوں کا انتظام خواتین سنبھالیں گی جبکہ اس مرحلے میں۳۷؍ماڈل بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی۲۹؍ بوتھوں کا انتظام معذور اہلکاروں کو دیا گیا ہے۔ ووٹنگ کو شفاف بنانے کیلئے کل۴۸۲۱؍ بوتھوں سے ویب کاسٹنگ کی جائے گی جس کی نگرانی ضلع، ہیڈ کوارٹر اور کمیشن کی سطح پر کی جائے گی۔ 
 جہاں تک امیدواروں کی تعداد کا سوال ہے تو کشن گنج اور بھاگلپور  میں سب سے زیادہ ۱۲-۱۲؍  امیدوار ہیں جبکہ سب سے کم ۷؍ امیدوار پورنیہ لوک سبھا حلقہ میں ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK