Inquilab Logo

’’مجھے امیت شاہ کو جواب دینے کی ضرورت نہیں ہے‘‘

Updated: April 26, 2024, 9:07 AM IST | Agency | Pune

امیت شاہ کے الزامات کے جواب میں این سی پی سربراہ شرد پوار نے کہا ’’ مودی اور شاہ کو مہاراشٹر میں اتنی ریلیاں کرنی پڑ رہی ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صورتحال کیا ہے۔‘‘

Sharad Pawar is constantly participating in rallies and giving speeches until his throat is closed. Photo: INN
شرد پوار مسلسل ریلیوں میں شرکت کر رہے ہیں اور تقریریں کر رہے ہیں حتیٰ کہ ان کا گلا بیٹھ گیا۔ تصویر : آئی این این

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے  گزشتہ دنوں کہا تھا کہ شرد پوار کو ودربھ کے کسانوں سے معافی مانگنی چاہئے کیونکہ ۱۰؍ سال مرکز میں وزیر زراعت رہتے ہوئے انہوں نے کسانوں کیلئے کچھ نہیں کیا۔ ان کے اس الزام کے جواب میں شرد پوار نے کہا ہے کہ مجھے امیت شاہ کی بات کا جواب دینے کی  ضرورت نہیں ہے کیونکہ امیت شاہ کاشتکاری کی بہت تھوڑی معلومات ہے۔ شرد پوار پونے میں این سی پی (شرد) کا منشور جاری کرنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔  
  یاد رہے کہ شردپوار نے امراوتی میں  ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے اس بات کیلئے معافی مانگی تھی کہ انہوں نے گزشتہ الیکشن میں نونیت رانا(   اس بار امراوتی سے بی جے پی کی امیدوار) کی حمایت کی تھی  ۔ اسی کا حوالہ دیتے ہوئے امیت شاہ نے کہا تھا کہ شرد پوار کو عوام سے نونیت رانا کی حمایت کیلئے نہیں بلکہ اس بات کیلئے معافی مانگنی چاہئے کہ انہوں نے ۱۰؍ سال تک مرکز میں وزیر زراعت رہتے ہوئے کسانوں کیلئے کچھ نہیں کیا۔ شرد پوار نے جمعرات کو اس کے جواب میں کہا ’’کاشتکاری کے تعلق سے امیت شاہ کی معلومات بہت تھوڑی ہے۔ جن لوگوں کو معلومات ہی نہیں ہے ایسے لوگوں کی بات کا میں جواب نہیں دیتا۔ ‘‘ شرد پوار نے کا ’’ بی جے پی لیڈران بار بار مجھے نشانہ بنا رہے ہیں ، اس کی وجہ یہ ہے کہ انہیں اپنی شکست دکھائی دینے لگی ہے۔ ‘‘  

یہ بھی پڑھئے: جے ڈی یو کے لیڈر سوربھ کمار پر نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ، اسپتال میں موت

شرد پوار نے اس سے قبل پونے کی ایک ریلی میں نریندر مودی کا ایک آڈیو سنایا تھا جس میں وہ گیس کے دام  میں اضافے کے تعلق سے کانگریس پر تنقید کر رہے تھے اور بی جے پی کے جیتنے پر اسے سستا کرنے کا وعدہ کر رہے تھے۔  اس پر دیویندر فرنویس نے پوار پر تنقید کی تھی کہ پوار ہمیں نہ سکھائیں، اگر ہم نے ان کے ویڈیو دکھانے شروع کئے تو یاد آجائے گا کہ خود انہوں نے کتنی الٹی چھلانگیں لگائی ہیں۔‘‘  میڈیا نے جب فرنویس کے بیان کی جانب توجہ دلائی تو شرد پوار نے کہا ’’ انہوں نے کیا کہا یہ اہم نہیں ہے۔ اہم یہ ہے کہ بی جے پی ۱۰؍ سال سے اقتدار میں ہے۔ اب اسے مجھ پر یا ادھو ٹھاکرے پر الزام لگانے کے بجائے عوام کو یہ بتانا چاہئے کہ گزشتہ ۱۰؍ سال میں اس نے ملک کیلئے کیا کیا ہے؟ 
  یاد رہے کہ مہاراشٹر میں نریندر مودی اور امیت شاہ  متعدد ریلیاں کر چکے ہیں۔ ان میں بیشتر میں وہ شردپوار اور ادھو ٹھاکرے کو نشانہ بنا تے  رہے ہیں۔ شرد پوار نے کہا ’’ مودی اور امیت شاہ کی مہاراشٹر میں مسلسل ریلیاں ہو رہی ہیں۔ یہی اس بات کا ثبوت ہے کہ صورتحال کیا ہے۔  مہاراشٹر میں ان کے ہاتھ کچھ نہیں لگ رہا ہے۔ اسی لئے وہ اتنے بڑے پیمانے پر ریاست میں ریلیاں کر رہے ہیں۔ ‘‘ 
شرد پوار کا گلا بیٹھ گیا 
 شرد پوار نے جمعرات کو پونے میں این سی پی کے منشور  کے اجراء کی تقریب میں حصہ لینے کے بعد عثمان آباد کا رخ کیا جہاں انہوں نے  مہا وکاس اگھاڑی کے امیدوار اوم پرکاش راجے نمبالکر کی انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔ یہاں انہوں نے دوران تقریر کہا ’’ تقریر کر کرکے میرا گلا بیٹھ گیا ہے۔ لیکن  میرا گلا بیٹھ جائے یا کچھ اور ہو جائے میں ریلیوں میں شرکت ضرور کروں گا۔ کیونکہ یہ الیکشن انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔‘‘ شرد پوار نے کہا کہ ’’ میں دن میں ۴؍۔ ۴؍ ریلیوں میں شرکت کر رہا ہوں۔ لگاتار تقریر کر رہا ہوں ۔ تقریر کرکرکے میرا گلا بیٹھ گیا ہے۔  لیکن اس وقت ملک کے سامنے جو صورتحال ہے اس میں آپ اور میں اگر بیدار نہ ہوئے تو  آنے والے کئی سال تک ہمیں کئی مصیبتوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘‘   پوار نے کہا ’’اسی لئے نریندر مودی اور ان کی سیاست اصل میں کیا ہے، یہ سمجھانے کیلئے میں یہاں آپ کے سامنے کھڑا ہوں۔  اس ریلی کے بعد پوار نے ارچنا پاٹل کی انتخابی ریلی سے بھی خطاب کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK