Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’شریعت کی پابندی اور اتباع سنت ہی محبت رسولؐ کی پہچان ہے ‘‘

Updated: August 22, 2026, 10:36 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

سنی بلال مسجد میں جمعہ کے بعد حاضرین کو خصوصی پیغام۔ جامعہ قادریہ اشرفیہ میں ایک نشست کا بھی اہتمام کیا گیا۔ عام راہ گیروں کو تکلیف نہ ہو اس کا خاص خیال رکھنے کی تلقین۔

Participants at a meeting held regarding the Eid Milad-un-Nabi (PBUH) procession. Picture: INN
جلوس عید میلادالنبیؐ کے تعلق سے منعقدہ نشست میں شریک افراد۔ تصویر: آئی این این

دو ٹانکی عید گاہ میدان ، جامعہ قادریہ اشرفیہ میں جلوس عید میلاد النبیؐ میں شرکت کے نظم وضبط کے تعلق سے ایک نشست کا اہتمام کیا گیا۔ اس کا مقصد یہ بتایا گیا کہ شرکاء کو منظم کیا جائے، انہیں ادب کی تلقین کی جائے ، شائستگی کا درس دیا جائے اور یہ سمجھایا جائے کہ اس جلوس میں شرکت کے کیا تقاضے ہیں اور کس قدر باادب رہنا ضروری ہے۔  

اس موقع پر  مولانا الحاج  سید معین الدین اشرف ( سجادہ نشین خانقاہ عالیہ کچھوچھہ  اور صدر آل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء) نے کہا کہ ’’ہمیں یہ اچھی طرح ذہن نشین کرلینا چاہئے کہ شریعت کی پابندی اور اتباع سنت ہی محبت رسولؐ کی پہچان اور اصل ہے۔ ‘‘انہوں نے حاضرین سے  یہ بھی کہا کہ ’’جشن عید میلادالنبیؐ میں باوضو اور خوشبو لگاکر ادب واحترام کے ساتھ شرکت کریں ۔اسلامی لباس زیب تن ہو، سر پر عمامہ یاٹوپی ضرور پہنیں، جلوس میں پیدل چلنے کی کوشش کریں ۔ حتی الامکان موٹر سائیکل لانے سے پرہیز کریں، جلوس میں بینڈ، باجے اور ڈی جے   ہرگز نہ لائیں، نہ بجائیں  یہ اسلام میں حرام ہے ۔ ایسی خرافات سے اجتناب ضروری ہے جس میں اللہ اور اس کے رسول ناراضگی ہو۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:بھیونڈی : ایک ہی گھر کی دو بیٹیوں نے حفظِ قرآن کی سعادت حاصل کی

مولانا سید معین میاں نے راہ گیروں کا راستے کے تئیں کیا حق ہے ، اسے واضح کرتے ہوئے کہا کہ ’’دورانِ جلوس  راہ گیروں کا خیال رکھیں ، ایمبولنس وغیرہ کے لئے راستہ دینے میں خصوصیت سے خیال رکھا جائے۔ بزرگوں، خواتین، بچوں اور عام لوگوں کو تکلیف نہ ہو۔ راستہ بلاوجہ بند نہ کیا جائے اور انتظامیہ و منتظمین کی ہدایات پر مکمل عمل کیا جائے۔ ایسا کوئی کام نہ کریں جس سے کسی کو تکلیف ہو کیونکہ ایسا کرنا اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔ ‘‘

   رضا اکیڈمی  کے بانی الحاج محمدسعید نوری نے کہا کہ ’’شرکائے جلوس ادب واحترام کا خیال رکھیں اور دل آزار نعروں سے گریز کریں ۔جب نماز کا وقت ہوجائے تو پہلے مسجد میں نماز ادا کریں پھر جلوس میں شامل ہوں ۔ درود شریف اور نعت شریف کی کثرت کریں ۔ اشیاء خورد ونوش کی تقسیم کاری ، پانی کی بوتل، پھل ، مٹھائی اور  شیرینی تقسیم کرنے میں احتیاط برتیں کہ زمین پر نہ گرنے پائے تاکہ بے حرمتی نہ ہونے پائے ۔اسی طرح ہمارا کردار ایسا ہو کہ لوگ شرکائے جلوس عید میلادالنبیؐ  کو دیکھ کر اسلام کے حسن، پاکیزگی اور اخلاق سے متاثر ہوں۔ صفائی بھی ہمارے دین کا اہم حصہ ہے۔ جلوس کے راستے میں کچرا پھینکنے، پانی یا کھانے کی اشیاء ضائع کرنے اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے سے مکمل اجتناب کریں۔‘‘انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’دورانِ جلوس ایک دوسرے کے ساتھ محبت، اخوت اور احترام سے پیش آئیں، غرضیکہ یہ پیغام عام ہو کہ دیکھنے والا کہہ اٹھے کہ دیکھو، یہ غلامانِ محمدؐ جارہے ہیں۔ ‘‘

میٹنگ میں علماء اور ذمہ دار اشخاص موجود تھے۔ سب نے ان پیغامات کو عام کرنے میں تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK