Inquilab Logo Happiest Places to Work

اشرف علی سید سائن اسپتال کے آئی سی یو میں داخل

Updated: September 04, 2024, 9:57 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

ڈاکٹروں نے سی ٹی اسکین اور سونوگرافی کرانے کا مشورہ دیا

Ashraf Ali is undergoing treatment at Sign Hospital
اشرف علی سائن اسپتال میں زیر علاج ہیں

پولیس بھرتی کیلئے ممبئی آرہے چند اوباش قسم کے نوجوانوں نے بیف رکھنے کے شبہ میں چالیس گاؤں سے کلیان آرہے مسلم بزرگ اشرف علی سید کی بے رحمی سے پٹائی کردی تھی۔نوجوانوں نے دادا کی عمر کے معمر شخص کا کوئی لحاظ نہ رکھتے ہوئے انہیں گھیرے میں لے کر زدوکوب کیا۔شر پسندوں کے اس حملہ میں اشرف علی سید کی آنکھ، پیٹ اور پیشاب کی نلی کے پاس اندرونی چوٹیں آئی ہیں۔ حادثہ کے ۵؍ روز بعد بھی اشرف علی سید کے زخم ٹھیک نہیں ہوئے اور ان کی تکلیف میں اضافہ ہوا تب انہیں علاج کیلئے سائن اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا ہے۔اہل خانہ کے مطابق ابھی ان کی حالت مستحکم ہے اور ڈاکٹروں کے مشورے پر مختلف ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔
  واضح رہے کہ چلتی ٹرین میں بزرگ شہری کی بے رحمی سے پٹائی کے باوجود تھانے گورنمنٹ ریلوے پولیس نے ملزمین کے خلاف معمولی دفعات لگائی تھیں اور انہیں ضمانت  مل گئی تھی۔اس پرممبرا کلوا کے رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ نے تھانے جی آر پی پہنچ کر سخت اعتراض جتایا اور ملزمین کے خلاف سنگین دفعات کو شامل کرنے کی درخواست کی تھی۔بعدازاں جی آر پی نے دفعات شامل کرنے کیلئے اتوار کی شام  اشرف علی سید کا دوبارہ بیان قلمبند کیا اور  پیر کو انہیں میڈیکل چیک اپ کیلئے تھانے سول اسپتال لے جایا گیا۔جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ متاثرہ کی پیشاب کی نلی کے پاس ،پیٹ اور آنکھ پر گہری اندرونی چوٹیں آئی ہیں۔ڈاکٹروں کے مشورے پر اشرف علی کوپہلے کلوا کے چھترپتی شیواجی اسپتال لے جایا گیا بعد ازاں سائن اسپتال  کے آئی سی یو میں منتقل کیا گیا۔ اس بارے میں نمائندۂ انقلاب نے اشرف علی سید کے بیٹے اشفاق سید سے بات کی۔انہوں نے بتایا کہ حادثہ کے بعد سے ہی والد صاحب کو کم دکھائی دے رہا تھا اور نچلے حصہ میں درد ہورہا تھا۔ ڈاکٹروں نے جانچ کے بعد مختلف  اعضاء کا ایکسرے کروایا ہے اور سی ٹی اسکین اور سونو گرافی کرانے کا بھی مشورہ دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK