Inquilab Logo

چین میں۳؍ سال بعد کورونا پابندیاں ختم

Updated: January 09, 2023, 1:09 PM IST | Beijing

۳؍ سال کے طویل انتظار کے بعد بیجنگ کی سرحدوں کو کھول دیا گیا ہے،کورونا کی وبا سے متعلق سفری پابندیوں کو ختم کردیا گیا ہے،بیرون ملک سے آنے والے چینی مسافروں کیلئے کووڈ ٹیسٹ اور قرنطینہ جیسی پابندیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں

Passengers crowd at a railway station in China; (AP/PTI)
چین کے ایک ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کی بھیڑ ( اے پی / پی ٹی آئی)

  چین میں تقریبا ً ۳؍ سال بعد اتوار سے کورونا کی سخت پابندیوں سے   نجات ملی ہے۔  اس دوران سرحدوں کو کھول دیا گیا اور کورونا وائرس کی وبا سے متعلق سفری پابندیوں کو بھی ختم کردیا گیا۔  اسی طرح چین  نے بیرون ملک سے آنے والے چینی مسافروں کیلئے کووڈ ٹیسٹ اور قرنطینہ جیسی پابندیوں کو بھی ختم کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کورونا  سےپاک چین پالیسی (زیرو کووڈ پالیسی) کی بیشتر پابندیاں پہلے ہی ختم کر دی گئی تھیں اور اب آخری مرحلے میں سرحدوں کو بیرون ملک سے آنے والے چینی شہریوں کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
  میڈیارپورٹس کے مطابق اتوار کو چین کے نئے قوانین کے تحت اولین پروازیں سنگاپور اور کناڈا سے چین کے شہروں گوانگزو اور شینزن پہنچیں۔ان پروازوں میں۳۸۷؍ مسافر سوار تھے اور انہیں چین میں داخل ہونے کے بعد کووڈ ٹیسٹ اور قرنطینہ جیسے مراحل سے گزرنا نہیں پڑا۔ 
  اتوار سے  قومی اور  بین الاقوامی  پروازوں کے ذریعے چین میں داخل ہونے والے مسافروں کا کورونا ٹیسٹ نہیں کیا گیا ۔ ایسے صحت مند مسافر  جن  کے جسم کا درجہ حرارت معمول کے مطابق تھا ،ا نہیں  ہوائی اڈے سے باہر جا نے دیا گیا ۔وارسا سے بیجنگ جانے والی پرواز سی اے۷۳۸؍ براہ راست پروازوں کی بحالی کے بعد بیجنگ میں داخل ہونے والی پہلی بین الاقوامی پرواز بن گئی۔ یادر ہےکہ چین کی جانب سے دسمبر میں کووڈ۱۹؍ کی روک تھام کیلئے عائد کی جانے والی سخت پابندیوں کو ختم کرنے کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔ پابندیوں میں اچانک نرمی سے چین میں کووڈ کیسز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا تھا۔چین میں سفری پابندیوں کے اختتام کے بعد بیشتر چینی شہری۳؍ سال بعد بیرون ملک کا سفر کرسکیں گے اور انہیں واپسی پر حکومتی مراکز میں قرنطینہ میں رہنے کا خوف نہیں ہوگا۔ چینی سرحدیں تاحال غیرملکی سیاحوں کیلئے بند ہیں مگر غیرملکی افراد کاروباری مقاصد کیلئے وہاں آسکتےہیں۔بیرون ملک جانے والے چینی شہریوں کی تعداد میں اضافے کے امکان کو دیکھتے ہوئے متعدد ممالک نے وہاں سے آنے والے مسافروں کیلئے کووڈ ٹیسٹ لازمی قرار دیا ہے۔
 چین کی جانب سے ان سفری پابندیوں کو ناقابل قبول قرار دیا گیا ہے۔چین میں سفری پابندیوں کا اختتام اس وقت کیا گیا ہے جب وہاں نئے قمری سال کا آغاز ہوچکا ہے۔قمری سال کے آغاز کے موقع پر کروڑوں افراد چین بھر کا سفر کریں گے اور ایسا۲۰۲۰ء کے بعد پہلی بار ہوگا جب کسی قسم کی سفری پابندی عائد نہیں ہو گی۔
  کورونا وائرس کی وبا کے سائے میں نئے قمری سال کی۴۰؍روزہ چھٹیوں  میں لوگ بڑی تعداد میں اندرون ملک سفر کرتے ہیں۔ اسے دنیا کی سب سے بڑی سالانہ نقل و حرکت کہا جاتا ہے۔سرمایہ کاروں کو امید ہے کہ چھٹیوں کے بعد نصف صدی میں پہلی بار سب سے زیادہ متاثر ہونے والی۱۷؍ کھرب ڈالر کی چینی معیشت  بحال  ہو جائے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK