Inquilab Logo Happiest Places to Work

نئی کمیٹیوں کی تشکیل کے بعد پرینکا راجستھان پہنچیں، کل ریلی

Updated: September 09, 2023, 9:06 AM IST | bhopal

بی جےپی مزید حرکت میں آئی ، پریورتن یاترا میں نظر انداز کرنے کے بعد اب وسندھرا کو منانے کی کوشش، حامیوں کو ٹکٹ دینے کا اشارہ، ۱۹؍ سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان جلد

Priyanka Gandhi has reached Madhopur except. On Sunday, she will address a rally in Nawai, Tonk.
پرینکا گاندھی سوائے مادھو پور پہنچی ہیں۔ اتوار کو وہ ٹونک کے نوائی میںریلی سے خطاب کریں گی۔

ایک طرف جہاں  کانگریس کو ایک بار پھر راجستھان میں فتح کی امید ہے وہیں بی جےپی کسی بھی صورت میں اقتدار پر قبضہ کیلئے بے قرار ہے۔ اپنی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے  بی جےپی نے اب وسندھرا راجے سندھیا کو منانا شروع کردیاہے۔ بدھ کو وہ اچانک پارٹی دفتر پہنچیں اور کئی گھنٹے وہاں گزارے جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں کہ انہیں منا لیا گیا ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ جلد ہی  بی جےپی  ۱۹؍ امیدواروں کی اپنی پہلی فہرست جاری کریگی۔ 
کانگریس کی نئی کمیٹیوں کی تشکیل
   اسمبلی الیکشن کیلئے جمعرات کو راجستھان میں کانگریس   نے  ۸؍ نئی کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ سچن پائلٹ کو ان تمام کمیٹیوں کا رکن بنایا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ اشوک گہلوت کو رابطہ کمیٹی کا صدر بنایا  گیا ہے۔ اسی طرح ریاست کے انچارج سکھ  جندر سنگھ رندھاوا کو کور سمیتی کا رابطہ کاربنایاگیاہے۔ اسمبلی کے اسپیکر سی پی جوشی کو  انتخابی منشور بنانے کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹی کا چیئرمین، ہریش چودھری کو اسٹریٹجک کمیٹی کا چیئرمین  اور ممتا بھوپیش کو میڈیا اور کمیونی کیشن کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا ہے۔ان کمیٹیو کی تشکیل کے ساتھ ہی کانگریس  نے ریاست میں اپنی انتخابی  سرگرمیوں کو مہمیز دے دی ہے ۔ اس بیچ سچن پائلٹ کو کسی بھی کمیٹی کا صدر نہ بنائے جانے پر چہ میگوئیاں بھی شروع ہوگئی ہیں۔
 پرینکا گاندھی راجستھان پہنچیں
  کانگریس نے اپنی انتخابی مہم کو تیز کرنے کیلئے پارٹی کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی کو میدان میں اتار دیاہے۔  ۱۰؍ ستمبر کو وہ ٹونک ضلع کے نوائی میں عوامی ریلی سے خطاب کریں گی۔ جمعرات کو شام تقریباً ۹؍ بجے وہ سڑک کے راستے سوائی مادھو پور پہنچیں۔  وہ رَن تھم بور میں ایک پانچ ستارہ ہوٹل میں مقیم ہیں۔ 
  پرینکا گاندھی کا راجستھان کا  یہ پہلا انتخابی دورہ ہے۔ اس  سے قبل راہل گاندھی بینیشور اور کانگریس صدر ملکارجن کھرگے  بھیلواڑہ میں ریلیوں سے خطاب کرچکے ہیں۔  اب یہاں  پرینکا گاندھی کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔اس سے قبل وہ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے وقت راجستھان پہنچی تھیں۔  
بی جےپی کی حکمت عملی میں تبدیلی
 اُدھر بی جےپی جو پریورتن یاتراؤں  کے ذریعہ ریاست بھر میں عوام تک پہنچنے کی کوشش کررہی ہے، نے اپنی حکمت عملی میں  تبدیلی کا اشارہ دیاہے۔ پریورتن یاتراؤں میں  ریاست کی سابق وزیراعلیٰ وسندھرا راجے سندھیا کو نظر انداز کرنے کے بعد اب انہیں رام کرنے کی کوششیں شروع ہوگئی ہیں۔ بتایا جارہاہے کہ انہیں اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی ہےکہ ان کے حامیوں  کو ٹکٹ دیئے جائیںگے۔ بدھ کو وہ اچانک پارٹی دفتر پہنچیں  جہاں   انہوں نے ۳؍ گھنٹے گزارے۔ 
۱۹؍ سیٹوں پر جلد امیدواروں کا اعلان
 بی جے پی جلد ہی ریاست کی ان۱۹؍ سیٹوں پر امیدواروں  کے ناموں کا اعلان کر سکتی ہے جن پر بی جے پی پچھلے۳؍ انتخابات میں کبھی نہیں جیت سکی۔پارٹی کو امید ہے کہ یہاں  پیدا ہونے والی اقتدار مخالف لہر اسے کامیابی سے ہمکنار کرسکتی ہے۔ بدھ کو جےپور میں  پارٹی کے ہیڈکوارٹرز میں اس پر ۳؍گھنٹے سے زیادہ  غوروخوض ہوا۔ بی جے پی ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اس میٹنگ میں سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے  بھی موجود تھیں۔ راجے اچانک بی جے پی کے دفتر پہنچیں جس نے اس قیاس آرائی کو تقویت پہنچائی کہ پریورتن یاترا میں نظر انداز کرنے کے بعد اب زعفرانی پارٹی ان کی خدمات حاصل کرنے پر مجبور ہے۔ 
کمزور نشستوں پر پہلے امیدواروں کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔
وسندھرا کے سرگرم ہونے پر چہ میگوئیاں
  وسندھرا راجے سندھیا کے  بی جے پی ہیڈکوارٹرز پہنچنے اور وہاں  ۳؍ گھنٹے تک رہنے کے بعد سیاسی گلیاروں میںبحث شروع ہوگئی۔  اس کے ساتھ ہی جے پی نڈا، امیت شاہ، راج ناتھ سنگھ اور نتن گڈکری کی تقریروں   میں جس طرح وسندھرا کی تعریف کی گئی اس کو بھی بی جےپی کی  نئی حکمت عملی کے پس منظر میں دیکھا جارہاہے ۔ وسندھرا کا اچانک بی جے پی ہیڈکوارٹرز پہنچنا اور اس طرح میٹنگ میں سرگرمی سے حصہ لینا اپنے آپ میں بہت کچھ کہہ رہا ہے۔ سیاسی ماہرین کا خیال ہے کہ بی جے پی جلد ہی ان کی قیادت میں  انتخابی مہم کمیٹی کا اعلان کر سکتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK