Inquilab Logo Happiest Places to Work

پہلگام سانحے کے بعد رفتہ رفتہ کشمیر کے حالات میں بہتری، سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بڑھا

Updated: June 03, 2025, 11:00 PM IST | Srinagar

وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی ذاتی مداخلت اور دلچسپی کے بعد کاروباری اداروں کا بھی اعتماد بحال، کشمیر میں میٹنگ رکھنے اور پروگرام کرنے پر آمادہ، بکنگ کا آغاز

Tourism in Kashmir has its own unique charm.
کشمیر میں سیاحت کا اپنا ایک الگ ہی مزہ ہے

 پہلگام سانحے کے نتیجے میں زائد از ایک ماہ تک وادی کشمیر کے سیاحتی مقامات پر ہو کا عالم چھائے رہنے کے بعد سیاحوں کی کم تعداد میں ہی سہی، آمد کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہو گیا ہے۔ اس کی وجہ سےجہاں سیاحتی شعبے میں نئی جان آنے لگی ہے وہیں اس شعبے سے وابستہ لوگوں کی مایوسی کے ظلمت کدوں میں بھی روشنی کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں۔گزشتہ چنددنوں سے ملک کے مختلف حصوں جیسے مہاراشٹر، گجرات اور دیگر ریاستوں سے آنے والے سیاحوں کی چھوٹی چھوٹی ٹولیاں گل مرگ، پہلگام اور دیگر مشہور سیاحتی مقامات کا رُخ ہوئی دیکھی جا رہی ہیں جو شعبہ سیاحت کی حیات نو کی طرف ایک خوش کن اشارہ ہے۔
 واضح رہے کہ ۲۲؍ اپریل کو پہلگام کے بیسرن سیاحتی مقام پر دہشت گردانہ حملے میں۲۵؍ سیاح اور ایک مقامی شہری کی موت ہوئی تھی جس کے بعد وادی میں سیاحوں کی آمد تقریباً بند ہو گئی تھی جبکہ ہزاروں کی تعداد میں سیاحوں نے اپنی بُکنگ منسوخ کردی تھیں۔ اس کے بعد ہی سے ریاستی حکومت،شعبہ سیاحت کی بحالی کیلئے مختلف النوع اقدام کر رہی ہے۔
 وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس شعبے کےتئیں عوام کا اعتماد بحال کرنے کیلئے پہلے پہلگام اور پھر گل مرگ میں کابینی میٹنگوں کی صدرات کیں۔کشمیر کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے سیاحتی شعبے سے جڑے افراد کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی ذاتی مداخلت اوردلچسپی کے بعد اب دوبارہ بُکنگ شروع ہو گئی ہیں، لوگ واپس آ رہے ہیں، جو ایک خوش آئند اشارہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ کاروباری ادارے بھی اب کشمیر میں اپنی میٹنگ رکھنے اور پروگرام کرنے کیلئے رابطہ کر رہے ہیں، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ اعتماد بحال ہو رہا ہے۔
 سیاحتی مقام سونہ مرگ کے ایک ہوٹل مالک نےبتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے سےیہاں کے سیاحتی مقامات کی رونق پھر بڑھنے لگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام سانحہ کے بعد وادی کے سیاحتی شعبے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے تاہم جموں کشمیر سرکار کی مداخلت کے بعد غیر مقامی سیاح وادی کشمیر آرہے ہیں اور ہمیں پوری امید ہے کہ آنے والے ایک ماہ کے اندر اندر وادی میں سیاحت پھر پروان چڑھے گی۔
 شہرہ آفاق گل مرگ کے ایک ہوٹل میں تعینات منیجر ریاض احمد نےکو بتایا کہ سیاحتی مقامات پر ایک بار پھرغیر مقامی سیاحوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گل مرگ میں حالیہ دنوں تازہ برف باری کے بعد موسم خوشگوار ہوا ہو رہا ہے اور اچھی تعداد میں سیاح اب یہاں پر آرہے ہیں۔دریں اثنا پہلگام میں بھی گزشتہ ایک ہفتے سے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ایک ٹورسٹ گائیڈ نے بتایا کہ پہلگام حملے کے بعد اگر چہ سیاحوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن اب دھیرے دھیرے ٹورسٹ آرہے ہیں اور ہمیں پوری امید  ہے کہ ایک مہینے کے اندر اندر سب کچھ ٹھیک ہو جائےگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK