• Tue, 21 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دوستی.... ایک خوبصورت اور منفرد رشتہ ہے

Updated: October 21, 2025, 5:13 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

اچھے اور مخلص افراد جب دوست بنتے ہیں تو زندگی گلزار ہوجاتی ہے۔ دوستی کرنا اور دوستی میں مضبوطی اور پائیداری قائم رکھنا مختلف باتیں ہیں کیونکہ بیشتر افراد اپنی ناپسندہ عادتوں اور نادانستہ غلطیوں کے باعث سے دوست سے محروم ہوجاتے ہیں۔ البتہ اپنی شخصیت میں چند معمولی تبدیلیاں لا کر دوستی کے رشتے کو مستحکم بنا سکتے ہیں۔

Friendship is a bond of humility and love, it should not be broken due to any misunderstanding. Photo: INN
دوستی انکساری اور محبت سے پُر رشتہ ہے اسے کسی غلط فہمی کے سبب نہیں توڑنا چاہئے۔ تصویر: آئی این این
اوڑھنی ڈیسک
inquilab@mid-day.com
نیک، پُر خلوص اور مثبت سوچ کے حامل دوست کو زندگی کی بڑی نعمتوں میں سے ایک نعمت شمار کیا جاسکتا ہے۔ دوستی کرنا اور دوستی میں مضبوطی اور پائیداری قائم رکھنا مختلف باتیں ہیں کیونکہ بیشتر افراد اپنی ناپسندہ عادتوں اور نادانستہ غلطیوں کے باعث سے دوست سے محروم ہوجاتے ہیں۔ ٹوٹی ہوئی دوستی دوبارہ قائم تو کی جاسکتی ہے لیکن اس میں وہ خوبصورتی اور مٹھاس باقی نہیں رہتی، جو دوستی کا خاصا ہے۔ کسی اچھے دوست کی دوستی سے محرومی بھی ایک المیہ سے کم نہیں، شخصیت کی چھوٹی لیکن اہم خامیوں پر قابو پاکر دوستی کے رشتے میں مضبوطی قائم کی جاسکتی ہے۔ اپنی ذات میں لائی گئی معمولی تبدیلیاں ہمیں دوستوں کی نظر میں خصوصی عزت اور توقیر عطا کرسکتی ہیں۔
خود پسند طبیعت
خود پسند طبیعت دوستی کی پائیداری میں سب سے بڑی رکاوٹ سمجھی جاسکتی ہے۔ شخصیت، علم اور مثبت سوچ سے متاثر ہو کر دوستی کا رشتہ استوار تو کیا جاسکتا ہے مگر اس خوبصورت رشتے کو برقرار رکھنے کے لئے اپنے اندر تبدیلیاں لانا بھی بہت ضروری ہے۔ خود پسند طبیعت رکھنے والے افراد عموماً دوستی سے محروم ہوجاتے ہیں، اپنے مسائل اور ذات سے متعلق بہت زیادہ گفتگو دوست سے دوری کا سبب بن سکتی ہے کیونکہ ایسی عادات سے خود غرضی ظاہر ہوتی ہے۔ اپنی ظاہری شان و شوکت سے دوست پر برتری حاصل کرنا اور اپنی ذات کے متعلق تعریفی کلمات کہتے رہنے والے افراد کبھی بھی اچھے دوست ثابت نہیں ہوسکتے ہیں اور نہ بے لوث دوستی حاصل کرسکتے ہیں۔ اس لئے اس عادت سے پیچھا چھڑا لیں ورنہ تنہائی آپ کا مقدر ہوسکتی ہے۔
اختلافات کو نظر انداز کریں
نقطۂ نظر سے اختلاف رکھنا ایک فطری رویہ ہے، صحتمند تعلق میں معمولی اختلافات کو نظر انداز کرنا ضروری ہے۔ ایک انسان کی سوچ دوسرے سے مختلف ہوتی ہے۔ دوستوں سے یہ اُمید نہیں رکھنی چاہئے کہ وہ زندگی کے تمام تر معاملات میں آپ کے نقطۂ نظر سے اتفاق کریں گے۔ صحتمند اختلاف، دوستی کے تعلق کی مضبوطی کا باعث بنتا ہے۔ دوست کے خیالات کو یکسر مسترد کردینا یا اس کے نقطۂ نظر کو غلط ثابت کرنے کی کوشش کرتے رہنا دوستی کو کمزور کرنے کا باعث بنتا ہے۔ بے جا اَنا پسندی اور بحث سے خوبصورت رشتے میں بوجھل پن پیدا ہوجاتا ہے۔
شکریہ اور معذرت کی اہمیت
دوستی کا رشتہ تمام تر تکلفات سے پاک سمجھا جاتا ہے۔ اسلئے اکثر افراد دوستوں کی محبت اور خلوص کو بھی حق سمجھ کر وصول کرتے ہیں۔ جبکہ سچ یہ ہے کہ ’شکریہ‘ اور ’معذرت‘ جیسے الفاظ ہر رشتے میں نئی جان ڈال دیتے ہیں۔ ان الفاظ سے انکساری اور محبت کی خوشبو آتی ہے، دوستی کے رشتے میں کوئی بھی بدمزگی پیدا ہوجانے کی صورت میں فوری معذرت طلب کرکے ناخوشگوار ماحول کو خوشگوار بنایا جاسکتا ہے۔ دوست کی چھوٹی سی قربانی اور مدد میں بھی شکریہ جیسے الفاظ استعمال کرنے سے دوست کے دل میں آپ کی دوستی کی قدر و منزلت مزید بڑھ جائیگی۔ یہ رسمی الفاظ اپنے اندر جادوئی اثرات رکھتے ہیں اور سننے والا آپ کے اخلاق سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا، یہاں تک کہ وہ بھی اس عادت کو اپنانے کو مجبور ہوسکتا ہے۔ دوست کیلئے نرم اور میٹھے الفاظ استعمال کرنے سے دوستی میں مضبوطی اور پائیداری پیدا ہوتی ہے۔
دوستی میں غلط فہمیاں
پُر خلوص اور قریبی تعلقات میں غلط فہمیوں کی گنجائش نہیں ہونی چاہئے۔ بعض اوقات غلط فہمیوں کے باعث ہی مضبوط رشتے بھی کمزور پڑ کر ختم ہوجاتے ہیں۔ حاسد افراد اس صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور دوستی کے رشتے میں زہر گھول کر دوستی کے تعلقات ہمیشہ کے لئے ختم بھی کرسکتے ہیں۔ روزمرہ معاملات میں غلط فہمیاں پیدا ہونا ایک عام بات ہے لیکن دوستی میں جتنی بھی انکساری اور مضبوطی ہوگی، غلط فہمیاں اتنی ہی جلد ختم ہوجائیں گی کیونکہ دوستی جیسے خوبصورت رشتے کو معمولی رنجشوں کی نذر نہیں کیا جانا چاہئے۔
دوست کی بروقت مدد کریں
بیشتر افراد پُر خلوص دوست کی تلاش میں ضرور رہتے ہیں لیکن خود خلوص اور محبت کا رویہ اس حد تک روا نہیں رکھتے جو دوستی کی مضبوطی کا باعث بن سکے۔ دوست کبھی مشکل وقت میں مدد طلب کرے یا آپ کو خود اندازہ ہوجائے کہ وہ کسی بھی قسم کی مشکل کا شکار ہے تو ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کریں،د وستی میں اصل روح اس وقت ہی پیدا ہوتی ہے جب دوست کی خوشی تصور کریں اور دوست کا غم آپ کو دلی طور پر محسوس ہو.... یہی دوستی کی حقیقی معراج ہے۔
دوست ہماری خوشیوں میں شرکت کرکے ہمارے خوشی کو دوبالا کردیتے ہیں جبکہ خود غرضی کے اس دور میں ہمارے ہر دکھ و تکلیف کو بانٹنے کا سبب بنتے ہیں۔ دوستی کا خوبصورت تعلق زندگی میں قوس و قزح کے رنگ بکھیر دیتا ہے۔ اس لئے دوستی کے بندھن کو مثبت عادات اور محبت سے مزید مضبوط بنانے کی ہمیشہ کوشش کرنی چاہئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK