تشدد زدہ ریاست میں۷؍ ہزار کروڑ روپے سے زائد کے منصوبوں کاآغاز، ہر موڑ پر ریاست کے عوام کےساتھ رہنے کا وعدہ بھی کیا
EPAPER
Updated: September 13, 2025, 11:19 PM IST | Imphal
تشدد زدہ ریاست میں۷؍ ہزار کروڑ روپے سے زائد کے منصوبوں کاآغاز، ہر موڑ پر ریاست کے عوام کےساتھ رہنے کا وعدہ بھی کیا
 
                                ۲؍ سال سے زائد عرصے کے انتظار کے بعد بالآخر وزیر اعظم مودی نے تشدد زدہ ریاست منی پو ر کا دورہ کیا لیکن یہ نہایت مختصر دورہ تھا ۔ اس دوران  وزیراعظم  نے منی پور کے لوگوں سے امن اور اتحاد کی اپیل کی اور زور دیا کہ ترقی، استحکام، انصاف اور سچائی کے بغیر ممکن نہیں ہو سکتی۔مودی نے منی پور  پر وہاں کے شہریوں کویقین دلایا کہ مرکز ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے اور کہاکہ میں تمام تنظیموں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ امن کے ساتھ آگے بڑھیں، اپنے خواب پورے کریں اور اپنے بچوں کے  لئے بہتر مستقبل کو یقینی بنائیں۔ ریاست کے ماضی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ منی پور کی  سرزمین کبھی امید  اور آرزو کی علامت تھی مگر اب یہاں تشدد نے جگہ  لے لی ہے۔ اسی لئے میں کہہ رہا ہوں کہ ترقی کے  لئے امن ضروری ہے، ساتھ ہی سچائی اور انصاف بھی ضروری ہیں۔
 وزیراعظم منی پور دورے کی شروعات چراچند پور سے کی ۔ یہاںانہوں نے تشدد سے متاثرہ افراد جن میں خواتین کی بڑی تعداد تھی ، ملاقات کی اور انہیں ڈھارس بندھائی ۔ اس کے بعد وزیر اعظم نے  امپھال میں بھی ایک عوامی ریلی سے خطاب کیا ۔دورے کے پہلے  حصےمیں انہوں نے چُراچند پور میں نسلی تشدد کے متاثرین سے ملاقات کی۔ متاثرین میں وہ بے گھر خاندان بھی شامل تھے جنہوں نے جھڑپوں میں اپنے مکان کھودئیے۔ چُراچند پور کےپیس گراؤنڈ میں اپنی تقریر سے پہلےانہوں نے بچوں سے ملاقات کی اور بچوں کی طرف سے دیے گئے گلدستے اور ایک پینٹنگ قبول کی۔ اسی ملاقات کے دوران ایک بچے کی طرف سے انہیں بطور تحفہ دی گئی روایتی پروں والی ٹوپی پہنائی بھی گئی۔ اس کے بعد انہوں نے کہا کہ جو لوگ ریلیف کیمپوں میں رہ رہے ہیں، اُن سے مل کر انہیں یقین حاصل ہوا کہ منی پور میں امید اور اعتماد کی نئی کرن اب ابھرتی دکھائی دیتی ہے اور ترقی کے  لئےامن ناگزیر ہے۔
 وزیراعظم مودی نے امپھال پہنچنے کے بعد ۷؍ ہزار کروڑ روپے سے زائد کے منصوبوں کا افتتاح کیااور سنگ بنیاد رکھا۔  انہوں نے یہاں خطاب میں کہا کہ  ہماری حکومت میں سب سے زیادہ توجہ منی پور کو دی جارہی ہے۔ حالانکہ امپھال میں وزیراعظم کی آمد کے موقع پر کانگریس کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا لیکن سیکوریٹی سخت ہونے کی وجہ سے  اس سے کوئی فرق نہیں پڑا۔    اس کے علاوہ وزیر اعظم نے ۳؍ ہزار کروڑ روپے کے خصوصی ترقیاتی پیکیج اور متاثرین کی مدد کے لئے ۵۰۰؍ کروڑ روپے کے فنڈ کا بھی اعلان کیا۔وزیراعظم نے منی پور میں ۷۳۰۰؍کروڑ روپے سے زائد کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ ان میں۳۶۰۰؍ کروڑ روپے کی لاگت سے شہری سڑکوں، نکاسیٔ آب اور اثاثہ جاتی ڈھانچے میں بہتری، ۲۵؍سو کروڑ روپے کی پانچ قومی شاہراہیں، منی پور انفوٹیک ڈیولپمنٹ (ایم آئی این ڈی) پروجیکٹ اور خواتین کے لیے نو مقامات پر ہاسٹل شامل ہیں۔ امپھال میں بھی۱۲؍ سو کروڑ روپے سے زائد کی اسکیموں کا نفاذ کیا جائے گا۔