• Thu, 05 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرمپ سے بات چیت کے بعد مودی کا بیان ہندوستانی مصنوعات پر ٹیرف کم ہوا

Updated: February 03, 2026, 6:04 PM IST | New York

وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان پیر کی دیر رات ہوئی بات چیت کے بعد اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ امریکہ اب ہندوستانی مصنوعات پر ۱۸؍ فیصد محصول (ڈیوٹی) عائد کرے گا۔

Trump And Modi.Photo:INN
ٹرمپ اور مودی۔ تصویر:آئی این این

وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان پیر کی دیر رات ہوئی بات چیت کے بعد اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ امریکہ اب ہندوستانی مصنوعات پر ۱۸؍ فیصد محصول (ڈیوٹی) عائد کرے گا۔ وزیر اعظم نے خود سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ ’’آج اپنے عزیز دوست صدر ٹرمپ سے بات کر کے بے حد خوشی ہوئی۔ یہ جان کر مسرت ہوئی کہ اب میڈ اِن انڈیا مصنوعات پر ڈیوٹی کم کر کے ۱۸؍ فیصد کر دی گئی ہے۔ اس اہم اعلان کے لیے ہندوستان کے ۴ء۱؍ ارب عوام کی جانب سے صدر ٹرمپ کا دل سے شکریہ۔‘‘
 مودی نے کہا کہ جب دو بڑی معیشتیں اور دنیا کی سب سے بڑی جمہوریتیں مل کر کام کرتی ہیں تو اس سے دونوں ممالک کے شہریوں کو فائدہ ہوتا ہے اور باہمی طور پر مفید تعاون کے بے شمار مواقع پیدا ہوتے ہیں۔وزیر اعظم نے عالمی امن اور استحکام کے لیے صدر ٹرمپ کی قیادت کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ  ’عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے صدر ٹرمپ کی قیادت نہایت اہم ہے۔ امن کے لیے ان کی کوششوں کو ہندوستان مکمل حمایت دیتا ہے۔ میں ان کے ساتھ مل کر اپنی شراکت داری کو غیر معمولی بلندیوں تک لے جانے کا خواہشمند ہوں۔‘‘
واضح رہے کہ اس سے قبل ہندوستان میں امریکی سفیر سرگئی گور نے دونوں لیڈروں کے درمیان بات چیت کی اطلاع دیتے ہوئے ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ جلد ہی ایک بڑا اعلان ہونے والا ہے۔ اس کے بعد خود امریکی صدر نے بھی کہا تھا کہ انہوں نے ہندوستانی وزیر اعظم سے تجارت سے متعلق امور پر بات کی ہے اور امریکہ ہندوستانی مصنوعات پر۱۸؍ فیصد ڈیوٹی عائد کرے گا۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ہندوستانی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر آج ہی امریکہ کے تین روزہ دورے پر روانہ ہوئے ہیں۔
اس سے پہلے امریکہ ہندوستانی مصنوعات پر۵۰؍ فیصد تک ڈیوٹی عائد کر رہا تھا۔ یہ بات بھی قابلِ توجہ ہے کہ فی الحال دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے (فری ٹریڈ ایگریمنٹ) کے حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:سنیل دت جب انٹرویو لینے پہنچے تو نرگس نے کہا: میرے پاس دس منٹ ہیں

ٹرمپ کا دعویٰ، مودی سے مختلف امور پر بات چیت، ٹیرف ہوگا کم
 امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی سے بات چیت ہوئی ہے، جس میں تجارت، توانائی اور روس-یوکرین جنگ جیسے اہم امکور پر گفتگو کی گئی۔ صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس  پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ وزیر اعظم مودی نے روس سے تیل کی خریداری بند کرنے اور امریکہ اور ممکنہ طور پر وینزویلا سے زیادہ تیل اور توانائی مصنوعات خریدنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ ان کے مطابق یہ قدم یوکرین جنگ کے خاتمے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، جہاں ہر ہفتے ہزاروں افراد جانیں جا رہی ہیں۔
امریکی صدر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان فوری طور پر ایک تجارتی معاہدہ طے پایا ہے، جس کے تحت امریکہ ہندوستان پر عائد باہمی ٹیرف (محصول) کو ۲۵؍فیصد سے کم کر کے ۱۸؍فیصد کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان بھی امریکہ کے خلاف اپنے ٹیرف اور غیر ٹیرف رکاوٹوں کو صفر کرنے کی سمت میں آگے بڑھے گا۔

یہ بھی پڑھئے:انڈونیشیا: خواتین حج افسران کا تاریخ کا سب سے بڑا دستہ تعینات کرنے کی تیاری

صدر ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ وزیر اعظم مودی نے بائے امریکہ  پالیسی کے تحت امریکی مصنوعات کی خریداری میں نمایاں اضافہ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے، جن میں توانائی، ٹیکنالوجی، زراعت، کوئلہ اور دیگر مصنوعات شامل ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہندوستان امریکہ سے ۵۰۰؍ ارب ڈالر سے زائد کی مصنوعات خریدے گا۔
صدر ٹرمپ نے وزیر اعظم مودی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں اپنا قریبی دوست  اور ہندوستان کا طاقتور اور معزز لیڈر  قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور دونوں رہنما ایسے ہیں جو کام کر کے دکھاتے ہیں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK