Inquilab Logo

؍۲ سال بعد کورونا پابندیوں کے بغیر نئے سال کے جشن کی تیاری

Updated: December 30, 2022, 10:51 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

سیکوریٹی کے پیش نظر شہر میں پولیس کے اضافی دستے تعینات، ہر ایک عہدیدار اور اہلکار کو اس کی ذمہ داری بتادی گئی،بغیر لائسنس کے پٹاخوں کی فروخت پر پابندی، جگہ جگہ ناکہ بندی، شرابی ڈرائیوروں پر نظر

Mumbai police personnel have been instructed to be fully alert (file photo).
ممبئی پولیس کے اہلکاروںکو پوری طرح مستعد رہنےکی ہدایت دی گئی ہے ( فائل فوٹو)

 ممبئی اور اطراف میںتقریباً ۳؍ سال بعد شہری کورونا اور لاک ڈاؤن کی سخت ہدایتوں کے بغیر زور و شور سے نئے سال کا جشن منانے کی تیاری میں مصروف ہیں ۔ وہیں ممبئی اور نوی ممبئی پولیس نے  نئے سال کے جشن کو پر امن بنانے کیلئے اسٹیٹ ریزرو پولیس فورس ،رائٹس کنٹرول پولیس فورس اور کو ئک رسپانس ٹیم کی اضافی فورس طلب کر لی ہے۔ساتھ ہی اعلیٰ عہدیداران ، پولیس افسران اور اہلکاروں کو ان کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ ہر ایک اہلکارکو بتادیا گیا ہے کہ اسے نئے سال کے جشن کے موقع پر کہاں تعینات کیا جا رہا ہے اور اس کی کیا ذمہ داریاں ہیں ۔ ساتھ ہی  پولیس نےان  تاجروں کیلئےپٹاخے فروخت کرنے کی ممانعت کر دی ہے جن کے پاس اس کا لائسنس نہیں ہے۔یہ پابندی ۳۱؍ جنوری ۲۰۲۳ء تک عائد رہے گی  ۔
  ممبئی پولیس کے بقول چونکہ امسال کووڈ اور لاک ڈاؤن کی پابندیوں کے بغیر  نئے سال کا جشن منایا جائے گا اس لئے اس جشن میں بڑی تعداد میں شہریوں کی شرکت کے امکانات ہیں۔ اس کے پیش نظر پولیس نے شہر اور مضافات کے اکثر تفریحی مقامات جن میں مرین ڈرائیور، قلابہ ، کف پریڈ ، گر گام چوپاٹی ،ورلی ، باندرہ بینڈ اسٹینڈ، جوہو اور دادر بیچ شامل ہیں ،پر اسٹیٹ ریزرو پولیس فورس(ایس آر پی ایف ) ،رائٹ کنٹرول پولیس  فورس( آر سی پی ایف) اور کو ئک رسپانس ٹیم( کیو ار ٹی )کے اضافی دستے تعینات کئے ہیں۔ ساتھ ہی ممبئی پولیس فورس کے جوانوں  بھی یہاں موجود رہیں گے ۔ 
  ممبئی پولیس کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق نئے سال کے جشن کے موقع پر شہر اور مضافات میں ممبئی پولیس کے۲۵؍ ڈپٹی کمشنر آف پولیس اور ۷؍ ایڈیشنل کمشنرآف پولیس کی سربراہی میں ۱۰؍ ہزار پولیس اہلکاروں ،۱۵؍ سو سینئر پولیس افسران کو تعینات کیا گیا ہے ۔ جشن کو پر امن بنانے کے مقصد سے اسٹیٹ ریزرو پولیس فورس کے ۴۶؍ پلاٹون ، رائٹس کنٹرول پولیس فورس کے ۳؍ اورکوئک رسپانس ٹیم کے  ۱۴؍ پلاٹون کو بھی ممبئی پولیس کے ہمراہ تعینات کیا گیا ہے ۔ اسی طرح نوی ممبئی پولیس کے کمشنر ملند بھارمبے نے ساڑھے تین ہزار پولیس فورس تعینات کئے جانے کی اطلاع دی ہے۔  ساتھ ہی انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ’’شہری دل کھول کر جشن منائیں لیکن اپنے اور دوسروں کے تحفظ کا بھی خیال رکھیں اور روڈسیفٹی کے قوانین پر عمل کریں ۔‘‘
  اس کے علاوہ ٹریفک پولیس کے ذریعہ ناکہ بندی اور شراب پی کر گاڑی چلانے والوں پر کارروائی کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔نیز اس بات کا خاص خیال رکھنے کیلئے کہا گیا ہے کہ  نئے سال کا جشن حادثات سے پاک رہے۔  اس کے علاوہ  جشن کے موقع پر مجرمانہ اور سماج دشمن عناصر پرقابو پانے کیلئے پولیس نے ڈرون کی مدد بھی لی ہے جس سے وہ شہر کے چپہ چپہ پر نظر رکھ سکے گی ۔ پولیس نے  اپیل کی ہے کہ جشن کے موقع پر پٹاخوں کا استعمال احتیاط  کے ساتھ کیا جائے تاکہ کسی طرح کی انہونی سے بچا جا سکے۔نیز ان تاجروں پر پٹاخے فروخت کرنے کے تعلق سے پابندی لگا دی گئی ہے جن کے پاس اس کیلئے  لائسنس  موجود نہیں ہے۔ان پر یہ پابندی ۳۱؍ جنوری تک عائد  رہے گی۔  یاد رہے کہ ان دنوں جہاں ایک طرف ملک نیا سال منانے کی تیاری کر رہا ہے تو دوسری طرف کورونا کے مریضوں کی تعداد میں بھی اچانک اضافہ نظر آ رہا ہے حالانکہ پولیس نے کورونا کے تعلق سے کوئی پابندی نہیں لگائی ہے۔

corona Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK