Inquilab Logo Happiest Places to Work

احمد آباد حادثہ کےمہلوکین کے ورثاء میں ۹۱؍ فیصد کو مل چکا ہے معاوضہ: ایئر انڈیا

Updated: June 12, 2026, 10:32 AM IST | New Delhi

گجرات کے احمد آباد میں گزشتہ سال۱۲؍ جون کو اے آئی۱۷۱؍طیارہ حادثے میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ میں اب تک۹۱؍ فیصد کو ایک ایک کروڑ روپے کا حتمی معاوضہ مل چکا ہے۔

Photo: PTI
تصویر: پی ٹی آئی

گجرات کے احمد آباد میں گزشتہ سال۱۲؍ جون کو اے آئی۱۷۱؍طیارہ حادثے میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ میں اب تک۹۱؍ فیصد کو ایک ایک کروڑ روپے کا حتمی معاوضہ مل چکا ہے۔ایئر انڈیا کی لندن جا رہی پرواز نمبر اے آئی۱۷۱؍ احمد آباد ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے کے کچھ ہی سیکنڈ کے اندر ایک سرکاری میڈیکل کالج کے ہاسٹل سے ٹکرا گئی تھی۔ حادثے میں طیارے میں سوار۲۶۰؍ لوگوں کی جان گئی تھی جس میں۲۲۹؍ مسافر اور۱۲؍ عملے کے ارکان تھے۔ دیگر۱۹؍ افراد کی جان زمین پر حادثے کی زد میں آنے سے ہوئی تھی۔ طیارے میں سوار واحد شخص زندہ بچا تھا جوہندنژاد برطانوی شہری ہے۔ ایئر انڈیا کی جانب سے متاثرہ خاندانوں پر حتمی معاوضے کی رقم قبول کرنے کے دباؤ کے الزامات کے درمیان ٹاٹا گروپ کی فضائی خدمات کمپنی نے جمعرات کو ایک تفصیلی بیان میں دہرایا کہ۲۵-۲۵؍ لاکھ روپے کی عبوری معاوضے کی رقم کی ادائیگی کا کام تقریباً مکمل ہونے کے بعد حتمی معاوضے کی رقم دینے کے لیے خاندانوں سے رابطہ کیا گیا ہے اور خاندانوں یا متاثرین پر ’’ایک طے شدہ وقت میں ہماری پیشکش قبول کرنے کے لیے کوئی دباؤ نہیں ہے۔‘‘ ایئرلائنز نے بتایا ہے کہ مرنے والوں میں۹۶؍ فیصد کے خاندانوں کو عبوری معاوضے کی ادائیگی کر دی گئی ہے۔ باقی ماندہ معاملوں میں بنیادی طور پر ایسے لوگ ہیں جن کے کاغذات نامکمل ہیں یا خاندانی تنازع چل رہا ہے۔ ایئر انڈیا نے تمام مرنے والوں کے لواحقین کو ایک ایک کروڑ روپے کا معاوضہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ ان میں سے۹۱؍ فیصد متاثرہ خاندانوں کو حتمی معاوضے کی رقم (ایک ایک کروڑ روپے) دی جا چکی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دیگر نو فیصد کے معاملے میں "یا تو کاغذات پورے نہیں ہیں یا خاندانوں نے معاوضہ لینے سے انکار کر دیا ہے"۔ زمین پر حادثے کا شکار ہونے والے زخمیوں میں بھی 94 فیصد کو عبوری یا حتمی معاوضے کی رقم کی ادائیگی کر دی گئی ہے۔ دیگر زخمیوں کے معاملے میں حادثے کے بعد ہیلپ ڈیسک سے فارم لیے گئے تھے، لیکن واپس جمع نہیں کرائے گئے ہیں۔ ایئر انڈیا نے بتایا کہ اس کے علاوہ مسافروں کے ذاتی سامان کی شناخت کر کے انہیں ان کے خاندانوں کو سونپنے کا کام بھی جاری ہے۔ کل۱۸۷؍ مسافروں کے ذاتی سامان کی شناخت کی گئی جن میں سے۱۳۹؍ کے خاندانوں کو یہ سامان واپس کیے جا چکے ہیں۔ دیگر معاملات میں یا تو کاغذات نامکمل ہیں یا خاندانوں نے سامان واپس لینے سے منع کر دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK