Inquilab Logo Happiest Places to Work

نالوں کی صفائی کی نگرانی میں اے آئی کارگر ثابت ہو رہا ہے

Updated: May 11, 2025, 11:17 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ورلی تا حاجی علی پمپنگ اسٹیشنوں اور نالوں کی صفائی کے جائزےکےدوران ایڈیشنل میونسپل کمشنر کا اظہار اطمینان۔

Additional Commissioner Ashwini Joshi inspecting a drain in the city. Photo: INN.
ایڈیشنل کمشنر اشونی جوشی شہر کے ایک نالے کا جائزہ لیتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این۔

جیسے جیسے مانسون کی آمد کی تاریخ قریب آتی جارہی ہے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی)کی جانب سے ممبئی کے نالوں اور ندیوں کی صفائی اور اس کا جائزہ لینے کا سلسلہ تیز ہوتا جارہا ہے۔ سنیچر کوایڈیشنل میونسپل کمشنر (شہر) ڈاکٹر اشونی جوشی نے زون ۲؍ میں ورلی تا حاجی علی کے متعدد نالوں اور پمپنگ اسٹیشنوں کی صفائی کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت(اے آئی) جیسی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نالوں اور ندیوں کی صفائی کی نگرانی کرنے میں کافی کارآمد ثابت ہو رہی ہے۔ اس ٹیکنالوجی سے انتظامیہ کو کیچڑ نکالنے کے کاموں کی اصل حالت کو سمجھنے میں مدد مل رہی ہے۔ اسی دورے کے دوران افسرنے لوگرو ری کری ایشن سینٹر ( ایل جی پی) کے نالے میں پرانے گیٹ کو فوری طور پر ہٹا نے، دادر۔ دھاراوی نالے میں تیرتے کچرے کو روزانہ ہٹانے اور اسے مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کی بھی ہدایت دی۔ 
ڈاکٹر اشونی جوشی نے لوگروپمپنگ اسٹیشن، نہرو سائنس سینٹر، دادر۔ دھاروی ٹی جنکشن، راجیو گاندھی نگر، کھرو کھاڑی، پیری فیری نالہ، ایم جی ایل، ہندماتا ان علاقوں کے نالوں کی صفائی کا جائزہ لیا۔ 
ایڈیشنل میونسپل کمشنر نے کہا کہ ممبئی میں ندیوں اور نالوں سے کیچڑ نکالنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ مصنوعی ذہانت پر مبنی سافٹ ویئر کی مدد سے ان کاموں کے بارے میں معلومات منظم طریقے سے حاصل کی جا رہی ہیں۔ تاہم ان کاموں میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے افسران کو یہ بھی ہدایت دی کہ تمام نالوں کی صفائی کا کام مانسون سے قبل مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ اس دورہ میں ڈپٹی کمشنر (زون۲) پرشانت سپکالے، اسسٹنٹ کمشنر (جی/ نارتھ) (عبوری چارج) وشنو ودھاتے، اسسٹنٹ کمشنر (جی /ساؤتھ) سوپنجا شر ساگر، اسسٹنٹ کمشنر (ایف/ ساؤتھ)مہیش پاٹل، اسسٹنٹ کمشنر (ایف/ نارتھ) شری ارون شر ساگر، متعلقہ انجینئر، افسران اور ملازمین موجود تھے۔ 
چھوٹے نالوں کی صفائی میں لاپروائی برتنے والے ٹھیکیدار کو ۳؍ سال کیلئے بلیک لسٹ کر دیاگیا 
چھوٹے نالے کی صفائی میں دھوکہ دہی کرنے کے الزام میں برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی)نےمیسرز بھومیکا ٹرانسپورٹ کو نالے سے نکالے گئے کیچڑ کا وزن بڑھانےکیلئے ملبہ ملانے کا مجرم پایاگیا اور اسی لئےاسے ۳؍ سال کیلئے بلیک لسٹ کر دیا گیاہے اور اس کا انجینئرنگ کا لائسنس بھی منسوخ کر دیاگیا ہے۔ بی ایم سی نے ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے کے ساتھ چھوٹے نالوں، سڑک کے کنارے کے نالوں اور پلوں کو صاف کرنے اور کیچڑ ہٹانے کا ٹھیکہ۱۹؍ مارچ ۲۰۲۵ءکو دیاگیا تھا۔ اس کام کے دوران محکمہ اسٹرام واٹر ڈرینج کو شکایت ملی تھی کہ ٹھیکیدار نالوں سے نکالے گئے کیچڑ لے جانے والی گاڑی کا وزن بڑھانےکیلئے ملبہ ملا رہا ہے۔ ویڈیو میں بھی اس کی تصدیق ہوئی۔ مصنوعی ذہانت کے نظام کی بنیاد پر جانچ پڑتال کی گئی اور تصدیق ہونے پر ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK