Inquilab Logo Happiest Places to Work

بنگلا دیش:عبوری حکومت نےعوامی لیگ پر پابندی عائد کی، شیخ حسینہ کے خلاف گھیرا تنگ

Updated: May 11, 2025, 9:14 PM IST | Dhaka

حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ پابندی اس وقت تک نافذ العمل رہے گی جب تک انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل میں سینکڑوں مظاہرین کی اموات کے سلسلے میں عوامی لیگ اور اس کی قیادت کے خلاف جاری مقدمہ مکمل نہیں ہو جاتا۔

Muhammad Yunus (right) Sheikh Hasina (left). Photo: INN
محمدیونس( دائیں) شیخ حسینہ( بائیں)۔ تصویر: آئی این این

بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے قومی سلامتی کے خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی سیاسی جماعت عوامی لیگ، کی تمام سرگرمیوں پر انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت پابندی عائد کر دی ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے رائیٹرز کے مطابق یہ فیصلہ جس کا اعلان ہفتے کی شب کیا گیا، اس کئی دنوں پر محیط سڑکوں پر احتجاج کے بعد سامنے آیا جن کی قیادت طلبہ پر مشتمل نیشنل سٹیزن پارٹی نے کی۔ یہی جماعت گذشتہ برس شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے سے ابھر کر سامنے آئی۔متعدد اسلام پسند اور دائیں بازو کی جماعتیں، جن میں جماعت اسلامی اور دیگر اپوزیشن گروپ شامل ہیں، ان مظاہروں میں شریک ہوئیں اور عوامی لیگ کو ’دہشت گرد‘ تنظیم قرار دینے کا مطالبہ کیا۔

یہ بھی پڑھئے: سعودی عرب میں ہفتے بھرمیں ۱۵؍ ہزار سے زائد غیر قانونی تارکین وطن گرفتار

حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ پابندی اس وقت تک نافذ العمل رہے گی جب تک انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل میں سینکڑوں مظاہرین کی اموات کے سلسلے میں عوامی لیگ اور اس کی قیادت کے خلاف جاری مقدمہ مکمل نہیں ہو جاتا۔حکومت نے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل ایکٹ میں ترمیم کا اعلان بھی کیا ہے جس کے تحت اب ٹریبونل نہ صرف افراد بلکہ سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کے خلاف بھی مقدمہ چلا سکے گا۔ اس تبدیلی کے بعد عوامی لیگ کو بطور جماعت، اقتدار کے دوران مبینہ جرائم کے ارتکاب کے معاملے میں عدالت میں پیش کیا جا سکے گا۔۱۹۴۹ میں قائم ہونے والی عوامی لیگ نے اس فیصلے کو ناجائز قرار دیتے ہوئے اپنے فیس بک پیج پر لکھا کہ ’غیر قانونی حکومت کے تمام فیصلے غیر قانونی ہیں۔‘خبر رساں ادارے "اے ایف پی" کے مطابق شیخ حسینہ نے اس وقت انڈیا میں خود ساختہ جلا وطنی اختیار کر رکھی ہے اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات میں ڈھاکہ سے جاری وارنٹ گرفتاری کو نظر انداز کر چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: جرمن شہریوں کی اکثریت کی رائے اسرائیل کے بارے میں منفی، سروے میں انکشاف

نوبیل امن انعام یافتہ محمد یونس، جنہیں شیخ حسینہ کی برطرفی کے بعد عبوری حکومت کی قیادت سونپی گئی، تب سے حکومت چلا رہے ہیں۔حکومت کے قانون و انصاف کے مشیر آصف نذرول نے صحافیوں کو بتایا کہ ’یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ عوامی لیگ اور اس کے رہنماؤں کے خلاف مقدمے کے اختتام تک انسداد دہشت گردی قانون کے تحت عوامی لیگ کی سرگرمیوں، بشمول آن لائن سرگرمیوں، پر پابندی عائد رہے گی۔‘نذرول نے کہا کہ یہ فیصلہ ملک کی ’خودمختاری اور سلامتی‘، ’مظاہرین کی سکیورٹی‘ اور ساتھ ہی ’ٹریبونل کے مدعیوں اور گواہوں کے تحفظ‘ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا۔یہ پابندی ایک دن بعد اُس وقت عائد کی گئی جب ہزاروں افراد نے یونس کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کرتے ہوئے شیخ حسینہ کی جماعت پر پابندی کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK