نداخان کو پناہ دینے کی سزا، کارپوریٹر کے اہل خانہ نے میونسپل عملے پر پھول برسا کر استقبال کیا اور ’ انصاف کے دہرے پیمانے ‘ پر داد دی
EPAPER
Updated: May 14, 2026, 6:53 AM IST | Aurangabad
نداخان کو پناہ دینے کی سزا، کارپوریٹر کے اہل خانہ نے میونسپل عملے پر پھول برسا کر استقبال کیا اور ’ انصاف کے دہرے پیمانے ‘ پر داد دی
بالآخر اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن نے مجلس اتحاد المسلین کے کارپوریٹر متین پٹیل کے بنگلے اور دکانوں کو منہدم کر دیا۔ یاد رہے کہ متین پٹیل پر الزام ہے کہ انہوں نے ناسک ٹی سی ایس معاملے کی مفرور ملزمہ ( اب گرفتار)کو اپنے بنگلے میں پناہ دی تھی۔ حالانکہ میونسپل کارپوریشن کی کارروائی اور بیانات سے معلوم ہوتا ہے کہ اس کا رروائی کا ندا خان کے معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ متین پٹیل کارپوریشن نے ان تعمیرات کے تعلق سے پہلے ہی نوٹس دیا تھا۔
اطلاع کےمطابق میونسپل کارپوریشن نے ندا خان کی گرفتاری کے بعد متین پٹیل کے نام نوٹس جاری کیا تھا کہ اورنگ آباد کے نرے گائوں میں واقع ان کی کوثر پارک نامی عمارت قریب ہی موجود ۲؍ دکانیں غیر قانونی ہیں۔ متین پٹیل نے اس نوٹس کا جواب دینے کے بجائے عدالت سے رجوع کیا۔ عدالت نے اس معاملے میں میونسپل کمشنر کے نام نوٹس جاری کیا کہ وہ اس عرضداشت پر جواب داخل کرے۔ میونسپل کارپوریشن کے وکیل سمبھاجی ٹوپے کاکہنا تھا کہ ’’ متین پٹیل نے عدالت میں جو عرضی داخل کی ہے، اس کے ساتھ انہوں نے کچھ کاغذات بھی جمع کروائے ہیں لیکن ان کاغذات سے صرف یہ ثابت ہوتا ہے کہ جس زمین پر بنگلہ اور دکانیں بنائی گئی ہیں ، وہ ان کی ملکیت ہے لیکن اس زمین پر تعمیرات کیلئے میونسپل کارپوریشن سے جو اجازت حاصل کرنی چاہئے وہ انہوں نے نہیں لی ہے۔ اس لئے کارپوریشن کی کارروائی غلط نہیں ہے۔‘‘ ٹوپے نے کہا ’’ چونکہ عدالت نے اس معاملے میں میونسپل کارپوریشن کو صرف نوٹس جاری کیا ہے، متین پٹیل کی غیر قانونی تعمیر کو منہدم کرنے پر اسٹے آرڈر نہیں کیا ہے اس لئے میونسپل کارپوریشن انہدامی کارروائی کر سکتا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کا عملہ بدھ کے روز صبح سویرے ( تقریباً ساڑھے ۶؍ بجے) ہی نرے گائوں پہنچا اور اس نے متین پٹیل کے بنگلے کوثر پارک اور ان ۲؍ دکانوں کو منہدم کر دیا جنہیں نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ یہی وہ کوثر پارک بنگلہ ہے جہاں مبینہ طور پر ناسک ٹی سی ایس معاملے کی ملزمہ ندا خان نے پنا ہ لے رکھی تھی۔
متین پٹیل کے اہل خانہ نے پھول برسائے
صبح جب میونسپل کارپوریشن کا عملہ نرے گائوں پہنچا تو متین پٹیل کے اہل خانہ نے ان کا استقبال پھولوں سے کیا۔ افسران نے انہیں ایسا کرنے سے روکا لیکن ان کا کہنا تھا کہ’’ ہم آپ کے انصاف کے اس دہرے پیمانے کی داد دیتے ہیں، اسلئے آپ کی گلپوشی کر رہے ہیں۔‘‘ اس دوران گھر کی خواتین نے چھت پر سے بھی میونسپل عملے پر پھول برسائے۔
’’ اس سے عالیشان بنگلہ بنائیں گے ‘‘
منگل کے روز متین پٹیل کےبنگلے پر میونسپل کارپوریشن کا نوٹس چسپاں کیا گیا ۔ اسی رات ایم آئی ایم کے ریاستی صدر امتیاز جلیل پارٹی کے ۳۴؍ کارپوریٹروں کے ساتھ نرے گائوں پہنچے۔ وہاں انہوں نے اعلان کیا کہ کارپوریشن اگر اس عمارت کو گرا دیتا ہے تو ہم اس سے عالیشان عمارت اس زمین پر تعمیر کرکے دکھائیں گے۔ میں زبان دیتا ہوں کہ پورا ہندوستان دیکھے گا کہ ہم اسی زمین پر اور عمدہ عمارت تعمیر کریں گے۔ انہوں نے پوچھا کہ ’’ کیا ہمارے لئے قانون الگ ہے ؟ اور دوسروں کیلئے الگ ہے؟ اورنگ آباد میں بڑی تعداد میں بی جے پی لیڈروں کی غیر قانونی تعمیرات ہے۔ ان پر کارروائی کیوں نہیں کی جاتی؟ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ یہ وقت ہے کہ ہمیں مظلوموں کے ساتھ کھڑا رہنا ہوگا ورنہ کل کوئی مظلوموں کیلئے کھڑا نہیں رہے گا۔ ‘‘