ایم آئی ایم کی مقامی یونٹ کو پولیس نے دو دن کے اندر کارروائی کا یقین دلایا ، ٹال مٹول پر سخت احتجاج کا انتباہ۔
EPAPER
Updated: March 29, 2026, 11:43 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
ایم آئی ایم کی مقامی یونٹ کو پولیس نے دو دن کے اندر کارروائی کا یقین دلایا ، ٹال مٹول پر سخت احتجاج کا انتباہ۔
رام نومی کے موقع پر ریاستی وزیر نتیش رانے کے ذریعے مسلمانوں کے خلاف کی گئی زہرافشانی پر کارروائی کرنے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔ سنیچر کو آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین(ایم آئی ایم) کی مقامی یونٹ نے مالونی پولیس میں شکایت کی اور ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس پر پولیس کی جانب سے تفتیش کرنے کے لئے دو دن کا وقت مانگا گیا ہے۔ ا یم آئی ایم کے کارکنان نے کہا کہ اگر دو دن کے اندر پولیس نے کارروائی نہ کی اور کیس درج نہ کیا تو امتیاز جلیل اور وارث پٹھان کی سربراہی میں بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔نتیش رانے کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے گئے عرفان خلیفہ، ابرار سید، عمران شیخ اور غلام حسین کا کہنا ہے کہ نتیش رانے کی جانب سے بار بار ماحول خراب کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، مسلمانوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے اور قانون کو چیلنج کیا جاتاہے مگر کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔ مسلمان بھی عید میلادالنبی کا اور دوسرا جلوس نکالتے ہیں مگر کیا کسی کے خلاف کچھ بھی بولتے ہیں۔ اس لئے پولیس سخت ایکشن لے ورنہ ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ یاد رہے کہ مالونی پولیس کا رویہ اس سے قبل بھی جانبدارانہ تھا، تین سال قبل تو پولیس خود شکایت کنندہ تھی اور صرف مسلم نوجوانوں کے خلاف کارروائی کی گئی تھی مگر اس دفعہ مسلمانوں کو کھلے طور نشانہ بنانے اور قانون کو ٹھینگا دکھانے کے باوجود پولیس تفتیش کا حوالہ دے کر نتیش رانے کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لئے بھی مہلت مانگ رہی ہے۔ اس سے پولیس کا رویہ اور طریقہ کار سمجھنا مشکل نہیں ہے۔ یہ بھی یاد رہے کہ راشٹریہ علماء کونسل کی جانب سے سید شان الحسن نے نتیش رانے کے خلاف تحریری شکایت کی ہے۔