Inquilab Logo

اجیت پوار کی اہلیہ سنیترا کو ۲۵؍ ہزار کروڑ روپے کے گھوٹالہمیں کلین چٹ مل گئی!

Updated: April 25, 2024, 8:42 AM IST | Mumbai

روہت پوار کی کمپنیوں کو بھی کلین چٹ ، ادھو گروپ نے کہا:اس کارروائی سے واضح ہو گیا کہ اجیت پوار کیوں بی جے پی کے ساتھ جانے کیلئے بے چین تھے

Ajit Pawar and his wife Sunitra Pawar
اجیت پوار اور ان کی اہلیہ سنیترا پوار

مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور ان کی اہلیہ سنیترا پوار کو بڑی راحت ملی ہے۔  ریاست کی اقتصادی جرائم  شاخ  نے مہاراشٹر اسٹیٹ کوآپریٹیو بینک گھوٹالہ کیس جو ۲۵؍ ہزار کروڑ روپے کا گھوٹالا تھا ، میں اجیت پوار کی اہلیہ سنیترا پوار کو کلین چٹ دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اجیت پوار  کے بھتیجے روہت پوار سے وابستہ کمپنیوں کو بھی کلین چٹ دے دی گئی ہے۔ اقتصادی جرائم ونگ (او او ڈبلیو) کی طرف  سےجنوری میں  دائر کی گئی رپورٹ جس کے مشمولات اب اچانک منظر عام پر آئے ہیں ، میں کہا گیا ہے کہ سنیترا پوار کے مالی  لین دین اور اجیت پوار کے لین دین میں کوئی قابل اعتراض بات نہیں ملی ۔ اس لئے سنیترا پوار کو کلین چٹ دی جارہی ہے۔
 دوسری طرف  رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جرندیشور شوگر مل کو  گرو کموڈیٹی سے کرایہ پر لینے میں کوئی غیر قانونی سرگرمی شامل نہیں ہے۔ ای او ڈبلیو نے اب اس معاملے میں روہت پوار سے جڑی کمپنیوں کو راحت دے دی  ہے۔یاد رہے کہ۲۰۲۰ء میں ہی اکنامک آفنس ونگ نے اس کیس کو بند کرنے کے لئے اجیت پوار اور ان کے بھتیجے روہت پوار کے خلاف کلوزر رپورٹ دائر کی تھی لیکن بعد میں جب یہ کیس عدالت میں پہنچا تو تحقیقات کے  لئے اسے دوبارہ کھولنا پڑا۔ اس کے بعد اقتصادی جرائم ونگ نے دوسری رپورٹ درج کی، جس میں کہا گیا کہ اجیت پوار کے خلاف ابھی تک کوئی ایسا ثبوت نہیں ملا ہے جس سے کسی نتیجے پر پہنچا جا سکے، اس لئے اس کیس کو بند کیا جانا چا ہئے۔دراصل، یہ پورا معاملہ ریاست میں شوگر کوآپریٹو سوسائٹیوں، اسپننگ ملوں اور دیگر اداروں کا ہے جو ضلع اور کوآپریٹو بینکوں سے پیسے لے رہے ہیں۔   
  دوسری طرف ادھو گروپ کے ترجمان آنند دوبے نے اس معاملے پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ آنند دوبے نے کہاکہ یہی تو ہم کہہ رہے ہیں کہ بی جے پی پہلے الزام لگاتی ہے پھر آپ کو پارٹی میں شامل کر کے کلین چٹ دیتی ہے اوراگر آپ نہ کردیں تو جیل بھیج دیتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK