Inquilab Logo

اسدالدین اویسی کے سامنے ان کے بھائی اکبرالدین اویسی نے بھی پرچہ نامزدگی داخل کیا

Updated: April 23, 2024, 2:27 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

ملک کے موجودہ حالات سے ایم آئی ایم بھی اندیشے میں، پرچہ نامزدگی رد کردیئے جانے کا خدشہ، متبادل کے طور پر چھوٹے بھائی سے بھی فارم بھروایا گیا۔

Akbaruddin Owaisi. Photo: INN
اکبرالدین اویسی۔ تصویر: آئی این این

ان دنوں ملک میں جس طرح کے حالات ہیں اور جس طرح سے اقتدار کا غلط استعمال ہورہا ہے، اس سے صرف عوام ہی نہیں، سیاسی جماعتیں بھی خوف زدہ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں پھونک پھونک کر قدم رکھ رہی ہیں۔ اسی کے پیش نظر حیدرآباد لوک سبھا حلقے میں ایم آئی ایم کے امیدوار کے طور پر موجودہ رکن پارلیمان اسدالدین اویسی کے پرچۂ نامزدگی کرنے کے بعد ان کے  بھائی اکبر الدین اویسی نے بھی فارم بھردیا ہے۔ انہوں نے ایسا اس خوف کے پیش نظر کیا ہے کہ کہیں اسدالدین اویسی کا پرچہ نامزدگی رد نہ کر دیا جائے۔ خیال رہے کہ یہ وہ حلقہ ہے جس پر بی جے پی کی سب سے زیادہ نظر ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سعودی عرب: چھ سال میں حکومت نے سنیماگھروں سے ایک بلین ڈالر کمائے

اکبرالدین اویسی فی الحال ایم آئی ایم کے ایم ایل اے ہیں۔ گجرات میں سورت لوک سبھا حلقے میں جس طرح سے کانگریس امیدوار کا فارم رد کیا گیا ہے، اس کی وجہ سے تمام پارٹیاں ہوشیار ہوگئی ہیں۔ اسی کے پیش نظر ایم آئی ایم نے اکبر الدین اویسی کو بیک اپ یا متبادل امیدوار کے طور پر نامزد کیا ہے۔ پارٹی کا خیال ہے کہ اگر کسی وجہ سے اسد الدین اویسی کی نامزدگی مسترد کردی جاتی ہے تو اکبر الدین اویسی کی نامزدگی ایم آئی ایم کے  متبادل کے طور پر رہے گی اور پارٹی کا ایک امیدوار انتخابات میں باقی رہے گا۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب  ایم آئی ایم نے اس طرح کی منصوبہ بندی کی ہو۔اس سے قبل ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں بھی  اس نے اسی طرح کی حکمت عملی اختیار کی تھی۔ اکبر الدین اویسی نے چندرائن گٹا سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا،بعد میں ان کے بیٹے نورالدین اویسی نے بھی اسی حلقے سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا۔ بعد ازاں بیٹے کا فارم واپس لے لیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK