بھتیجے کی جرأت پرشیوپال یادو نےتعریف کی، کہا: ’’سماجوادی پیچھے نہیں ہٹتے، بیریکیڈتوڑتے اور للکارتے ہیں‘‘
EPAPER
Updated: August 12, 2025, 8:14 AM IST | New Delhi
بھتیجے کی جرأت پرشیوپال یادو نےتعریف کی، کہا: ’’سماجوادی پیچھے نہیں ہٹتے، بیریکیڈتوڑتے اور للکارتے ہیں‘‘
الیکشن کمیشن کی طرف اراکین پارلیمان کے مارچ کو جب پولیس نے روکنے کی کوشش کی تو سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو ان چند لیڈروں میں سے تھے جنہوں نے پولیس کے بیریکیڈ پر چڑھ کر آگے بڑھنے کی کوشش کی۔ان کے علاوہ ٹی ایم سی کی سشمتا دیو، مہوا موئترا اور دیگر بھی ایسا کرنے کی کوشش کرتے نظر آئے۔ ۵۲؍ سالہ اکھلیش یادو نے بیریکیڈپر چڑھتے ہوئے میڈیا کے نمائندہ کے ذریعہ ٹوکنے پر کہا کہ ’’یہ ہمیں روکنے کیلئے پولیس کو استعمال کررہے ہیں۔‘‘
بیریکیڈ عبور کرنے کی کوشش کرتے ہوئے اکھلیش یادو کا ویڈیو نے شوشل میڈیا پر مزاحمت کی علامت کے طور پر شیئر ہورہاہے۔ان کے چچا شیوپال یادو نے اپنے بھتیجے کی اس جرأت پر ان کی تعریف کرتے ہوئے ایکس پر مذکورہ ویڈیو شیئر کیا ہے اور لکھا ہے کہ ’’جدوجہد کی پہچان رکنا نہیں، ٹکرانا ہے، جب حقوق کی آواز کو روکنے کیلئے رکاوٹیں کھڑی ہوں، تو سماجوادی پیچھے نہیں ہٹتے، وہ بیریکیڈ توڑتے ہیں، چھلانگ لگاتے ہیں، اور للکارتے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’آج اکھلیش یادو کی چھلانگ صرف لوہے پر نہیں تھی یہ چھلانگ تھی جمہوریت بچانے کی قسم پر۔‘‘