Inquilab Logo Happiest Places to Work

عازمین کیلئے مزیدکوٹہ ملنے کی تمام امیدیں ختم

Updated: May 16, 2025, 10:54 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

حج ۲۰۲۵ء کے مسائل کے تعلق سے ۱۱؍پرائیویٹ ٹور آرگنائزرس کی مشترکہ پریس کانفرنس، کہا: عازمین کی جمع شدہ رقم محفوظ ہے۔ انہیں ۲۰۲۶ءمیں ترجیحی بنیاد پر حج پر بھیجا جائے گا ۔ جو رقم لینا چاہیں گے حج کے بعد انہیں رقم لوٹادی جائے گی

The people responsible for organizing private tours at Marathi Patrakar Singh answering questions from journalists.
مراٹھی پترکار سنگھ میں پرائیویٹ ٹور آرگنائزیشن کے ذمہ داران صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتےہوئے

 حج ۲۰۲۵ء میں مختلف مسائل اور عازمین کو یقین دہانی کرانے کیلئے ملک کے الگ الگ حصوں سے ۱۱؍پرائیویٹ ٹور آرگنائزیشن  نے جمعہ کو مراٹھی پترکار سنگھ میں  مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس میں اپنے مسائل، کس طرح کے حالات کا سامنا رہا اور ۴۲؍ہزار ۵۰۷؍ سیٹیں یعنی ۸۰؍فیصد کوٹہ کس طرح سے کاٹ دیا گیا، محض ۱۰؍ ہزار ملا، صحافیوں کو بتایا اور اسے  صریح زیادتی قرار دیا۔
ہم سب کی ذمہ داری ہے
  اس دوران بطور خاص اس پر زور دیا گیا کہ جن عازمین نے ۲۰۲۵ءکے حج کیلئے بکنگ کرائی تھی ان کی رقم محفوظ ہے ۔ حکو‌مت نے بھی ۲۰۲۶ءمیں ان کو حج بیت اللہ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر بھیجنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ اس لئے عازمین مطمئن رہیں۔ اگر کچھ عازمین اپنی رقم واپس لینا چاہیں گے تو جن‌ عازمین نے رجسٹرڈ ٹور آپریٹرز سے بکنگ کرائی ہے انہیں حج کے بعد پوری رقم لوٹائی جائے گی۔ ہم سب یہ ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ ٹور آپریٹرز کے تقریباً  ۱۵۰۰؍کروڑ روپے انٹرنیشنل بینک اکاؤنٹ میں جمع ہیں۔اسی طرح یہ بھی بتایا گیا جو مسائل پیدا ہوئے وہ محض ہندوستان تک محدود نہیں ۔ یہ حالات پڑوسی ملک، ترکی، بنگلہ دیش، نائیجیریا اور انڈونیشیا جیسے ۱۴؍ ممالک میں بھی پیش آئے اور مجموعی طور پر تقریباً  ۶؍ لاکھ عازمین کا کوٹہ کم ہوگیا جس سے سبھی پریشان ہیں۔
بریس کانفرنس کا مقصد عازمین کو مطمئن کرنا ہے
 ٹور آرگنائزرس نے یہ اعتراف کیا کہ جمعہ کو پریس کانفرنس اس لئے کی گئی کہ جمعرات تک کچھ اور کوٹہ ملنے کی امید تھی مگر اب وہ ختم ہوگئی۔ اس لئے عازمین کو حالات سے آگاہ کرانا اور ان کے تعلق سے ہماری کیا جواب دہی ہے، اسے بتانا اور عازمین کو ہر طرح سے اطمینان دلانا ضروری سمجھا گیا۔
کیا ۲۰۲۶ءمیں عازمین سے  مزید رقم لی جائے گی
  صحافیوں کے یہ پوچھنے پر کہ اگر ۲۰۲۶ء  میں حج خرچ بڑھ گیا تو کیا اضافی رقم عازمین کو ادا کرنی ہوگی یا جمع شدہ رقم کافی ہوگی تو آرگنائزیشن کے ذمہ داران نے واضح طور پر کہا کہ خرچ نہیں بڑھے گا کیونکہ اسی حساب سے رقم لی گئی تھی ، اس کا بوجھ حاجیوں پر نہیں پڑے گا۔
حکومت سے مطالبہ
  ٹور آرگنائزرس نے حکو‌مت سے مطالبہ کیا کہ ۲۲؍ اپریل کے خط میں تو وزارت اقلیتی امور نے ۲۰۲۶ء کے تعلق سے یقین دہانی کرائی ہے مگر ایک دفعہ اور سرکیولر جاری کردیا جائے تاکہ عازمین پوری طرح مطمئن ہوجائیں۔ انہیں رقم واپس ملنے یا حج پر جانے کے تعلق سے کوئی پس وپیش نہ رہے۔
 پریس کانفرنس سے چیئرمین شوکت تمبولی، عمران علوی،عظیم احمد(حیدرآباد) ، ڈاکٹر عبدالقادر اور محمد رفیق بھیکن نے خطاب کیا ۔ آرگنائزرس کے نمائندوں میں آصف سورت والا، محمد اظہرالدین،   یعقوب منشی، فیروز احمد، سراج احمد ، محمد صابر، ریاست علی اور عاشق علی وغیرہ موجود تھے‌۔ قارئین کو یاد ہوگا کہ روزنامہ انقلاب ٹور آپریٹرز اور اس کے سبب عازمین کو ہونے والی پریشانی کو متعدد مرتبہ مختلف اشاعتوں میں نمایاں کر چکا ہے۔

hajj Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK