Inquilab Logo

مہاراشٹر کابینہ میں شامل سارے وزراء بدعنوان ہیں: سنجے رائوت کا الزام

Updated: December 03, 2023, 9:52 AM IST | malegaon

دادا بھسے کے درائر کردہ مقدمے کا سامنا کرنے کیلئے شیوسینا( ادھو) کے ترجمان مالیگائوں کی عدالت میں حاضر ہوئے، بھسے پر سخت تنقید

Shiv Sena spokesperson Sanjay Raut (file photo)
شیوسینا ( ادھو) کے ترجمان سنجے رائوت ( فائل فوٹو)

گرناد ابھاڑی شکر کارخانے کے نام پر کاشتکاروں سے جمع کئے گئے   ۱۷۸؍ کروڑروپے کی تفصیل طلب کرنے  پر چراغ پاکابینی وزیر دادابھسے نے شیوسینا (اُدھو)  کے ترجمان سنجے رائوت کے خلاف مقامی عدالت میں ہتک عزت کا مقدمہ داخل کیاتھا۔ سنیچر کو  سنجے رائوت  ایڈیشنل جوڈیشیل مجسٹریٹ تیجونت سنگھ سندھو کے روبرو پیش ہوئے۔ عدالتی کارروائی کے بعد سماعت کی اگلی تاریخ ۲۳؍ فروری ۲۰۲۴ء  مقرر کی گئی۔ یاد رہے کہ اس کارروائی سے قبل رائوت کو ۲؍مرتبہ عدالت سے نوٹس جاری کیا تھا لیکن وہ حاضر نہیں ہوسکےتھے۔دادا بھسے کی پیروی  ایڈوکیٹ سدھیر اکر جبکہ رائوت کی پیروی ایڈوکیٹ ایم وائے کالے نے کی ۔
 کابینہ کے سارے وزراء بدعنوان ہیں :رائوت 
 عدالت سے  باہر نکلنے کے بعد سنجے رائوت نے کہا کہ’’ آئین نے چور کو چور کہنے کا اختیار دیا ہے۔ اگر مَیں نے چور کو چور نہیں کہاتو آئین کی خلاف ورزی ہوگی اور مَیں آئین کی خلاف ورزی نہیں کرتا۔‘‘ انہوں نے کہا‘‘ مہاراشٹر حکومت  میں شامل سارے وزراء ’بدعنوان ‘ہیں۔ بس !تھوڑا سا انتظار کیجئے بہت بڑازلزلہ آنے والا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں سے جمع کردہ ۱۷۸؍ کروڑ روپے گرنا دابھاڑی شکر کارخانے میں سرمایہ کاری کیلئے تھے ۔ اس بابت سوال کرنے کو ’بے عزتی ‘ کہا جارہاہے ۔ادوئے ہیرے کو سیاسی دبائو میں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا اور ۱۷۸؍ کروڑ روپے کا حساب نہ دینے والے آزاد گھوم رہے ہیں۔
 مالیگائوں آنے سے قبل سنجے رائوت نے ناسک میں شیوسینا( اُدھو) کے عہدیداران و کارکنان ا کی مشاورتی نشست طلب کی تھی ۔لوک سبھا الیکشن اور آئندہ ماہ ناسک میں شیوسینا ( ادھو  ) کی جانب سے ہونے والے’جلسۂ عام‘کی تیاری کے سلسلے میں علاقائی اور مقامی لیڈران وکارکنان سے گفت وشنید کی گئی ۔ اطلاع کے مطابق رائوت نے  مہاراشٹر کے سابق وزیر برائے نقل وحمل ہیرے پرشانت وینکٹ رائو سے بھی ملاقات کی ۔ پرشانت کے بیٹے ادوئے ہیرے فی الحال شیوسینا (ادھو )میں ہیںاور مختلف مقدمات درج ہونے کے سبب عدالتی تحویل میں  ہیں۔ جبکہ ان کے بڑے بھائی اپوروا ہیرے پر بھی دھوکہ دہی کا ایک معاملہ درج کیا گیا ہے۔ 
رائوت این سی  پی کے  دلال ہیں:دادابھسے 
  ادھر دادا بھسے نے سنجے رائوت کا جواب دیتے ہوئے  کہا ہے کہ جو الزامات عائد کئے جا رہے ہیںاُس سے متعلق ایوان میں بھی جواب دیاجاچکا ہے۔ انہوں نے کہا’’سنجے رائوت شیوسینا کی روٹی کھاکر راشٹروادی کانگریس پارٹی کی دلالی کرتے ہیں۔مونگیری لال کے سپنے حسین ہوتے ہیں لیکن   سنجے رائوت کو مالیگائوں سے معافی مانگنی پڑے گی ۔وہ کوئی سنت یا سادھو نہیں ہیں ۔‘‘ دادا بھسے کے مطابق’’ وہ اپنے آپ کو شیوسینا پرمکھ سمجھنے لگے ہیں۔ رائوت کی یہ بھی خواہش ہے کہ وہ  وزیر اعلیٰ کی لاٹری حاصل کرلیں گے ۔مالیگائوں میں سنجے رائوت کی نوٹنکی نہیں چلے گی۔‘‘  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK