• Sat, 06 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

رنویر سنگھ کی ’’دھرندھر‘‘ کی مانگ میں اضافہ، ممبئی میں ۲۴؍ گھنٹے شوز جاری

Updated: December 06, 2025, 7:00 PM IST | Mumbai

رنویر سنگھ اور آر مادھون کی ایکشن سے بھرپور فلم ’’دھرندھر‘‘ نے اوپننگ ڈے پر تقریباً ۲۷؍ کروڑ روپے کے ساتھ شاندار شروعات کی۔ زبردست عوامی ردعمل کے بعد ممبئی کے مختلف سنیما گھروں نے آدھی رات کے بعد سے لے کر صبح تک خصوصی اسکریننگز شامل کر دی ہیں، جس سے فلم اب ۲۴؍ گھنٹے چل رہی ہے۔

Picture: INN
تصویر:آئی این این

ایکشن تھریلر ’’دھرندھر‘‘ نے ریلیز کے پہلے ہی دن باکس آفس پر دھوم مچا دی ہے۔ فلم نے روزِ اول تقریباً ۲۷؍ کروڑ روپے کما کر مضبوط اوپننگ درج کروائی۔ رنویر سنگھ کی طاقتور پرفارمنس اور فلم کے بھرپور ایکشن نے ناظرین کو خوب متاثر کیا ہے، جس کے باعث سنیما ہالز میں غیر معمولی بھیڑ ہے۔ عوامی دلچسپی میں مسلسل اضافے کے سبب سنیما مالکان نے مزید شوز شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ممبئی میں تو کئی تھیٹروں نے آدھی رات سے صبح تک کے خصوصی شوز بھی شروع کئے جس سے فلم دن رات ۲۴؍ گھنٹے چل رہی ہے۔ پی وی آر سنگم میں رات ایک بجکر ۵۰؍ منٹ کا بھی شو ہے جبکہ ایروس میں صبح ۶؍ بجے کی اسکریننگ شامل ہے۔ پی وی آر سٹی مال اور مووی میکس (سائن) میں بھی صبح سویرے کے شوز رکھے گئے ہیں۔ بھائندر کے ایک تھیٹر نے آدھی رات بعد اور صبح تک کے آٹھ اضافی شوز کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:رنویر سنگھ کی ’’دھرندھر‘‘ کا دھماکے دار آغاز، پہلے دن ۲۷؍ کروڑ کی کمائی

خیال رہے کہ ’’دھرندھر‘‘ پہلے دن سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ۲۰۲۵ء کی دوسری فلم بن گئی ہے۔ پہلے نمبر پر وکی کوشل کی ’’چھاوا‘‘ ہے۔ اس فلم کی کہانی انٹیلی جنس بیورو چیف اجے سانیال (آر مادھون) پر مبنی ہے، جو پاکستان میں دہشت گردی کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے خصوصی مشن کی قیادت کرتے ہیں۔ رنویر سنگھ ایک ۲۰؍ سالہ پنجابی نوجوان کا کردار ادا کر رہے ہیں جسے جیل سے بھرتی کیا جاتا ہے اور کراچی کے انڈرورلڈ میں گھسنے کی تربیت دی جاتی ہے۔ یہ فلم جولائی ۲۰۲۴ء سے اکتوبر ۲۰۲۵ء تک کے درمیان تھائی لینڈ، ممبئی، پنجاب اور لداخ میں فلمائی گئی۔ اس کا ۲۱۴؍ منٹ کا رن ٹائم اسے ملک کی طویل ترین تھیٹر ریلیزز میں شامل کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:مہیش بابو اور پرینکا چوپڑا کی فلم ’’وارانسی‘‘ کی ریلیز سے قبل ہزار کروڑ کمانے کی امید

’’دھرندھر‘‘ پر تنازع
اشوک چکر اور سینا میڈل یافتہ آنجہانی میجر موہت شرما کے والدین نے دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے کہ فلم ان کے بیٹے کی زندگی، خفیہ مشنز اور شہادت سے مماثلت رکھتی ہے، مگر یہ سب بغیر اجازت کیا گیا ہے۔ وہ اپنے بیٹے کی میراث کے تحفظ کے خواہاں ہیں۔ تاہم، فلم کے ڈائریکٹر آدتیہ دھر نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’’دھرندھر‘‘ میجر موہت شرما کی زندگی پر مبنی نہیں ہے۔ اگر کبھی ان کی بائیوپک بنائی تو پوری رضامندی، احترام اور مشاورت کے بعد بنائیں گے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK